مالٹی زبان میں تبلیغی رسالہ ’’ID-DAWL‘‘ کی اشاعت کے 50 شمارے
حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کے دَور میں کتابوں اور نوشتوں کے بکثرت شائع ہونے کی پیشگوئی کے مطابق دورِ حاضر میں جس کثرت کے ساتھ کتب و رسائل کی اشاعت ہوئی ہے اس کی نظیر تاریخ انسانی میں نہیں ملتی۔ یہ بات جہاں قرآنی پیشگوئی کی صداقت کی دلیل ہے وہیں اس بات کی طرف بھی اشارہ ہے کہ مسیح آخرالزماں کے دور میں اسلام کی تبلیغ و اشاعت کے لیے کتب و رسائل ایک اہم ذریعہ ثابت ہوں گے۔
اللہ تعالیٰ کے خاص فضل و کرم اور پیارے آقا ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی دعاؤں کی برکت سے جماعت احمدیہ مالٹا جہاں تبلیغ اسلام احمدیت کے لیے دوسرے ذرائع بروئےکار لانے کی سعادت پارہی ہے وہیں تبلیغ کے لیے کتب و رسائل کی اشاعت کی بھی توفیق پارہی ہے۔ جماعت احمدیہ مالٹا نے جنوری 2018ء سے مقامی مالٹی زبان میں تبلیغی رسالہId-Dawl،جس کا مطلب نور اور روشنی ہے، کی اشاعت کا اجرا کیا اور اب تک اس رسالہ کے 50 شمارے شائع ہوچکے ہیں۔ فالحمد للہ علیٰ ذالک
رسالہ کے اجرا کا پس منظر
مورخہ 6؍اپریل 2017ء کو مالٹا کے نیشنل ٹیلیویژن پر ایک انٹرویو میں مالٹا میں لیبیا کے زیر انتظام بننے والی مسجدکے پیش امام مکرم امام محمد السعدی صاحب نے جماعت احمدیہ مسلمہ کی کھل کر مخالفت کی اور کہا کہ ہم احمدیوں کو مسلمان تصور نہیں کرتے اور ان کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی یہ مسلمانوں کے معروف فرقوں کی نمائندگی کرتے ہیں۔ کہنے لگے عاطف (مبلغ مالٹا) کو اپنے آپ کو مسلمانوں کا لیڈر کہنے سے رک جانا چاہیے اور میڈیا کو بھی انصاف سے کام لینا چاہیے اور چند افراد پر مشتمل فرقہ کے لوگوں کو ٹیلیویژن پر وقت نہیں دینا چاہیے۔
اس واقعہ کی تفصیل پیارے آقا کی خدمت میں لکھی گئی جس کے جواب میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایاکہ ’’دعا۔ زیادہ کوشش سے پریس میں جائیں۔‘‘
پیارے آقا کے ان مبارک کلمات نے ہمیں بہت ہمت و حوصلہ دیا اورسنی امام صاحب کی جماعت کے خلاف کھل کر مخالفت نے جماعت کے عزم و استقلال میں مزید قوت بھردی اور کھاد کا کام کیا۔ اور جماعت احمدیہ مالٹا نے ایک تبلیغی رسالہ کے اجرا کا منصوبہ بنایا تاکہ اشاعت اسلام احمدیت کے کام کو مزید وسعت دی جاسکے نیز یہ کہ باقاعدگی کے ساتھ اسلام اور احمدیت کے خلاف اُٹھنے والے اعتراضات کے جوابات اور اسلام احمدیت کی خوبصورت تصویر لوگوں کے سامنے پیش کی جاسکے۔ اس رسالہ کی اشاعت کے لیے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت اقدس میں منظوری کے لیے درخواست پیش کی گئی جسے حضور اقدس نے ازراہ شفقت قبول فرماتے ہوئے رسالہ اور اس کے نام کی منظوری عطافرمائی۔
الحمدللہ ثم الحمدللہ کہ جنوری 2018ء سے اس تبلیغی رسالہ کی اشاعت باقاعدہ جاری وساری ہے اور یہ رسالہ اسلام احمدیت کے پیغام کی اشاعت کا ایک مؤثر ذریعہ ثابت ہورہا ہے۔ یہ رسالہ مواد کے ساتھ ساتھ ظاہری طور پر بھی نہایت دیدہ زیب ہے۔ اس رسالہ کو عوام الناس میں تقسیم کرنے کے ساتھ ساتھ اسے جماعتی ویب سائٹ پر بھی آن لائن کیا جاتا ہے نیز سوشل میڈیا کے ذریعے بھی اسے لوگوں تک پہنچایا جارہا ہے۔ اس رسالہ کی اشاعت کا ایک بہت بڑا فائدہ یہ بھی ہے کہ اس کے ذریعے مقامی مالٹی زبان میں تبلیغی مواد بھی ساتھ ساتھ تیار ہورہا ہے۔
ایک ایمان افروز واقعہ
جیسا کہ رسالہ کے پس منظر میں مسجد کے سنی امام صاحب کی مخالفت کا ذکر ہے اور یہ کہ اس رسالہ کے اجرا کا مقصد گھروں تک پیغام اسلام احمدیت پہنچانا ہے، اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے وہ امام صاحب جن کی مخالفت نے جماعت کو رسالہ کی اشاعت کی طرف توجہ دلائی آج سوشل میڈیا کے ذریعے ان کے گھر میں بھی یہ رسالہ پہنچ رہا ہے۔ فالحمد للہ علیٰ ذالک۔ اس بات کا علم اس طرح ہوا کہ اس رسالہ کے چوتھے شمارہ میں جماعت احمدیہ کے تعارف اور حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے مشن کے بارے میں دو مضامین شائع کیے گئے تھے۔ ان مضامین پر مسجد کے امام صاحب کے ایک بیٹے نے سوشل میڈیا پر تبصرہ کیا اور اپنے commentsلکھے۔ یہ تاثرات جماعت کی مخالفت میں تھے تاہم اس سے یہ حقیقت عیاں ہوئی کہ وہ امام صاحب جو جماعت کی مخالفت میں ہمیشہ کمربستہ رہتے ہیں اور جماعت کی آواز کو بند کرنا چاہتے تھے اللہ تعالیٰ نے ان کے گھر تک پیغام احمدیت پہنچانے کے سامان بہم پہنچادیے۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک۔ یہ واقعہ تائیدات الٰہیہ کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
مضامین کی نوعیت
اس رسالہ میں مختلف موضوعات جن میں ہستی باری تعالیٰ، سیرت النبی ﷺ، قرآن کریم اور اسلام کے بارہ میں مضامین شائع کیے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ اسلام احمدیت پر ہونے والے اعتراضات کے جواب اور مقامی اور بین الاقوامی current issues کے بارہ میں اسلامی تعلیمات اور اسلامی نقطہ نظر پیش کیا جاتا ہے۔ یہ رسالہ خلیفہ وقت ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی مبارک آواز قارئین تک پہنچانے کا ایک اہم اور مؤثر ذریعہ ہے۔
رسالہ کے 50 ویں شمارہ کی اشاعت
اللہ تعالیٰ کے خاص فضل و کرم اور پیارے آقا ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی دعاؤں کی برکت سے جماعت احمدیہ مالٹا کو اس رسالہ کے50 ویں شمارہ کی اشاعت کی توفیق ملی ہے۔ فالحمدللہ رب العالمین۔ اس خصوصی شمارہ کے لیے پیارے آقا نے ایک خصوصی پیغام بھی ارسال فرمایا جو ہمارے لیے نہایت خوشی و طمانیت کا باعث ہے۔
تمام معزز قارئین کی خدمت اقدس میں دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ اس رسالہ کو اسلام احمدیت کی تبلیغ کے لیے ایک مثالی رسالہ بنادے اور اس کے مبارک ثمرات عطا فرمائے۔ آمین۔ معزز قارئین اس رسالہ کے تمام شمارہ جات مندرجہ ذیل لنک کے ذریعے ملاحظہ فرماسکتے ہیں۔ بذریعہ فون یا ای میل آپ کی آراء ہمارے لیے راہنمائی کا باعث ہوںگی۔ جزاکم اللہ احسن الجزاء۔
www.ahmadiyya.mt/id-dawl