جلسہ یومِ مصلح موعود شمالی مقدونیہ
جماعت احمدیہ شمالی مقدونیہ نے مورخہ 27؍فروری 2022ء کو مشن ہاؤس بیت الاحد میں جلسہ یوم مصلح موعود منعقد کیا جس میں Berovo اور Pehcevo کے احباب جماعت نے شرکت کی۔ جلسہ کا آغاز نمازِ ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد تلاوتِ قرآنِ کریم سے ہوا۔ اس کے بعد احبابِ جماعت نے حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ فرمودہ 18؍فروری 2022ء ترجمہ کے ساتھ سنا۔ اس خطبہ میں حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے حضرت مصلح موعودؓ کے بچپن کے حوالے سے آپ کو فرشتے کے ذریعہ روحانی علم اور قرآنِ کریم کے علم عطا کیے جانے کا ذکر فرمایا۔ نیز فرمایا کہ حضرت مصلح موعود ؓاسلام کی سچائی کا زندہ نشان ہیں۔ حضورِ انور کے خطبہ کے بعد خاکسار (مربی سلسلہ مقدونیہ) نے حضرت مصلح موعودؓ کے بعض کارناموں کا ذکر کیا جیسے آپ نے نظامِ خلافت مضبوط بنیادوں پر قائم کیا، نظامِ جماعت کو مستحکم کیا اور تبلیغِ اسلام کا جال دنیا بھر میں پھیلایا۔ جلسہ کا اختتام اجتماعی دعا کے ساتھ ہوا۔ آخرمیں احباب کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔ اس پروگرام میں 25 افراد نے شرکت کی۔
(رپورٹ: وسیم احمد سروعہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)