کتاب خدمت خلق اور تبلیغ کا ذریعہ جماعت احمدیہ مالٹا کی بعض تبلیغی مساعی
بلاشبہ تمام درست وجوہات کی بنا پر کتاب ایک بہترین دوست ہے۔ وَاِذَا الصُّحُفُ نُشِرَتْ کی خدائی بشارت کے مطابق دور حاضر میں کتاب کی اہمیت اور بھی بڑھ جاتی ہے کہ یہ خدائی بشارت کے پورا ہونے کی ایک ناقابل تردید حقیقت ہے۔
اچھی کتب ہمارے ذہن کو تقویت بخشتی ہیں اور زندگی کے بارے میں ہمارے نقطۂ نظر کو وسیع کرتی ہیں۔ کتابوں کی صحبت میں انسان کبھی تنہائی محسوس نہیں کر سکتا۔ کتابیں ہمیں علم اور معلومات فراہم کرتی ہیں اور ان بہت سارے سوالوں کے جواب فراہم کرتی ہیں جو ہمیں پریشان کر سکتے ہیں۔ افسردگی اور اداسی کے لمحات میں کتب ایسے اداس لمحات سے توجہ ہٹانے اور پرامن اور پر سکون سرگرمی میں مشغول ہونے کا موقع فراہم کرتی ہیں۔ مزید برآں، کتب ہماری تعلیم کا مفید ذریعہ ہیں، ہمیں ایک اچھا انسان بنانے، ہمارے کردار اور شخصیت کی تعمیر میں ہماری مدد کرتی ہیں۔ زندگی کی تلخ حقیقتوں سے بچنے میں ہماری مدد کرتی ہیں۔ ہمارے فارغ وقت اور سفر کے دوران ایک اچھی کمپنی فراہم کرتی ہیں۔ کتابیں زندگی کے بارے میں ہمارے نقطہ نظر کو بہت بدل دیتی ہیں۔ دنیا، لوگوں اور اپنے اردگرد کی چیزوں اور ماحول کے بارے میں ہمارا نظریہ وسیع کرتی ہیں اور ہمیں اپنے آپ کو ایک انتہائی قیمتی اور اعلیٰ کردار اور شخصیت میں تبدیل کرنے میں مدد کرتی ہیں۔
اس نقطۂ نظر اور کتاب کی قدرو قیمت اور پیارے آقا سیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی ہدایات کہ تبلیغ کے لیے نئے نئے طریق تلاش کریں کو پیش نظر رکھتے ہوئے جماعت احمدیہ مالٹا کو منشیات کی عادی خواتین کے لیے قائم ایک بحالی سینٹر rehabilitation centre میں ایک لائبریری کے قیام اور 200کتب جن میں 100 جماعتی کتب بھی شامل ہیں کے عطیہ کی توفیق ملی۔ جماعت احمدیہ مالٹا نے ایک بک شیلف اور ٹیبل اور ایک سو کتب خرید کر اور ایک سو جماعتی کتب پر مشتمل ایک مختصر مگر مکمل لائبریری اس ادارہ کو عطیہ کی۔ تمام کتب پر جماعت احمدیہ کا نام، جماعتی لوگو اور ویب سائٹ کا ایڈریس بھی چسپاں کیا گیا تاکہ یہ کتب جہاں خدمت انسانیت کا ذریعہ ہوں وہیں دین اسلام احمدیت کی تبلیغ کا بھی ایک مؤثر اور مستقل ذریعہ ثابت ہوں۔ ان شاء اللہ العزیز
پرائمری اسکول کو کتب کا عطیہ
جس علاقہ میں جماعتی سینٹر واقع ہےاس علاقہ کے ایک پرائمری اسکول کو بھی 100کتب جن میں بچوں کی 30 جماعتی کتب بھی شامل ہیں عطیہ کرنے کی توفیق ملی۔ ان کتب پر بھی جماعت کا نام، جماعتی لوگو اور ویب سائٹ کا ایڈریس چسپاں کیا گیا ہے تاکہ اساتذہ ، طلباء اور ان کے والدین کے لیے جہاں یہ کتب مطالعہ کا باعث بنیں وہیں جماعتی تعارف اور تبلیغ کا بھی ذریعہ ثابت ہوں۔ یہ کتب اسکول کی ہیڈ کو پیش کی گئیں جنہوں نے اس جماعت کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ ہم سب کے لیے ایک نہایت خوش کن surprise ہے۔ اسکول کو کتابوں کے عطیہ کے لیے آپ کا بہت شکریہ۔ طلباء اور عملہ یقیناً ان کتب سے مستفید ہوں گے۔ ہمارے اسکول میں، ہم مطالعہ کتب کو بہت زیادہ فروغ دیتے ہیں، اور کتابوں کا یہ ذخیرہ ہماری لائبریری میں ایک اچھا اضافہ ہوگا۔
اللہ تعالیٰ اس حقیر مساعی میں بہت برکت ڈالے اور اس کے مبارک ثمرات عطا فرمائے اوراسے اسلام احمدیت کی تبلیغ کا ایک مؤثر ذریعہ بنادے۔آمیناللّٰہمآمین
(رپورٹ: لئیق احمد عاطف۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)