اجتماع مجلس انصار اللہ مونٹسراڈو کاؤنٹی، لائبیریا
الحمدللہ جماعت احمدیہ لائبیریا کی مونٹسراڈو کاؤنٹی کو مورخہ 13؍مارچ 2022ء بروز اتوار انصاراللہ کا اجتماع منعقد کرنے کی توفیق حاصل ہوئی۔
مجلس انصار اللہ کا یہ اجتماع جماعت کی ملکیت پوریور Kpo River نامی چودہ ایکڑ کے ایک وسیع میدان میں منعقد ہوا جہاں جماعت احمدیہ کا نصرت جہاں پرائمری سکول اور ایک خوبصورت مسجد بھی تعمیر ہے۔
اجتماع کی تیاری کے سلسلے میں صدر مجلس انصاراللہ ڈاکٹر عبد الحلیم صاحب نے تمام امور کی نگرانی کی۔ آپ نے اجتماع کے انتظامات کی دیکھ بھال اور ان کو آسان بنانے کے لیے ایک ٹیم تشکیل دی اور کمیٹی کے ممبران کو اپنے اپنے مفوضہ فرائض کی ادائیگی کی طرف توجہ دلائی۔
کورونا کی وبا اور اس کے تحت ملکی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے محترم امیر صاحب کی ہدایت پر اجتماع کا انعقادتین دن کی بجائے ایک دن ہوا۔
انصار اللہ کے اجتماع میں کاؤنٹی کی بیس جماعتوں نے شرکت کی۔ اجتماع کا آغاز انفرادی نماز تہجد اور باجماعت نماز فجر سے ہوا۔
پرچم کشائی کی تقریب میں صدر صاحب مجلس انصاراللہ نے انصار اللہ کا پرچم بلند کیا اور کاؤنٹی کا پرچم لوکل مشنری مکرم ابراہیم کمارا صاحب نے بلند کیا۔ اس کے بعد اجتماع کا باقاعدہ آغاز ہوا۔
اجتماع کے پہلے اجلاس میں تلاوت، عہد اور نظم کے بعد ’’نماز کی اہمیت‘‘ اور ’’انصار اللہ کی تربیت اولاد کے حوالے سے ذمہ داریاں ‘‘ کے مضامین پر تقاریر پیش کی گئیں۔
بعد ازاں ورزشی اور علمی مقابلہ جات کا آغاز کیا گیا۔
علمی مقابلہ جات میں مقابلہ سوال و جواب، مقابلہ اذان اور مقابلہ صلوٰۃ منعقد کیا گیا۔
اسی طرح ورزشی مقابلہ جات میں ریلے ریس، دوسو میٹر ریس، لمبی چھلانگ اور پنجہ آزمائی کے مقابلے رکھے گئے۔
مقابلہ جات کے بعد نماز ظہر و عصر جمع کرکے ادا کی گئیں جس کے بعد شاملین نے مل کر کھانا تناول کیا۔
اختتامی تقریب میں مکرم نوید احمد عادل صاحب امیر و مشنری انچارج لائبیریا نے شرکت کی۔ آپ نے پوزیشن حاصل کرنے والے انصار میں انعامات تقسیم کیے۔ بعد ازاں آپ نے انصاراللہ سے مختصر تقریر کرتے ہوئے تربیتی و تبلیغی سرگرمیاں بجالانے کی طرف توجہ دلائی نیز انصار اللہ کو تربیت اولاد کی خاص طور پر قیام نماز کے حوالے سے توجہ دلائی۔ دعا کے ساتھ انصاراللہ مونٹسراڈو کاؤنٹی کا اجتماع بخیر و خوبی اختتام پذیر ہوا۔ الحمد للہ
(رپورٹ: مرزا عمر احمد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)