گیانا کی لنڈن جماعت کا چوتھا ریجنل جلسہ
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مورخہ27؍فروری 2022ء کو گیانا کے شہر لنڈن میں چوتھا ریجنل جلسہ سالانہ منعقد کیا گیا۔ یہ شہر مرکز سے2گھنٹے کی مسافت پر ہے۔ جلسہ کی کامیابی کے لیے خاکسار نے اس پروگرام کی تیاریاں چند ہفتے پہلے ہی شروع کردی تھیں۔
اس جلسہ کاموضوع ’’زندگی کا مقصد‘‘ رکھا گیا تھا۔ جلسہ کی تشہیر مختلف ذرائع سے کی گئی جس میں سوشل میڈیا اور فلائرز شامل ہیں۔ یہ فلائرز مختلف لوگوں میں تقسیم کیے گئے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس جلسہ میں شامل ہوسکیں۔
نیشنل صدر جماعت، مکرم نورین حسین واشنگٹن صاحب اور دیگر جماعتی احباب کے ساتھ میٹنگز کی گئی تھیں تاکہ سب اس میں شامل ہوں اور اس جلسہ کو کامیاب کریں۔
جلسہ گاہ کی تیاری کے لیے 6؍افراد نے بہت تعاون کیا اور محنت کے ساتھ جلسہ گاہ کو تیار کیا۔
جلسہ کا آغاز مورخہ27؍فروری کو تلاوت قرآن کریم کے ساتھ دوپہر کے وقت ہوا۔ تلاوت مکرم مظفر مک ٹیر صاحب نے کی جو کہ ایک مقامی معلم ہیں۔ اس کے بعد زیر تعلیم معلم مکرم جاذب سمنر صاحب نے ’’اسلام کا تعارف‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔یہ تقریر بنیادی طور پر غیر مسلم مہمانوں کے لیے تھی۔
اس کے بعد ہیومینٹی فرسٹ گیانا کا تعارف پیش کیا گیا اور 2021ء کی مساعی کی مختصر رپورٹ پیش کی گئی اور ایسے تمام دوست جو خدمت انسانیت کے لیے کوشش اور مدد کرتے رہے ان میں اسناد تقسیم کی گئیں۔ اور ایک رضاکارخاتون جو انتہائی لگن کے ساتھ خدمتِ انسانیت کررہی تھیں ان کی حوصلہ افزائی کے لیے انعام بھی دیا گیا۔ یہ اسناد پارلیمنٹ ممبر مکرم جرمین فگیرا صاحب، پولیس سارجنٹ مکرم مارک لائٹ صاحب اور لنڈن کی میئر مکرمہ ونیکہ ارنڈیل صاحبہ نے تقسیم کیے۔
پھر خاکسار نے ’’مقصدِ حیات اور اس کے حصول کے طریق‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ اس تقریر کا ماحصل حضرت مسیح موعودؑ کی معرکہ آرا کتاب اسلامی اصول کی فلاسفی سے پیش کیاگیا۔
اس جلسہ کی آخری تقریر مکرم مقصود احمد منصور صاحب مبلغ انچارج گیانا کی تھی۔ ان کی تقریر کا موضوع ’’قرآن کریم اور حضرت محمد مصطفیٰﷺ کی تعلیم کی روشنی میں مقصدِ حیات کا حصول‘‘ تھا۔ آپ نے تفصیل سے بتایا کہ قرآن کریم ہی بہترین طریق پر زندگی کا مقصد بیان کرتاہے اور ہماری راہنمائی کرتاہے۔ اسی طرح آنحضورﷺ کی زندگی اور آپؐ کا عملی نمونہ اس بھٹکی ہوئی انسانیت کے لیے قطب کی حیثیت رکھتا ہے۔
جلسہ کے آخر پر مہمانان اور شخصیات نے اظہار خیال پیش کیا اور جماعت احمدیہ کا شکریہ ادا کیا کہ وہ اس با برکت جلسہ میں شامل ہوئے۔
جلسہ کا اختتام دعا سے ہوا۔ اس کے بعد مہمانوں کے لیے ظہرانہ پیش کیا گیا اوراحبابِ جماعت نے نماز ظہر اور عصر ادا کیں۔
الحمد للہ 51؍افراد اس جلسہ میں شامل ہوئے جس میں سے8؍احباب مرکز سے آئے اور باقی مقامی دوست شامل ہوئے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس جلسہ کے دور رس نتائج پیدا فرمائے اور اس کی برکات سے اپنوں اور غیروں کو مستفیض ہونے کی توفیق دے۔ آمین
(رپورٹ: فہد پیرزادہ۔ ریجنل مبلغ گیانا)