از مرکز

حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ کے دستِ مبارک سے کردی زبان میں احمدیہ ویب سائٹ کا افتتاح، دعاؤں کی تحریک

(ادارہ الفضل انٹرنیشنل)

(مسجد مبارک اسلام آباد، ٹلفورڈ، 25؍مارچ 2022ء) امیرالمومنین حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے آج نمازِ جمعہ کے بعد مسجد مبارک سے کُردی زبان میں جماعت احمدیہ کی ویب سائٹ www.islamahmadiyya.krdکا اجرا فرمایا اور دعا کروائی۔ اس ویب سائٹ کا تعارف کرواتے ہوئے حضرت امیرالمومنین ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اپنے خطبہ جمعہ میں فرمایا:

آج میں ایک ویب سائٹ کا بھی اعلان کروں گا۔ یہ بھی تبلیغ کا ، دنیا کے کناروں تک حضرت مسیح موعودؑ کا پیغام پہنچانے کا ذریعہ ہے۔ یہ کردش زبان میں جماعتی ویب سائٹ ہے ۔

اس ویب سائٹ کی نگرانی ڈاکٹر اسماعیل محمد صاحب کر رہے ہیں جن کے ساتھ کردش جماعت کے ممبران کی ایک ٹیم بھی ہے۔ اس ویب سائٹ کا مقصد کردش زبان جاننے والے قارئین کو یہ موقع فراہم کرنا ہے کہ وہ پہلی بار احمدیہ جماعت کے عقائد کو اپنی زبان میں خود پڑھ سکیں۔ یہ ویب سائٹ بنیادی طور پر کردش زبان کے سورانی ڈائیلیکٹ پر مشتمل ہے جس کے ساتھ بادینی ڈائیلیکٹ میں بھی کچھ مواد موجود ہے۔ ویب سائٹ پر خبریں، مضامین، تفسیر، کتابیں اور خطبات جمعہ اور ویڈیو سیکشن شامل ہیں۔ کردش ترجمہ کمیٹی کے تعاون سے اس ویب سائٹ پر حضرت مسیح موعودعلیہ السلام کی متعدد کتابوں کے ساتھ دیگر جماعتی کتب بھی مہیا کی گئی ہیں۔ حضرت مسیح موعودعلیہ السلام کی کتابیں ہیں، حضرت خلیفہ ثانیؓ کی کتابیں ہیں اور دوسرا جماعتی لٹریچر ہے جس میں اسلامی اصول کی فلاسفی، مسیح ہندوستان میں، ضرورت الامام، حقیقۃ المہدی، دعوت الامیر، منصب خلافت وغیرہ شامل ہیں۔ انشاء اللہ جمعے کے بعد اس ویب سائٹ کا اجرا بھی ہوگا۔ اللہ تعالیٰ بابرکت کرے۔

دعاؤں کی تحریک

اپنے خطبہ جمعہ کے اختتام پر حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزنے فرمایا: دنیا کے حالات کے بارے کہنا چاہوں گا کہ دعاؤں کو جاری رکھیں۔ اللہ تعالیٰ دنیا کو تباہی سے بچائے اور انسانوں کو عقل دے اور اپنے پیدا کرنے والے کو پہچاننے والے ہوں۔

ویب سائٹ کے بارے میں کچھ تفصیلات

مکرم منیر عودہ صاحب نے نمائندہ الفضل انٹرنیشنل کو بتایا کہ کردستان اور عراق میں جب سے کرد احباب جماعت احمدیہ میں شامل ہورہے ہیں یہ ضرورت محسوس ہورہی تھی کہ کردی زبان میں جماعتی لٹریچر مہیا ہو چونکہ اکثر کرد احباب کوئی اور زبان پڑھنا نہیں جانتے۔

چنانچہ حضور انور کی راہنمائی میں جماعت کی ایک کرد ویب سائٹ بنانے کا عمل شروع ہوا۔ اسی طرح کردی زبان میں جماعتی لٹریچر کا ترجمہ کرنے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی۔ اس سے قبل کردی زبان میں جماعت کا صرف ایک پمفلٹ موجود تھا۔ چنانچہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے مختلف جماعتی لٹریچر کا کردی زبان میں ترجمہ کیا جاچکا ہے جو اس ویب سائٹ پر موجود ہے۔

اس کے علاوہ ویب سائٹ پر مختلف عناوین پر مضامین، پریس ریلیزز اور جماعتی خبریں بھی موجود ہیں۔

ادارہ الفضل انٹرنیشنل حضرت امیر المومنین ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز، ویب سائٹ کی انتظامیہ اور کرد احبابِ جماعت احمدیہ عالمگیر کو اس ویب سائٹ کے اجرا پر مبارکباد پیش کرتا ہے نیز دعا گو ہے کہ اللہ تعالیٰ اسے مفید بناتے ہوئے حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے مشن یعنی تکمیلِ اشاعتِ ہدایت میں نمایاں کردار ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button