خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭…حرمین شریفین کی انتظامیہ نے اعتکاف کے خواہش مند افراد سے کہا ہےکہ درخواستوں کا اندراج الحرمین ایپ یا ویب سائٹ کے ذریعہ 5؍ رمضان المبارک تک جاری رہے گا۔ معتکفین کو اجازت نامے 16؍ سے 19؍ رمضان تک جاری ہوں گے۔
٭…وزیرِاعظم پاکستان عمران خان کے خلاف قومی اسمبلی میں عدم اعتماد کی تحریک پیش کی گئی ہے جس پر اب 31 مارچ کو بحث ہوگی۔ عدم اعتماد کی اس تحریک کی کامیابی کے لیے اپوزیشن کو کم از کم 172 ارکانِ اسمبلی کی حمایت اور ووٹ درکار ہوں گے۔ بدھ کی شام تک قومی اسمبلی میں اپوزیشن کو 196 ارکان کی حمایت کا دعویٰ ہے۔ تحریک عدم اعتماد پیش کیے جانے کے بعد سے مسلم لیگ ق کے پانچ میں سے ایک جبکہ حکومت کی ایک اور اتحادی بلوچستان عوامی پارٹی کے پانچ میں سے چار ارکان نے اپوزیشن کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ تحریکِ انصاف کی اہم اتحادی جماعت ایم کیو ایم نے وزیراعظم عمران خان کی حمایت سے ہاتھ کھینچ لیا ہے اور اس کے سات ارکان وزراءاب متحدہ اپوزیشن کی تحریکِ عدم اعتماد کی حمایت کریں گے
٭…امریکی وزارت دفاع نے یوکرین میں فوجی آپریشن کو کم کرنے کے روسی دعوے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ کیف کے گرد روسی نقل و حرکت پسپائی نہیں کہلائی جاسکتی۔پینٹاگون کے پریس سیکرٹری جان کربی نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ہمارا یقین ہے کہ یہ نقل و حرکت پسپائی نہیں بلکہ محض فوج کی جگہ بدلنے کی کوشش ہے۔ہم ابھی دیکھ رہے ہیں کہ روسی فوج کی جانب سے واپسی کے اعلان کے بعد ایک قلیل تعداد کیف سے دور جا رہی ہے۔
روس نے پینٹاگون کے بیان سے کچھ گھنٹے قبل اعلان کیا تھا کہ امن مذاکرات کی بحالی سے قبل یوکرینی دارالحکومت کیف کے گرد فوجی آپریشنز میں کمی لائی جائے گی۔کربی نے بتایا کہ روس کیف پر قبضے کے مقصد کو حاصل کرنے میں ناکام ہوگیا ہے مگر ساتھ ہی خبردار کیا کہ جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی۔امریکی عہدیدارکے مطابق ہمارے خیال میں روسی فوج کسی اَور محاذ پر لڑائی کے لیے فوج کی نقل و حرکت کر رہی ہے اور یوکرین کے دیگر علاقوں پر روسی جارحیت بڑھ سکتی ہے۔علاوہ ازیں پینٹاگون نے اعلان کیا کہ امریکی فوج دس F -18 طیارے اور دو سو سے زائد فوجی لیتھوانیا میں تعینات کر رہا ہے۔ اس سے قبل گزشتہ روز امریکا نے چھ گرائولر جنگی طیارے جرمنی بھیجنے کا اعلان کیا تھا۔
٭…پولینڈ میں یوکرینی پناہ گزینوں سے ملاقات کے بعد امریکی صدر نے صدر ولادیمیر پوٹن کے بارے میں رائے کا اظہار کرتے ہوئے بعض سخت جملوں کا استعمال کیا۔ امریکی صدر جو بائیڈن نے پولینڈ میں یوکرین کے وزیر خارجہ اور وزیر دفاع سے ملاقات کے دوران یوکرینی حکام کو مزید تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔ امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق ملاقات میں امریکا نے یوکرین کی خود مختاری، علاقائی سالمیت کے لیے غیر متزلزل عزم کا اظہار کیا ہے۔
٭…امریکی صدر جو بائیڈن کی جانب سے روسی صدر پوٹن کے خلاف سخت جملے استعمال کرنے پر روس نے شدید ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی صدر کے بیان سے روس امریکا تعلقات میں بہتری کے امکانات کم ہوجائیں گے۔ اس سے قبل امریکی صدر جو بائیڈن نے روسی صدر ولادیمیر پوٹن کو جنگی مجرم بھی قرار دیا تھا۔ روس نے شدید رد عمل دیتے ہوئے اس بیان کو مسترد کر دیا تھا۔
٭…یوکرین اور روس کے مذاکرات کے پہلے دور کو یوکرین نے بہت مشکل قرار دیا۔ یوکرینی مذاکرات کار ڈیوڈ آراخامیا کے مطابق روس اور یوکرین کے وفود نے ترکی میں 28 سے 30 مارچ کے دوران بات چیت کی۔ واضح رہے کہ روس کی جانب سے گزشتہ ماہ یوکرین پر کیے گئے حملے کے بعد سے دونوں ملکوں میں مذاکرات کے کئی دور ہوچکے ہیں۔
٭…افغان وزارت امر بالمعروف و نہی عن المنکر نے کابل کے پارکوں میں خواتین اور مردوں کے الگ دنوں کے اوقات جاری کر دیا۔ جاری ہونے والے نئے اوقات کے مطابق کابل کے پارکوں میں اتوار، پیر اور منگل کے دن خواتین کے لیے مختص کر دیے گئے ہیں جبکہ مردوں کو بدھ، جمعرات، جمعے اور ہفتے کے دن پارکوں میں جانے کی اجازت ہوگی۔
٭…لڑکیوں کے اسکول کی بندش کے بعد افغانستان میں طالبان نے اعلان کیا ہے کہ تمام سرکاری ملازمین کو داڑھی رکھنے، داڑھی نہ منڈوانے اور مقامی لباس کے ڈریس کوڈ پر عمل کی ہدایت پر عمل نہ کرنے پر نوکری سے نکالا جاسکتا ہے۔جبکہ صحیح وقت پر نماز کی ادائیگی کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ حکومتی نمائندے سرکاری دفاتر کے داخلی حصوں میں گشت کر رہے ہیں جن کا مقصد اس بات کا جائزہ لینا ہے کہ ملازمین نئے قوانین کی تعمیل کر رہے ہیں یا نہیں۔ ڈریس کوڈ پر عمل نہ کرنے والوں کے دفاتر میں داخلے پر پابندی ہوگی جبکہ انہیں برطرف بھی کیا جا سکے گا۔
٭…نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے دوحہ میں ایک پروگرام میں بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت افغانستان کی صورتحال بہت تکلیف دہ ہے، لوگوں کو معاشی پریشانی کا بھی سامنا ہے۔ افغانستان میں خواتین کے حقوق اور لڑکیوں کی تعلیم پر کوئی سمجھوتا نہیں ہونا چاہیے۔ عالمی کمیونٹی، تنظیموں اور رہنماؤں پر منحصر ہے کہ وہ فیصلہ کریں کہ افغان عوام کے تحفظ کے لیے کیا بہتر ہے۔ افغانستان میں پہلے جو بھی بہتری آئی تھی طالبان کے لڑکیوں کو اسکول جانے سے روکنے کے اعلان کے بعد وہ سب پیچھے چلی گئی۔
٭…افغانستان میں لڑکیوں کے اسکولوں کی بندش کے معاملے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی بینک نے افغانستان میں 600 ملین ڈالر مالیت کے چار منصوبوں پر کام روک دیا۔ عالمی بینک کے مطابق افغانستان میں صورتحال کے جائزے کے بعد منصوبوں کو بحال کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ افغانستان میں گزشتہ ہفتے طالبان حکومت کی جانب سے لڑکیوں کے سیکنڈری اسکول کھولے جانے کے چند ہی گھنٹے بعد پھر سے بند کردیے گئے تھے۔
٭…اسرائیلی وزیراعظم کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے باعث بھارت کا دورہ نہیں کر سکیں گے۔ موصوف 3؍ اپریل کو دو روزہ دورے پر بھارت پہنچ رہے تھے۔
٭…عرب اتحاد نے یمن میں فوجی کارروائیاں روکنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ 30؍ مارچ کو صبح 6 بجے سے فوجی کارروائیاں روک دی گئی ہیں۔ ترجمان عرب اتحاد کے مطابق خلیج تعاون کونسل کے سیکرٹری جنرل کی درخواست پر کارروائیاں روکی گئی ہیں۔ ماہ رمضان میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔
٭…بیلجیم، نیدرلینڈز، آئرلینڈ اور چیک ری پبلک نے متعدد روسی سفارتکاروں کو جاسوسی کے شبہے میں ملک چھوڑنے کا حکم دیا ہے۔ بیلجیم کے وزیر خارجہ نے کہا کہ برسلز میں روسی سفارتخانے اور اینٹورپن میں روسی قونصل خانے سے21 سفارتکاروں کو نکالا جارہا ہے۔جبکہ وزارت خارجہ نیدرلینڈز کے مطابق 17 روسی سفارتکاروں کو انٹیلی جنس افسر کےطور پر کام کرنے پر ملک سے نکالا جا رہا ہے۔ آئرلینڈ کے وزیر خارجہ نے ڈبلن میں روسی سفارت خانے کے 4 سینئر اہلکاروں کو جاسوسی پر مبنی سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر ملک چھوڑنے کا کہا ہے۔ پراگ سے چیک وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ملک میں روسی سفارت خانے سے ایک سفارت کار کو ملک چھوڑنے کے لیے 72 گھنٹے دیے گئے ہیں۔
٭…یوکرین کی نائب وزیرِ اعظم ارینا ویریشچک نے اپیل کی ہے کہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل فوری طور پر چرنوبل کے علاقے کو غیر عسکری بنانے کے لیے اقدامات کرے۔ یوکرین کے ناکارہ چرنوبل نیوکلیئر پاور اسٹیشن میں گولہ بارود کے پھٹنے کا خطرہ ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ چرنوبل پلانٹ پر قابض روسی افواج کو علاقے سے نکل جانا چاہیے۔ مذاکرات میں روس سے یوکرین کے سب سے زیادہ متاثرہ قصبوں، شہروں اور دیہاتوں تک 97 انسانی راہداریاں قائم کرنے کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
٭…جاپانی وزیراعظم کِشیدا فُومیو نے وزیر انصاف فُورُوکاوا یوشی ہیسا کو خصوصی مندوب کی حیثیت سے روانہ کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔ یہ منصوبہ راہ فرار اختیار کرنے والے یوکرینی افراد کو جاپان آنے کی اجازت دینے کے لیے حالیہ تیاریوں کا ایک حصہ ہے۔ وزیر انصاف کی واپسی پر بعض پناہ گزینوں کو ان کے ہمراہ جاپان آنے کی اجازت دی جا سکتی ہے۔
٭…چینی وزیرخارجہ کی روسی ہم منصب سرگئی لاروف سے ملاقات کے بعد چینی وزیرخارجہ نے کہا کہ چین اور روس باہمی تعلقات اور تعاون کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہیں۔ بدلتی ہوئی عالمی صورتحال کے باوجود دو طرفہ تعلقات نے نئے چیلنجز کا مقابلہ کیا ہے۔
٭…دی گارڈین کے مطابق روس کے حملے کے بعد یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کا مخالفین کے خلاف سب سے مؤثر ہتھیار کوئی گن یا بم نہیں بلکہ ٹیلیفون رہا۔ روسی فوج کی جانب سے دارالحکومت کیف کے محاصرے کے دوران ولادیمیر زیلنسکی نے لگاتار فون کالز کرکے مغرب کو روس کے خلاف مختلف پابندیوں کے نفاذ کے لیے رضامند کیا، جس کی ایک ہفتے قبل توقع بھی نہیں کی جاسکتی تھی۔ یوکرینی عوام کے لیے یورپی شہریوں کی رائے کا احساس کرتے ہوئے صدر نے مغربی رہنماؤں سے فون پر رابطے کیے، اپنی ٹوئٹر فیڈ کو استعمال کرتے ہوئے روس کے خلاف پابندیاں لگوانے میں خاص کردار ادا کیا۔ حکام نے اس بات پر اتفاق کیا کہ جس رفتار سے مغرب نے نئی پابندیوں پر اتفاق کیاوہ حیران کن ہے۔
٭…آسکر ایوارڈ کی لائیو تقریب کے دوران روس کی جانب سے جنگ زدہ یوکرین اور اس کے عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے اسکرین پر سفید اور نیلے رنگ میں خصوصی پیغام چلایا گیا۔ اس دوران خاموشی بھی اختیار کی گئی جبکہ ایوارڈ شو میں شرکت کرنے والے متعدد فنکاروں نے یوکرین میں جنگ بندی کے لیے نیلے رنگ کے ربن اور بٹنز بھی لگا رکھے تھے۔ آسکر ایوارڈ میں استعمال کیے گئے نیلے رنگ کے ربنز پر ’وِد ریفیوجیز‘ کا ہیش ٹیگ استعمال کیا گیا تھا، فنکاروں کو یہ ربنز ’دی یونائیٹڈ نیشنز ری فیوجیز‘ کی جانب سے ایوارڈ شو کے آغاز اور درمیان پہننے کے لیے دیے گئے تھے۔
٭…سعودی عرب کے وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے کہا ہے کہ خطے کو متعدد خطرات درپیش ہیں۔ ہم توانائی کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے اجتماعی طور پر کام کر رہے ہیں۔ خلیجی ممالک نے اس معاملے میں تقاضے پورے کر دیے ہیں۔ اب دوسروں کو بھی اپنے وعدے پورے کرنے چاہئیں۔ توانائی کی ترسیل کی سیکیورٹی متاثر ہونے پر یہ بات عالمی معیشت پر بھی اثر انداز ہوگی۔ روس عالمی استعمال کا 10 فیصد تیل جو تقریباً ایک کروڑ بیرل بنتا ہےیومیہ پیدا کر رہا ہے۔
٭…گوگل میپ کی مدد سےبرطانیہ کے شہر آکسفورڈ میں مبینہ طور پر 500 سے زائد سائیکلیں چوری کرنے کے الزام میں ایک پچاس سالہ شخص کوگرفتار کرلیا گیا۔ پولیس نے ملزم کے گھر کے احاطے میں ایک خالی جگہ سے 500 سے زائد سائیکلیں بھی قبضے میں لے لیں۔ اب پولیس ملزم کے پاس سے برآمد ہونے والے سینکڑوں سائیکلوں کے مالکوں کو ڈھونڈنے میں مصروف ہے جبکہ پولیس نے تفتیش کی بنیاد پر اس شخص کے خلاف وارنٹ جاری کر دیا ہے۔
٭…امریکا نے کووڈ ویکسین کے دوسرے بوسٹر شاٹ کی منظوری دے دی۔ امریکی ادارہ فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) نے اپنے بیان میں کہا کہ فائزر اور موڈرنا ویکسین کی چوتھی ڈوز تیسری ڈوزکے 4 ماہ بعد لگائی جاسکےگی۔
ایف ڈی اے کے مطابق کورونا ویکسین کا دوسرا بوسٹر شاٹ 50 سال سے زائد عمرکے افراد کو لگایا جاسکےگا جب کہ کمزور قوت مدافعت والے 12 سال سے زائد عمر بچوں کو فائزر کا دوسرا بوسٹر شاٹ دیا جاسکے گا۔ اس کے علاوہ کمزور قوتِ مدافعت والے اٹھارہ سال سے زائد عمرکے افراد موڈرنا کی دوسرا بوسٹر ڈوز لگوا سکتے ہیں، دوسری ڈوز کا مقصد شدید بیماری اور اسپتال میں داخل ہونے کے خلاف مزید تحفظ دینا ہے۔