برکینافاسو: مرکزی مہمان و نمائندہ خصوصی مکرم محمد شریف عودہ صاحب کی خدمت میں عشائیہ
امسال سیدنا حضرت امیر المومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی جانب سے مکرم محمد شریف عودہ صاحب امیر جماعت کبابیر کو برکینا فاسو کے 30ویں جلسہ سالانہ کے لیے مرکزی نمائندہ مقرر کیا گیا تھا۔ آپ مورخہ 21؍مارچ 2022ء کو بینن کے دورے کے بعد برکینا فاسو تشریف لائے۔ آپ نے 25 تا 27 مارچ برکینافاسو کے تیسویں جلسہ سالانہ میں شرکت کی اور اپنی پرجوش تقاریر، نماز تہجد اور نمازوں کی امامت کرکے دعاؤں کے ذریعہ حاضرین جلسہ کے ایمان تازہ کیے۔ آپ نے خلافت سے محبت اور اطاعت کے غیر معمولی واقعات حاضرین کو سنائے۔ علاوہ ازیں پریس کانفرنسز، ریڈیو، ٹی وی، سوشل میڈیا، پرنٹ میڈیا اور دیگر کو متعدد انٹرویوز دیے اور اسلام کی خوبصورت تعلیمات کو لوگوں تک پہنچایا۔
جلسہ کے بعد آپ کو برکینافاسو کی متعدد جماعتوں کا دورہ کرنے کی توفیق ملی۔ آپ کے دورے کے دوران چار نئی مساجد کا افتتاح عمل میں آیا۔ آپ نے مبلغین کرام سے میٹنگ کی ۔اسی طرح آپ جامعۃ المبشرین تشریف لائے اور طلبہ سے پر مغز خطاب کیا۔ آپ کے دو ہفتہ کےکامیاب دورے کے آخر پر 2؍اپریل 2022ء کو شام سات بجے مرکزی مشن ہاؤس واگا دوگو میں آپ کے اعزاز میں ایک عشائیہ منعقد کیا گیا۔
اس پروگرام میں واگا دوگو شہر سے ممبران نیشنل مجلس عاملہ، مجلس عاملہ انصار اللہ، مجلس عاملہ خدام الاحمدیہ، مبلغین کرام اور ان کی فیملیز، جامعۃ المبشرین کا سٹاف، احمدیہ ہسپتال کے ڈاکٹرز اور دیگر معززین شامل ہوئے۔ مجموعی طور پر ایک صد پچاس کے قریب لوگ اس پروقار تقریب میں شامل ہوئے۔
واگا دوگو مشن میں ایوان مسرور کے سامنے خوبصورت صحن میں اس عشائیہ کا اہتمام کیا گیا تھا۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہواجو مکرم حافظ سورے بشیر صاحب نے کی۔ بعد ازاں مکرم محمود ناصر ثاقب صاحب امیر جماعت برکینا فاسو نے مہمان خصوصی کا شکریہ ادا کیا۔ مکرم امیر صاحب نے بتایا کہ جس دن سے آپ برکینا فاسو تشریف لائے ہیں مسلسل کام میں مصروف ہیں۔ روزانہ کی بنیاد پر آپ کی مصروفیات کا ایک بھر پور پروگرام سامنے تھا جسے آپ نے خوش دلی کے ساتھ مکمل کیا۔ آپ نے اندرون ملک کم و بیش تیرہ صد کلومیٹرز کا بائی روڈ سفر کیا۔ جو آسان کام نہیں تھا۔ دوران سفر آپ مسلسل تربیتی اور تبلیغی جہاد اور دعاؤں میں مصروف رہے۔ آپ کی تقریروں نے جماعت میں ایک نیا جذبہ پھونک دیا ہے۔ اللہ تعالیٰ آپ کو بہترین جزا دے۔ ان کلمات کے ساتھ آپ نے جماعت احمدیہ برکینا فاسو کی طرف سے مہمان خصوصی کی خدمت میں ایک سووینیر، نرم لیدر کے ٹکڑے پر روایتی آرٹ کے ایک خوبصورت نمونے کی صورت میں پیش کیا۔ اس پر آپ کانام، برکینافاسو میں عرصہ قیام اور برکینا فاسو کا نقشہ وغیرہ کندہ تھے۔ صدر مجلس خدام الاحمدیہ نے بھی مجلس خدام الاحمدیہ کی طرف سے خدام الاحمدیہ کی ٹی شرٹ جس پر خدام الاحمدیہ کا لوگو پرنٹ تھا پیش کی۔
اس کے ساتھ ہی معزز مہمان کو دعوت تقریر دی گئی۔ مکرم محمد شریف عودہ صاحب نے خلافت کے ساتھ تعلق، اطاعت خلافت، خلافت کی شفقتوں، قبولیت دعا اور خلافت کی برکت سے بے انتہا فیوض کے حصول کا واقعاتی رنگ میں تذکرہ کیا۔ یہ سب واقعات اتنے ایمان افروز تھے کہ وقت گزرنے کا احساس ہی نہ ہوا۔ آپ کی تقریرڈیڑھ گھنٹہ جاری رہی۔ آپ کی تقریر کا رواں فرنچ ترجمہ مکرم ابو بکر سانوگو صاحب مبلغ سلسلہ کو کرنے کی توفیق ملی۔
تقریر کے اختتام پر آپ نے دعا کروائی جس کے بعد مہمانوں کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔ کھانے کے بعد گروپس کی شکل میں اور انفرادی طور پر بہت سارے احباب نے آپ کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔
(رپورٹ: چودھری نعیم احمد باجوہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)