اطلاعات و اعلانات
سانحہ ارتحال
مکرمہ مبارکہ بیگم صاحبہ اہلیہ چودھری سہیل احمدصاحب آف رلیو کے
٭…عقیل احمد صاحب مبلغ سلسلہBo ریجن سیرالیون تحریر کرتے ہیں کہ خاکسار کی بھاوج مکرمہ مبارکہ بیگم صاحبہ اہلیہ چودھری سہیل احمدصاحب آف رلیوکے3؍جنوری 2022ء کو بریسٹ کینسر کی وجہ سے لاہور میں وفات پا گئیں۔ انا للہ وانا الیہ راجعون
مرحومہ سیکرٹری تربیت حلقہ پنجاب سوسائٹی غازی روڈ لاہور خدمت کی توفیق پا رہی تھیں۔
مرحومہ 6؍اگست1961ء میں مکرم چودھری نثار احمد صاحب میلو اور مکرمہ مقصودہ بیگم صاحبہ کے ہاں پیدا ہوئیں۔ آپ کے خاندان میں احمدیت کا نفوذ آپ کے دادا مکرم چودھری محمد بوٹا صاحب میلوکے ذریعہ ہوا۔آپ چودھری امتیاز احمد صاحب شہید(سانحہ لاہور) کی بڑی بہن تھیں۔ آپ نہایت صابرہ و شاکرہ، باکردار اور خلافت کی وفادار تھیں۔نماز تہجد، پنجوقتہ نماز، روزہ اور تلاوت قرآن کریم میں باقاعدہ تھیں۔ آپ ایک مثالی بیٹی، بہن، بیوی ،بہو اور ماں تھیں۔آپ نے خاوند کے ساتھ مل کر سارے بچوں کو قرآن کریم کا اردو اور انگلش میں لفظی اور بامحاورہ ترجمہ یاد کروایا۔اسی طرح قرآن مجید کا ایک بڑا حصہ ان سب کو حفظ بھی کروایا ۔
آپ رحمی رشتوں کو نبھانا جانتی تھیں۔ خاکسار کے والد صاحب خاکسار کےبچپن میں وفات پا چکے تھے اور والدہ صاحبہ ایک لمبا عرصہ بیمار رہی تھیں انہوں نے ہمارے بڑے بھائی کے ساتھ مل کر بڑی بہنوں کی طرح ہمارا خیال رکھا اور نہایت پیار اور محبت کا سلوک کیا۔ جماعتی مہمانوں کی بڑے اخلاص سے خدمت کرتی تھیں۔
ہر احمدی اور غیراحمدی جو کہ تعز یت کے لیے آیا آپ کے اخلاق اور کردار کی تعریف کر رہا تھا۔
آپ باقاعدگی سے حضور انور کا خطبہ سنتی اور بچوں کو بھی اس کی تلقین کرتی تھیں۔ آپ ہر کسی کے ساتھ اچھا برتاؤ کرتیں۔آپ نے اپنی ساس کی لمبی بیماری میں بیٹیوں کی طرح ان کی خدمت کی جو کہ بہوؤں کے لیے ایک قابل رشک نمونہ ہے ۔آپ نے اپنی بیماری کا آخری وقت تک بڑے حوصلے اور بہادری سے مقابلہ کیا۔ اور ہمیشہ صبر اور شکر سے کام لیا۔مرحومہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے موصیہ تھیں۔اور ان کی تدفین بہشتی مقبرہ ربوہ میں ہوئی ہے۔
آپ نے پسماندگان میں بوڑھے والدین، خاوند، 2بہنیں، 3بھائی، بیٹا ڈاکٹر احمد اقبال اور چار بیٹیاں ستارہ احمد،طوبیٰ اقبال ، امۃالجمیل اور مریم صدیقہ چھوڑی ہیں۔
احباب سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کے درجات بلند فرمائے اور سب لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین
درخواستِ دعا
٭…رانا سلطان احمد خاں صاحب تحریر کرتے ہیں کہ میرے تایازاد بھائی مکرم ماسٹر نذیر احمد بدر صاحب گذشتہ تقریباً 3 ہفتے سے بوجہ گردوں اور پھیپڑوںمیں انفیکشن کے بیمار ہیں اور فضل عمر ہسپتال ربوہ میں زیر علاج ہیں ۔
احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ مولیٰ کریم معجزانہ طور پر شفائے کاملہ و عاجلہ سے نوازے ۔ آمین
اعلان ولادت
٭…عمر احمد صاحب ساکن فلورس ہائم جماعت جرمنی تحریر کرتے ہیں کہ خاکسار کو اللہ تعالیٰ نے مورخہ 11؍ اکتوبر 2021ءکو اورمیری اہلیہ سارہ خان کوجڑواں بیٹیوں سے نوازا ہے۔حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے دونوں بچیوں کو وقف نو کی بابرکت تحریک میں شامل کرنے کی درخواست قبول فرمائی ہے۔ بیٹیوں کے نام علیانہ احمد اور عنائیہ احمد ہیں۔نومولود بچیاں مکرم لئیق احمد صاحب آف لاہور حلقہ مزنگ کی پوتیاں ہیں۔ جبکہ مکرم امجد علی خان صاحب آف جرمنی جماعت فلورس ہائم کی نواسیاں ہیں۔
احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ دونوں بچیوں کو نیک، صالح اور خادم دین بنائے اور صحت و تندرستی والی دراز عمر عطا فرمائے ۔آمین
٭…٭…٭