ایلڈوریٹ ریجن کینیا (رفٹ ویلی بی) میں مجلس خدام الاحمدیہ کا ریجنل اجتماع
مجلس خدام الاحمدیہ ایلڈوریٹ ریجن کینیا کو اپنا ریجنل اجتماع 19 و 20 فروری 2022ء بروز ہفتہ و اتوار احمدیہ مسجد ایلڈوریٹ ٹاؤن میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمد للہ علی ذلک
کورونا وبا کی پابندیاں نرم پڑنے کے بعد ریجن ہذا میں ریجنل سطح پر خدام الاحمدیہ کی یہ دوسری بڑی سرگرمی ہے اس سے پہلےیہاں خدام الاحمدیہ کی ریجنل سپورٹس ریلی منعقد ہوچکی ہے۔
اجتماع ہذا کے لیے خدام اور اطفال کی آمد کا سلسلہ 19؍فروری نماز ظہر سے شروع ہوگیا تھا استقبال اور رجسٹریشن کے بعد ساڑےچار بجے بعد نماز عصر ریجنل قائد مکرم موسی ونجالا صاحب کی زیر صدارت اجتماع کے افتتاحی اجلاس کا آغاز ہوا جس میں تلاوت کلام پاک اور عہد و نظم کے بعد محترم ریجنل قائد صاحب نے افتتاحی تقریر کی جس میں اطفال خدام اور مرکزی مہمانان کو خوش آمدید کہنے کے علاوہ اجتماع کی غرض و غایت بیان کی اور شرکاء کو پابندی سے اجتماع کے تمام پروگراموں میں حصہ لینے کی تلقین کی۔ جس کے بعد ایلڈوریٹ جماعت کے ایک خادم مکرم محمد مصطفی صاحب نے سواحیلی زبان میں اجتماع کی اہمیت پر تقریر کی ۔ یوں افتتاحی اجلاس ختم ہوا۔
اجتماع کا دوسرا اجلاس پونے چھ بجے شام شروع ہوا جس میں علمی و ورزشی مقابلہ جات ہوئے۔ نماز مغرب و عشاء کی ادائیگی کے بعد مجلس سوال و جواب منعقد ہوئی جس میں معلمین کرام نے اطفال اور خدام کے سوالات کے جوابات دیے بعدہ کھانا پیش کیا گیا اور پھر نائب صدر صاحب خدام الاحمدیہ کینیا کی زیر صدارت قائدین، ریجنل عاملہ اور معلمین کی ایک میٹنگ ہوئی اور یہ اجلاس اپنے اختتام کو پہنچا۔
دوسرے دن کے پروگرام کا آغاز نماز تہجد سے ہوا۔ تہجد اور نماز فجر کی ادائیگی کے بعد درس قرآن و حدیث ہوا جس کے بعد تیاری و ناشتہ کے لیے وقفہ ہوا۔ وقفے کے بعد دوبارہ ورزشی مقابلے شروع ہوئے ان کے بعد اجتماع کے آخری اجلاس کا آغاز مکرم نائب صدر خدام الاحمدیہ کینیا کی زیر صدارت ہوا۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد خدام الاحمدیہ کا عہد دہرایا گیا، جس کے بعد احمدیت کی صداقت پر ایک نظم سواحیلی زبان میں پیش کی گئی پھر مکرم ابوبکر کپلاٹنگ صاحب نے نماز کی اہمیت پر سواحیلی زبان میں تقریر کی۔ بعدہ مکرم نائب صدر صاحب خدام الاحمدیہ کینیا نے تقریر کی جس میں خدام الاحمدیہ کے سال بھر کے پروگراموں کی وضاحت اور مجالس کی کارکردگی کے مقابلوں کے طریق کار کی وضاحت کرتے ہوئے خدام اور اطفال کو مجلس کے ہر پروگرام میں بھرپور تعاون کی تلقین کی۔ جس کے بعد خاکسار (محمد افضل ظفر ریجنل مبلغ ایلڈوریٹ ریجن) نے مختصر تقریر کی اور 20؍فروری کے حوالے سے مجلس خدام الاحمدیہ کے بانی اور پیشگوئی مصلح موعود کے مصداق سیدنا حضرت مرزا بشیرالدین محمود احمد صاحب کی سیرت اور خدام الاحمدیہ کے قیام سے وابستہ جماعتی اغراض و مقاصدبیان کیے اور خدام و اطفال کو ان اعلیٰ مقاصد کے حصول کے لیے ہر طرح سے کوشش اور دعا کرنے کی ترغیب دلائی۔ جس کے بعد خاکسار نے ہی اطفال و خدام میں علمی وجسمانی مقابلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے اطفال اور خدام میں انعامات تقسیم کیے اور اجتماع میں شرکت پر ان کا اور مرکزی مہمانوں کاشکریہ ادا کیا۔اس اجتماع میں شرکت کے لیے نیشنل نائب صدر خدام الاحمدیہ اپنے دو ساتھیوں سمیت نیروبی سے تشریف لائے تھے،اجتماع کی کل حاضری 31 تھی۔دعا کے بعد نماز ظہر و عصر ادا کی گئیں اور پھر کھانا پیش کیا گیا جس کے بعد خدام و اطفال اپنے اپنے گھروں کو روانہ ہوئے۔
(رپورٹ:محمد افضل ظفر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل کینیا)