کینیڈا میں قرآن حکیم اور سائنس کے موضوع پر آٹھویں کانفرنس کا انعقاد
جماعت احمدیہ کینیڈا کے نیشنل سیکرٹری تعلیم مکرم مرزا حمید احمد صاحب نے بتایا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے نیشنل شعبہ تعلیم کے زیرانتظام مورخہ 21؍نومبر2021ء کو ’’آٹھویں قرآن الحکیم و سائنس کانفرنس‘‘ کا انعقاد کیا گیا ۔
Covid-19کی وجہ سے مذکورہ کانفرنس کاآن لائن انعقاد ہوا۔ امسال یہ کانفرنس قرآن حکیم میں بیان شدہ سائنسی علامات و نشانات کی روشنی میں منعقد ہوئی۔ بائیس ممتاز اسکالرز اور سائنسدانوں نے میڈیسن اور موسمی تغیرات سے متعلق اپنے اپنے خیالات اور حالیہ جدید ترین ریسرچ کی روشنی میں مقالے پیش کئے۔
کانفرنس کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور اس کے ترجمہ کے ساتھ کیا گیا۔ بعد ازاں کانفرنس کے رابطہ کار کی حیثیت سے مکرم جمیل احمد صاحب نے استقبالیہ کلمات کہے۔ جبکہ نیشنل سیکرٹری تعلیم جماعت احمدیہ کینیڈا، مکرم ڈاکٹر مرزا حمید احمد صاحب نے کانفرنس کے صدر کی حیثیت سے اس نوعیت کی کانفرس کے آغاز و مقاصد پر روشنی ڈالی۔
کانفرنس میں دنیا کے مختلف حصوں سے اسکالرز اور سائنسدانوں نے حصہ لیا۔ یہ اسکالرز آئرلینڈ، انگلینڈ، ناروے، امریکہ اور کینیڈا سے شامل ہوئے۔ ہر سیشن میں پندرہ منٹ سپیکر کو دیے گئے۔ جبکہ سوالات کے جوابات دینے کے لیے بھی ایک ایک پینل مقرر کیا گیا تھا۔
کل 22 سپیکرز نے اس علمی و سائنسی کانفرنس میں حصہ لیا۔ ہر سپیکر نے قرآن حکیم میں بیان شدہ حقائق کی روشنی میں جدید ریسرچ پر مبنی اپنے اپنے گراں قدر و بیش قیمت علمی مقالہ جات پیش کئے۔
آخر میں نیشنل سیکرٹری صاحب تعلیم نے جملہ مقالہ جات پیش کرنے والے تمام سپیکر صاحبان کا دلی شکریہ ادا کیا۔ جبکہ محترم ملک لال خان صاحب، امیر جماعت احمدیہ کینیڈا نے اختتامی خطاب کے علاوہ آخر میں دعا کروائی ۔
اس خصوصی سائنس کانفرنس کی آفیشل ویب سائٹ (www.quranandscience.org) پر تین ہزار سے زائد ناظرین نے بھی شمولیت اختیارکی ۔
٭…٭…٭