افتتاح مسجد بیت الاحدو ریجنل جلسہ سالانہ بندوکو ،آئیوری کوسٹ
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ریجن بندوکو آئیوری کوسٹ مغربی افریقہ کا پہلا جلسہ سالانہ مورخہ 18و19 دسمبر 2021ء بروز ہفتہ و اتوار بندوکو شہر میں واقع مشن میں کامیابی کے ساتھ ہوا۔ جلسہ کے مہمان خصوصی مکرم عبدالقیوم پاشا صاحب امیر و مشنری انچارج آئیوری کوسٹ تھے۔ اسی طرح مرکز ی وفد نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی جس میں نیشنل عاملہ کے ممبران بشمول ذیلی تنظیموں کے صدران شامل تھے یہ وفد کل 18 افراد پر مشتمل تھا۔
جلسہ سالانہ کی افتتاحی تقریب محترم امیر صاحب کی زیر نگرانی منعقد کی گئی جس سے قبل لوائے احمدیت و قومی پرچم لہرانے کی پروقار تقریب ہوئی جس کے بعد اجتماعی دعا کی گئی۔ افتتاحی پروگرام میں تلاوت و نظم کے بعد امیر صاحب نے جلسہ کی اہمیت وبرکات کے موضوع پر تقریر کی۔ بعد ازاں دعا کے ساتھ اس تقریب کا اختتام ہوا۔
باجماعت نماز مغرب و عشاء کے بعد سوال و جواب کا پروگرام رکھا گیا جس میں جماعت احمدیہ کا تعارف کے عنوان سے ڈاکومنٹری پروجیکٹر پر دکھائی گئی۔ اس کے بعد شاملین جلسہ کے سوالات کے جوابات دیے گئے اور یہ مجلس احباب کی دلچسپی کے باعث تقریباً اڑھائی گھنٹے تک جاری رہی۔
جلسہ کے انتظامات کے لیے بندوکو شہر کی عاملہ نے خصوصی تعاون کیا اور ممبران دن رات خدمت سرانجام دیتے رہے۔ شعبہ سیکیورٹی کے کارکنان بھی مستعدی کے ساتھ ڈیوٹی پر موجود رہے۔ شعبہ ضیافت کے تحت صدر لجنہ ریجن کی نگرانی میں فعال کارکنان حضرت مسیح موعودؑ کے مہمانوں کے لیے کھانا بنانے میں مستعد رہے۔ شعبہ صفائی اور آب رسانی کےکارکنان نے بھی بخوبی خدمت سرانجام دی۔
جلسہ کے دوسرے دن کاآغاز صبح چار بجے باجماعت نمازتہجد سے ہوا اور نماز فجر و درس کے بعد سات بجے شاملین جلسہ کو ناشتہ پیش کیا گیا۔ نیشنل بلڈ بینک کی طرف سے عطیہ خون کیمپ کے لیے ٹیم صبح سات بجے سے ہی موجود رہی اور کل 19 افراد نے خون کا عطیہ دیا۔ گورنمنٹ ہسپتال کی طرف سے موجودہ کورونا وائرس کی بیماری سے بچنے کے لئے ایک ٹیم موقع پر موجود رہی جس سے احباب نے بھرپور فائدہ اٹھایا۔
ساڑھے دس بجے تقریب افتتاح مسجد بیت الاحد و اختتامی اجلاس جلسہ کاآغاز مکرم امیر صاحب کی زیر صدارت ہوا جس میں خصوصی طور پر جنرل سیکرٹری اول ریجنل گورنر، نائب گورنر کتوباkoutoubou، نمائندہ کمشنر پولیس، کمانڈر کمپنی کا نمائندہ، ڈائریکٹر گورنمنٹ ہسپتال کی طرف سے وفد، فائر بریگیڈ ڈائریکٹر کے نمائندہ نے خصوصی طورپر شرکت کی۔ اس تقریب کا آغاز تلاوت و نظم سے ہوا جس کے بعد معلم احمد صاحب بندوکو شہر نےبعنوان صداقت حضرت مسیح موعودؑ تقریر کی،مکرم صادق احمد صاحب مبلغ سلسلہ ابنگرو ریجن نے ’’آنحضرتﷺ غیر مسلموں کی نظر میں‘‘ کے عنوان پر تقریر کی۔ بعدازاں تینوں ذیلی تنظیموں کے نیشنل صدور نے اپنے تاثرات بیان کیے اور مکرم امیر صاحب نے تقریر بعنوان مساجد کی تعمیر کی اہمیت کی۔ آخر میں سیکرٹری جنرل اول نے گورنر کی طرف سے جماعت احمدیہ کو بندوکو شہر میں مسجد تعمیر کرنے پر مبارک باد دی۔
اس تقریب کے معاً بعد مکرم امیر صاحب آئیوری کوسٹ نے سیکرٹری جنرل اول کے ہمراہ نئی تعمیر شدہ مسجدبیت الاحد کا افتتاح کیا اور دعا کروائی۔ اس مسجد کی تعمیر کےلئے جگہ مقامی بادشاہ نے دی جس کا احاطہ 7800مربع میٹر ہے جس میں ایک طرف جماعتی سکول تعمیر کیا گیا ہے اور دوسری جانب مسجد تعمیر کی گئی۔ اس مسجد کا سنگ بنیاد 22 مارچ 2015ء کو رکھا گیا۔ مسجد کا کل رقبہ 224 مربع میٹر پر مشتمل ہے اور تقریباً 200 افراد کے نماز پڑھنے کی گنجائش ہے۔ بندوکو شہر کو آئیوری کوسٹ میں ہزار مسجدوں کا شہر کہا جاتا ہے جبکہ یہاں یہ جماعت کی پہلی مسجد ہے ۔پیارے آقا ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اس مسجد کانام ازراہ شفقت بیت الاحد عطا فرمایا ہے۔
بندوکوریجن کےپہلے جلسہ سالانہ میں شاملین کی کل تعداد 350 رہی۔جس میں احمدی احباب جماعت کے ساتھ غیر از جماعت احباب نے بھی شرکت کی۔ساتھ ہی ساتھ اس جلسہ کی لائیو سٹریمنگ فیس بک کے ذریعے بھی کی گئی جسے 1200 افراد نے دیکھا۔اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ تمام شاملین جلسہ کو جلسہ کی حقیقی روح کو سمجھتے ہوئے حضرت مسیح موعودؑ کی شاملین جلسہ کے لئے کی گئی دعاؤں کا وارث بنائے اور ہمیشہ برکات خلافت کو سمیٹنے والا بنائے۔آمین
(رپورٹ: شاہد احمد۔ مبلغ سلسلہ ریجن بندوکو، آئیوری کوسٹ)