افریقہ (رپورٹس)

احمدیہ مسلم سیکنڈری سکول روکوپر، سیرالیون میں جلسہ یوم مصلح موعود

مکرم ذیشان محمود صاحب (مربی سلسلہ و استاذ احمدیہ سیکنڈری سکول روکوپر، سیرالیون) تحریر کرتے ہیں کہ مجلس نصرت جہاں کے تحت سیرالیون میں قائم ہونے والا احمدیہ سیکنڈری سکول روکوپر 50سال سے دینی و دنیاوی تعلیم دے رہا ہے۔ پرائمری سکول 1938ء میں حضرت مولانا الحاج نذیر احمد علی صاحب مرحوم نے جبکہ احمدیہ مسلم جونیئر سیکنڈری سکول 1972ء میں مکرم منصور احمد بشیر صاحب نے قائم کیا تھا۔ پرائمری و سیکنڈری سکول کی علیحدہ علیحدہ عمارت میں دو ہزار سے زائد طلباء علم حاصل کر رہے ہیں۔ سکول ہذا میں محترم مبارک احمد طاہر صاحب سیکرٹری مجلس نصرت جہاں بھی بطور پرنسپل خدمات سر انجام دے چکے ہیں۔

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ 18؍فروری 2022ء کو سکول میں جلسہ یوم مصلح موعود کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔ جلسہ کے لیے طلباء کی تیاری ماہ جنوری کے آغاز سے شروع کر دی گئی تھی۔

امتحانات کے باعث مورخہ 17 فروری بروز جمعرات اسمبلی کے معاً بعد مکرم موسیٰ کے ڈی محمود صاحب (پرنسپل احمدیہ سیکنڈری سکول روکوپر و ریجنل صدر) کی زیر صدارت جلسہ یوم مصلح موعود کا آغاز ہوا۔

عزیزم ادریسہ کے کمارا (کلاس JSS3) نے سورۃالنور کی آیت 56 مع انگریزی ترجمہ پیش کی۔ جس کے بعد عزیزم سعیدو اے کمارا (SSS3) نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی مبشر اولاد کے حوالے سے مذکور حدیث یتزوج و یولد لہ پیش کی اور مختصراً اس کا پورا ہونا بیان کیا۔ پرائمری سکول کی کلاس ششم کے طالب علم عزیزم شیخو لامین ییلا نے حضرت مصلح موعوؓد کی آمین کے موقع پر کہا گیا حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا منظوم کلام ’حمد و ثناء اسی کو‘ مترنم آواز میں مع ترجمہ پیش کیا۔

بعد ازاں طالب علم عزیزم سعیدو ایس سُمّہ (SSS2) نےپیشگوئی کے الفاظ پڑھ کر سنائے۔ دو احمدی طالبات پر مشتمل گروپ نے ترانہ خلافت پیش کیا۔

اس کے بعد خاکسار نے پیشگوئی مصلح موعود کا پس منظر اور چند علامات کا ذکر کر کے بتایا کہ یہ پیشگوئی جماعت احمدیہ کے دوسرے خلیفہ کی ذات میں پوری ہوتی ہے جبکہ صدر مجلس نے حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ کے کارناموں پر تقریر کی جس میں علمی خدمات کے ساتھ ساتھ، جماعتی نظام کے استحکام اور حضرت مصلح موعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے ذریعہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے الہام ’’میں تیری تبلیغ کو زمین کے کناروں تک پہنچاؤں گا۔‘‘ کا پورا ہونا بیان کیا۔

تقسیم انعامات: ماہ جنوری کے آغاز میں احمدی طلباءو طالبات کے مابین پیشگوئی مصلح موعود کا انگریزی ترجمہ یاد کرنے کے انعامی مقابلہ کا اعلان کیا گیا اور مکمل پیشگوئی یاد کرنے پر 20ہزار لیونز کا انعام مقرر کیا گیا۔ 45 کے قریب طلباء و طالبات نے مقابلہ میں حصہ لیا۔ عزیزم سعیدو ایم سُمّہ طالب علم SSS2 نے پیشگوئی کے الفاظ من و عن مکمل یاد کیے اور انعام کے حقدار قرار پائے۔

دوسرا انعام عزیزم عمران جان طورے طالب علم SSS2کو دیا گیا۔ جس نے امسال 4 جنوری کو قرآن کریم شروع کیا۔ خاکسار نے اس خادم کو چیلنج دیا کہ اگر 30دنوں کے اندر قرآن کریم کا پہلا دور مکمل کر لو گے تو انشاء اللہ مصلح موعود ڈے پر انعام دیا جائے گا۔ عزیزم موصوف نے 19 دن میں قرآن کریم کا پہلا دور مکمل کر لیا اور انعام کے حقدار قرار پائے۔

صدر مجلس محترم پرنسپل صاحب نے نقد انعامات تقسیم کیے اور دونوں طلباء کی کاوش کو سراہا۔ قابل ذکر امر یہ ہے کہ ان دونوں خادم طلباء نے انعامی رقم سے سب سے پہلے اپنا چندہ ادا کیا۔

دعا و اختتام: جلسہ کے آخر پر صدر مجلس نے دعا کروائی۔ جلسہ میں 1100 سے زائد طلباء و طالبات اور اساتذہ کرام شامل ہوئے۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے یہ جلسہ نہایت کامیاب رہا۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ تمام طلباء و اساتذہ کو اس مبارک موقع سے حقیقی رنگ میں مستفیض ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: عبد الہادی قریشی۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button