افریقہ (رپورٹس)جلسہ سالانہ

مغربی افریقہ کے ملک مالی کے تیرھویں جلسہ سالانہ کا انعقاد

جلسہ سالانہ کا پودا جو حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے 1891ء میں اپنے ہاتھ سے لگایا تھا آج اللہ تعالیٰ کے فضل سے ایک تناور اور مضبوط درخت بن گیا ہے جس کی شاخیں دنیا کے ہر ملک جہاں نظام جماعت قائم ہے پھیل چکی ہیں اور مختلف ممالک میں پھیلے ہوئے احمدی اس درخت کی سایہ دار برکات اور پھلوں کی مانند فیوض سے مستفیض ہو رہے ہیں ۔

گزشتہ دو سال سے کورونا کی وبا کی پابندیوں کے باعث مالی میں جلسہ سالانہ کا انعقاد نہ ہوسکا۔ امسال حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی اجازت کے بعد جماعت احمدیہ مالی کو حکومتی پابندیوں کو ملحوظ خاطر رکھ کر مورخہ 25تا 27مارچ 2022ء ’’حدیقۃ المہدی‘‘ کولیکورو میں اپنے تیرھویں جلسہ سالانہ کے کامیاب اور بابرکت انعقاد کی توفیق ملی۔ امسال جلسہ سالانہ کا موضوع ’’أَلَا بِذِكْرِ اللّٰهِ تَطْمَئِنُّ الْقُلُوبُ‘‘ تھا۔

تیاری جلسہ سالانہ

حضرت امیر المومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی طرف سے جلسہ سالانہ کے انعقاد کی منظوری کے بعد جماعت احمدیہ مالی کی طرف سے سرکاری سطح پر حکومت سے اجازت حاصل کی گئی۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے مکرم محمد داؤ صاحب کی بطور افسر جلسہ سالانہ مالی 2022ء منظوری عطا فرمائی۔ جلسہ کے جملہ کاموں کو 28مختلف نظامتوں اور ضمنی نظامتوں میں تقسیم کیاگیا اور مختلف میٹنگز کے بعد ہر شعبہ متعلقہ ناظم کے سپرد کیا گیا۔ میٹنگز کے آخر پر مکرم ظفر احمدبٹ صاحب امیر و مشنری انچارج مالی کی طرف سے ناظمین کو تمام ضروری ہدایات دی گئیں اور انہیں دعا کے ساتھ کام کا آغاز کرنے کا کہا گیا۔ لجنہ اماء اللہ کے حوالے سے انتظامات کے لیے نیشنل صدر لجنہ اماء اللہ مالی نے خواتین عہدیدارات پرمشتمل ایک ٹیم تشکیل دی۔

جلسہ گاہ حدیقہ المہدی کو متعدد وقار عمل کرکے جلسہ کے لیے تیار کیا گیا۔ ان وقار عمل میں جلسہ گاہ کی صفائی کے علاوہ مردانہ و زنانہ جلسہ گاہیں بنائی گئیں، عارضی رہائش گاہیں تعمیر کی گئیں، جلسہ گاہ کی تزئین و آرائش مختلف قسم کے بینرز اور جھنڈیوں سے کی گئی، عارضی لنگر خانہ تیار کیا گیا اور مختلف شعبہ جات مثلاً بازار، ہیومینٹی فرسٹ، جماعتی کتب کی نمائش کے حوالے سے عارضی ٹینٹ لگائے گئے۔

اللہ تعالیٰ کےفضل سے جماعت احمدیہ مالی کو 2017ء میں دارالحکومت بماکو سے تقریباً 50کلومیٹر کے فاصلے پر ساڑھے بارہ ایکٹر زمین بطور جلسہ گاہ کے خریدنے کی توفیق ملی۔ جلسہ گاہ میں علاوہ مختلف تعمیرات کے مردانہ جلسہ گا ہ کا 40میٹر چوڑا اور 24میٹر لمبا مستقل شیڈ تعمیر کیا جا چکا ہے۔

جلسہ سالانہ میں شرکت کے لیے دعوت نامے چھپوا کر حکومتی، نجی، مذہبی اور سماجی شخصیات تک بھجوائے گئے۔ نیز کثرت کے ساتھ جلسہ سالانہ کی سوشل میڈیا، جماعتی ریڈیوز اور لیف لیٹس کے ذریعہ تشہیر کی گئی۔

جلسہ سالانہ مالی سے ایک روز قبل مالی کے مختلف ریجنز سے احباب جماعت کے وفود کی آمد کا سلسلہ حدیقۃ المہدی جلسہ گاہ میں شروع ہوگیا تھا۔ اسی طرح جلسہ سالانہ مالی میں شمولیت کے لیے ہمسایہ ملک نائیجر سے مکرم صدرمجلس انصار اللہ نائیجر کی سربراہی میں چار رکنی وفد ایک طویل سفر کر کے پہنچا۔

جلسہ سالانہ مالی کا آغاز اور پہلا دن

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ 25مارچ بروزجمعۃالمبارک جلسہ سالانہ مالی کے پہلے دن کا آغاز باجماعت نماز تہجد سے ہوا۔ فجر کی نماز کے بعد درس قرآن کریم ہوا۔ جلسہ سالانہ کے باقاعدہ آغاز سے قبل حسب روایت مکرم ظفر احمد بٹ صاحب امیر و مشنری انچارج مالی نے افسر جلسہ سالانہ اور دیگر مہمانان خصوصی کے ہمراہ جلسہ گاہ کا معائنہ کرکے انتظامات کا جائزہ لیا اور مختلف شعبہ جات کو حسب ضرورت ہدایات دیں۔ نماز جمعہ سے قبل مالی کے اکثر ریجنز سے وفود جلسہ گاہ پہنچ چکے تھے۔ حدیقۃالمہدی جمعہ کی نماز سے قبل امام مہدی علیہ السلام کے جاںنثاران پر مشتمل ایک چھوٹے شہر کا منظر پیش کر رہا تھا۔

خطبہ جمعہ مکرم عمر معاذ صاحب کولیبالی نائب امیر جماعت احمدیہ مالی نے پڑھایا جس کے بعد نماز جمعہ اور عصر ادا کی گئیں۔ اپنے خطبہ میں انہوں نے جلسہ سالانہ کی اہمیت کو حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی ہدایات کی روشنی میں بیا ن کیا۔ نمازوں کی ادائیگی کے بعد تمام حاضرین جلسہ سالانہ مالی نے حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ لائیو بمبارا زبان میں سنا۔

شام سوا چار بجے نعرہ ہائے تکبیر اور لَاالٰہ الااللّٰہ محمد رسول اللّٰہ کی گونج میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔ لوائے احمدیت مکرم امیر صاحب مالی نے لہرایا جبکہ مالی کا جھنڈا مکرم عمر معاذ صاحب نے بلند کیا۔ دعا کے فوراً بعد جلسہ سالانہ مالی کے افتتاحی اجلاس کا آغاز ہوا۔

افتتاحی اجلاس کی صدارت مکرم امیر صاحب مالی نے کی۔ حسب روایت تلاوت قرآن کریم کے ساتھ اجلاس کا آغاز ہوا۔ قصیدہ کے بعد مکرم محمد داؤ صاحب نے جلسہ سالانہ کے مہمانان جس میں اعلیٰ حکومتی اور نجی شخصیات بھی شامل تھیں کو خوش آمدید کہا اور ان کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ اس کے بعد امیر صاحب نے افتتاحی تقریر کی۔ آپ نے جلسہ سالانہ کے موضوع ’’أَلَا بِذِكْرِ اللّٰهِ تَطْمَئِنُّ الْقُلُوبُ‘‘ پر قرآن کریم، حدیث، حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور خلفائے کرام کے ارشادات کی روشنی میں تفصیل سے روشنی ڈالی۔ افتتاحی خطاب کے بعد معزز مہمانان کرام اور حکومتی شخصیات نےاپنے تأثرات کا اظہار کیا اور جلسہ کے انتظامات کی تعریف کی۔ دعا کے بعد افتتاحی اجلاس کا اختتام ہوا اور نماز مغرب و عشاء ادا کی گئیں۔ رات کے کھانے کے بعد جماعت احمدیہ مالی پر سال بھر میںہونے والے اللہ تعالیٰ کے افضال پر مشتمل ایک ویڈیو پروجیکشن شاملین جلسہ کو دکھائی گئی جسے احباب جماعت نے بہت پسند کیا۔

جلسہ سالانہ مالی کا دوسرا دن

مورخہ 26مارچ 2022ء بروز ہفتہ: جلسہ سالانہ مالی کے دوسرے دن کا آغاز بھی باجماعت نمازتہجد سے ہوا۔ فجر کی نماز کے بعد حاضرین جلسہ سالانہ نے درس قرآن کریم سنا جو مکرم محمد دومبیا صاحب لوکل مشنری نے پیش کیا۔

دوسرے دن کے پہلے اجلاس کا آغاز 9 بجے تلاوت قرآن کریم کے ساتھ ہوا۔ اس اجلاس کی صدارت مکرم صدر صاحب مجلس انصار اللہ نائیجر نے کی۔ قصیدہ کے بعد علمائے کرام مکرم عبدالوہاب صاحب دامبلے لوکل مشنری نے ’’وصیت ایک روحانی نظام‘‘، مکرم عمر معاذ صاحب کولیبالی نائب امیر جماعت احمدیہ مالی نے ’’نماز اصلاح نفس کا ذریعہ‘‘، مکرم مستنصر حسین صاحب مبلغ سلسلہ نے ’’شہدائے احمدیت‘‘ اور مکرم محمد لامین کوناتے صاحب معلم سلسلہ نے ’’شرائط بیعت اور ہماری ذمہ داریاں‘‘ کے عناوین پر تقاریر کیں۔ ان تقاریر کے بعد معزز مہمانان کرام نے اپنے تأثرات کا اظہار کیا۔ اجلاس کے اختتام کے بعدنماز ظہر اور عصر ادا کی گئیں۔

دوسرے دن کے دوسرے اجلاس کا آغاز حسب روایت تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ اس اجلاس کی صدارت مکرم عمر معاذ صاحب کولیبالی نائب امیر جماعت احمدیہ مالی نے کی۔ نظم کے بعد پہلی تقریر مکرم احمد کوکیناصاحب لوکل مشنری نے ’’سماجی تقاریب کو منانے کا اسلامی طریق‘‘ کے عنوان پر کی۔ اس کے بعد مکرم سعید تراؤرے صاحب لوکل مشنری نے ’’خلافت، عبادت الٰہیہ کو قائم کرنے کا ذریعہ‘‘ کے عنوان پر تقریر کی۔ مہمانان کے تأثرات کے بعد اس اجلاس کا اختتام ہوا۔ جس کے بعد نماز مغرب اورعشاء ادا کی گئیں۔ رات کے کھانے کے بعد مجلس سوال و جواب کا انعقاد کیا گیا۔ اور اس طرح بخیرو خوبی دوسرے دن کا اختتام ہوا۔ الحمدللہ

جلسہ سالانہ مالی کا تیسرا دن

مورخہ 27مارچ بروز اتوار: جلسہ سالانہ مالی کے تیسرےدن کا آغاز بھی باجماعت نماز تہجد سے ہوا۔ فجر کی نماز کے بعد درس قرآن کریم مکرم سایو تراؤرے صاحب لوکل مشنری نے پیش کیا۔

جلسہ سالانہ مالی کے اختتامی اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے صبح 9بجے ہوا۔ اس اجلاس کی صدارت مکرم امیر صاحب نے کی۔ نظم کے بعد دو تقاریر ہوئیں جن میں مکرم ادریس کولیبالی صاحب لوکل مشنری نے ’’وطن کی محبت ایمان کا حصہ ہے‘‘ اور مکرم عمر معاذ صاحب کولیبالی نائب امیر جماعت احمدیہ مالی نے ’’حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی ذات پر ہونے والے اعتراضات کے جوابات‘‘ کے عناوین پر تقاریر کیں۔ ان تقاریر کے بعد بعض نومبائعین نے مختلف تائیدی نشانات بیان کیے جنہیں دیکھ کر انہیں بیعت کرنے کی توفیق ملی۔ ان ایمان افروز واقعات کے بیان کے بعد تعلیمی میدان میں نمایاں کامیابیاں پانے والے طلبا ء میں اسناد تقسیم کی گئیں۔ اس کے بعد لجنہ اماء اللہ کے گروپ نے قصیدہ پیش کیا۔

بعد ازاں امیر صاحب نے اپنی اختتامی تقریر میں حاضرین جلسہ سالانہ کو عبادت کے معیار بلند کرنے، خلافت احمدیہ سے مضبوط تعلق پیدا کرنے،نظام جماعت کی اطاعت اور رمضان المبارک کے مہینے کے حوالے سے قرآن کریم، احادیث، حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور خلفائے احمدیت کے ارشادات کی روشنی میں نصائح کیں۔ اختتام سے قبل مکرم امیر صاحب نے تمام معزز مہمانان کرام، کارکنان جلسہ سالانہ اور تمام حاضرین جلسہ کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے جلسہ سالانہ مالی کو ہر لحاظ سے کامیاب بنانے کےلیےبھر پور کوشش کی۔ اختتامی دعا کے بعد نماز ظہر و عصر ادا کی گئیں۔ اس طرح اللہ تعالیٰ کے بے شمار رحمتوں و فضلوں کو سمیٹتا ہوا جلسہ سالانہ مالی اپنے اختتام کو پہنچا۔

دوپہر کے کھانے کے بعد مختلف علاقوں سے آئے ہوئے احباب جماعت کے وفود حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی حاضرین جلسہ سالانہ کے لیے کی گئیں دعاؤں سے اپنی جھولیوں کو بھرتے ہوئے اپنے گھروں کو روانہ ہو گئے۔

جلسہ سالانہ کی حاضری: جلسہ سالانہ مالی 2022ء میں مالی کے 29 ریجنز کے 327مختلف مقامات کے 5496مرد و خواتین شامل ہوئے۔ ان کے علاوہ ہمسایہ ممالک نائیجر کے وفد کے علاوہ برکینا فاسو اور آئیوری کوسٹ کے احباب جماعت نے بھی جلسہ میں شرکت کی۔ اسی طرح 360سے زائدغیر از جماعت احباب شامل ہوئے جن میں اکثرامام، چیف آف ویلج اور مختلف دیہات کے نمائندگان تھے جو پہلی بار جلسہ سالانہ میں شامل ہو رہے تھے۔

بیعتیں: جلسہ سالانہ میں بہت بڑی تعداد میں غیر از جماعت افراد شامل ہوئے اور جلسہ سالانہ کے روحانی ماحول کا ان پر گہرا اثر ہوا جس پر اللہ تعالیٰ کے فضل سے جلسہ سالانہ کے دوران 124افراد کو احمدیت میں داخل ہونے کی توفیق ملی۔

پریس اینڈ میڈیا: جلسہ سالانہ مالی کے آغاز سے قبل ملک کے مختلف ٹیلیویژن، ریڈیواسٹیشنز، اخبارات، رسائل اور آن لائن اخبارات کے نمائندوں کو دعوت دی گئی۔ جس پر اللہ تعالیٰ کے فضل سے ملکی میڈیا و پریس کے نمائندے بڑی تعداد میں جلسہ میں شامل ہوئے۔ جلسہ سالانہ کے اختتام پر ملک کے نیشنل ٹیلیویژن سمیت 5 چینلز نے جلسہ سالانہ مالی کے حوالے سے رپورٹ نشر کی۔ جماعت احمدیہ کے 15ریڈیو سٹیشنز پر جلسہ کی تینوں دن کی تمام کارروائی نشر کی گئی جسے احمدی احباب اور غیر ازجماعت احباب نے مالی کے مختلف شہروں میں گھر بیٹھے سنا اور بہت پسند کیا۔ اس کے علاوہ 3 اخبارات اور 3 آن لائن اخبارات نے جلسہ سالانہ مالی کے حوالے سے رپورٹ شائع کی۔ ایک محتاط اندازے کے مطابق پریس اور میڈیا کے ذریعہ سے تقریباً 10ملین افراد تک جماعت احمدیہ اور جلسہ سالانہ کامثبت تعارف پہنچا۔ فالحمد للہ علیٰ ذالک

آخر میں دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ تمام شاملین جلسہ کو حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی دعاؤں کا وارث بنائے اور جن مقاصد کے لیے پیارے امام علیہ السلام نے جلسہ سالانہ کا آغاز کیا تھا ہم ان مقاصد کو کما حقہ حاصل کرنے والے بنیں۔ آمین

(رپورٹ: احمد بلال مغل۔ مبلغ سلسلہ مالی)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button