نائیجر کے دار الحکومت نیامے میں جلسہ یومِ مسیحِ موعودؑ
اللہ تعالیٰ کے خاص فضل و کرم سے نائیجر کے دارالحکومت ’’نیامے‘‘ کی جماعت کو جلسہ یومِ مسیحِ موعو د منعقد کرنے کی توفیق حاصل ہوئی۔نیامے نائیجر کا نہ صرف دارالحکومت ہے بلکہ نائیجر کا سب سے بڑا شہر بھی ہے اور شہری زندگی میں اپنے معمولات سے وقت نکال کر نہ صرف احمدی بلکہ غیر احمدی احباب نے بھی اِس جلسہ میں شرکت کی۔ جلسہ سے کچھ دن قبل شہر کے احمدیوں کے ساتھ ایک اجلاس میں جلسہ کا دِن اور وقت مقرر کیا گیا اور جلسہ کے حوالہ سے ایک پروگرام ترتیب دیا گیا۔ مکرم احمدو سُلے صاحب داعی الی اللہ نے شہر کے خدام اور اطفال کے ساتھ مل کر مسجد ناصر کے احاطہ میں وقارِ عمل کیا اور لجنہ کے ہال کی صفائی اور تیاری کے ساتھ ساتھ ساؤنڈ سسٹم کا بندوبست بھی کیا نیز مسجد ناصر کے اندر کی صفائی اور فلیکسز کا انتظام بھی کیا۔
مورخہ 25؍مارچ بروز جمعۃ المبارک بعد نمازِ مغرب جلسہ یومِ مسیحِ موعودؑ کا انعقاد کیا گیا۔ اِس پُر وقار جلسہ کا آغاز تلاوتِ قرآنِ کریم سے کیا گیا ۔ مکرم عبد الکریم صاحب نے سورۃ الجمعہ کی ابتدائی آیات فرنچ ترجمہ کے ساتھ پیش کیں۔ اِس کے بعد مکرم عرفان یوسف صاحب نے حضرت مسیحِ موعودؑ کے قصیدہ سے بعض اشعار بترنم پڑھ کر سُنائے، جس کے بعد مکرم سلیمان ممن صاحب معلم سلسلہ نے جلسہ کی پہلی تقریر کی۔
دورانِ تقریر معلم سلسلہ صاحب نے حضرت مسیحِ موعودؑ کی پاکیزہ زندگی کو بطوردلیل صداقت حضرت مسیحِ موعودؑ کے پیش کیا اور ’’فقد لبثت فیکم عمرًا‘‘ کی تشریح کھول کر سامعین کے لیے بیان کی اور حضرت مسیحِ موعودؑ کی حیاتِ مبارکہ سے واقعات اور مثالوں کے ذریعہ اِس مضمون کو آسان الفاظ میں سامعین کے گوش گزار کیا۔ بعد ازاں ریجن کے مربی سلسلہ نے غیر احمدی احباب کی جانب سے ہونے والے بعض اعتراضات اور اُن کے جوابات حاضرین کے لیے پیش کیے۔ آخر پر مکرم عثمان عبدو صاحب صدر جماعت احمدیہ نیامے نے دعا کروائی اور جلسہ کی کارروائی اپنے اختتام کو پہنچی۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جلسہ میں نیامے جماعت کے 45 خدام، اطفال اور انصار کے ساتھ ساتھ 48 لجنہ و ناصرات نیز 21 نومبائعین نے شرکت کی نیز شہر کے زیرِتبلیغ افراد میں سے 33 غیر احمدی مہمانان نے جلسہ میں شرکت کی اور حضرت مسیحِ موعودؑ کی صداقت پر ہونے والی تقاریر کو بغور سُنا۔ اِن کے علاوہ جرمنی سے تشریف لانے والے مرکزی مہمان مکرم ظہیر احمد صاحب اور مکرم مظفر محمود صاحب جوکہ ایم ٹی اے کے نمائندگان ہیں، جو ان دنوں نیامے میں ہی موجود تھے وہ بھی اِس جلسہ میں شریک ہوئے۔
اللہ تعالیٰ تمام شاملین و کارکنان کو اپنی جناب سے جزا عطا فرمائے جنہوں نے اِس جلسہ کو کامیاب بنایا۔ آمین