عالمی خبریں

خبرنامہ

(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭…مدینہ منورہ میں رمضان کے آغاز سے اب تک ایک کروڑ چالیس لاکھ زائد زائرین اور نمازی آچکے ہیں اور لاکھوں زائرین روضۂ رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر حاضری دے چکے ہیں۔ مسجدِ نبوی صلی اللّٰہ وسلم کی انتظامیہ اور ماتحت ادارے 24 گھنٹے کام کر رہے ہیں۔دوسری جانب مکہ مکرمہ میں مکہ میونسپلٹی کارپوریشن کے عملے نے مختلف ریستورانوں، دکانوں اور جنرل اسٹورز پر چھاپوں کے دوران نقلی آبِ زم زم کے 250 کین ضبط کیے ہیں۔

٭…روس نے موسم خزاں کے ختم ہونے تک سرماٹ بین البراعظمی بیلیسٹک میزائل نصب کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ جدید روسی میزائل جوہری صلاحیت کے حامل ہیں اور امریکہ میں بھی اہداف کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔ ان میزائل کا ابتدائی ٹیسٹ 20؍ اپریل کو کیا گیا تھا۔ اس آزمائش سے قبل تکنیکی مسائل اور مالیاتی وسائل کی کمی کی وجہ سے اولین ٹیسٹ کو مؤخر کیا جاتا رہا۔سائبیرین یونانی نژاد دیو ملائی کردار سرماٹین سے ماخوذ اس میزائل کے نام کو بعض مغربی ماہرین شیطان ثانی (Satan-II) کا نام بھی دیتے ہیں۔ اس بین البراعظمی میزائل پر دس یا اس سے زیادہ جوہری ہتھیار ایک ہی وقت میں نصب کیے جا سکتے ہیں۔ یہ سارے یورپ اور امریکہ میں ہزاروں کلومیٹر کی دوری تک اپنے ہدف کو نشانہ بنا سکتا ہے۔روس کے خلائی ادارے کے سربراہ دیمیتری روگزین کا کہنا ہے کہ اس سُپر ہتھیار کی تنصیب اگلے تیس سے چالیس برسوں کے لیے روسی لوگوں کو سلامتی کی ضامن ہے۔ ان میزائلوں کو پہلے سے سابقہ سوویت دور کے تیار کردہ ووئیودا میزائل کی جگہ نصب کیا جائے گا۔ سرماٹ کی تنصیب ماسکو کے مشرق میں قریباً تین ہزار کلومیٹر یا 1860 میل دور سائبیریا کے مقام کراسنویارسک کے قریب کی جائے گی۔ اس کے ساتھ ایک فوجی یونٹ بھی متعین کیا جائے گا۔

٭…اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرش روسی و یو کرینی رہنماؤں سے ملاقاتوں میں فوری طور پر جنگ روکنے اور عام شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے پر بات چیت کے لیے آئندہ ہفتے روس اور یوکرین کا دورہ کریں گے۔ کریملن کے مطابق گوٹیرش ماسکو میں منگل کے روز پہلے روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف اور پھر روسی صدر ویلادیمیر پوٹن سے ملاقات کریں گے۔ بعد ازاں جمعرات کو کیئومیں ان کی یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی سے بھی ملاقات متوقع ہے۔ اس دورے کا مقصد یوکرین میں جلد سے جلد قیامِ امن کو بحال کرنا ہے۔ سیکرٹری جنرل اس سے قبل 25 اپریل کو ترکی کے دارالحکومت انقرہ بھی جائیں گے۔

٭…یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے ایک روسی فوج کے کمانڈر کے جارحانہ بیانات کے جواب میں اپنے ہم وطنوں سے روس کی جارحیت کے خلاف مزاحمت جاری رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں خبردار کیا ہے کہ روسی فوج کے تازہ ترین بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ یوکرین پر روسی حملوں کا یہ محض آغاز ہے۔ روسی کمانڈر کے مطابق روس یوکرینی شہر ماریوپول سے اوڈیسا تک، ڈونباس خطے اور جنوبی یوکرین میں مکمل کنٹرول حاصل کرنا چاہتا ہے۔ ماسکو اس کے ذریعے مالدووا کے علیحدگی پسند علاقے ٹرانسنیسٹریا تک زمینی رابطہ قائم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

٭…یوکرین کو روس سے اپنے دفاع کے لیے ٹینک شکن اور طیارہ شکن میزائل، جنگی بحری جہاز، جنگی ہیلی کاپٹر اور لڑاکا طیارے درکار ہیں اور یوکرین کئی ہفتوں سے روسی حملوں سے دفاع کے لیے مغربی ممالک سے مزید اسلحہ اور زیادہ طاقتور ہتھیاروں کا مطالبہ کر رہا ہے۔ نیٹو کے تقریباً تمام ممبر ملکوں نے یوکرین کو کم از کم چھوٹے ہتھیار، حفاظتی سامان یا گولہ بارود تو مہیا کیے ہیں لیکن کوئی جارحانہ ہتھیار نہیں بھیجے کیونکہ اس بات کا خطرہ ہے کہ روس اسے جنگ میں مداخلت تصور کرے گا اور اس عمل کو نیٹو کے خلاف حملے کے بہانے کے طور پر بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

٭…جمعہ 22۔ اپریل کو یروشلم میں واقع مسجدِ اقصیٰ کے احاطے میں اسرائیلی پولیس اور فلسطینی مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ پتھر پھینکنے والے فلسطینی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے اسرائیلی پولیس نے مسجد کے احاطے میں داخل ہو کر آنسو گیس کے شیل داغنے کے ساتھ ساتھ ربڑ کی گولیاں بھی چلائیں۔ اسرائیلی پولیس کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی بڑھتے تشدد کو روکنے کے لیے کی گئی۔ مسجد سے دیوار غربیہ یا ویسٹرن وال کے پاس جمع پاس اوور کی عبادت میں مصروف یہودیوں پر فلسطینیوں کی جانب سے پتھر بھی پھینکے گئے تھے۔

دوسری جانب عرب لیگ نے متنبہ کیا ہے کہ ایسے اقدام سے مسلمانوں کے جذبات کی کھلی تضحیک ہوتی ہے، جس کی وجہ سے وسیع تر تنازع پیدا ہو سکتا ہے۔ جبکہ عرب لیگ کے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے اسرائیلی وزارت خارجہ کے ترجمان لیور ہیات نے کہا کہ اسرائیل نے اس صورت حال کو برقرار رکھا ہوا ہےجس کے تحت وہاں مسلمانوں کو نماز کی آزادی ہے اور غیرمسلموں کو وہاں آنے جانے کا حق حاصل ہے۔ وہاں یہودیوں کے عبادت کرنے پر جو پابندی عائد ہے، پولیس اس کو بھی نافذ کرتی ہے۔

واضح رہے کہ یروشلم کے اولڈ سٹی میں ایک پہاڑی پر مسجد الاقصیٰ واقع ہے جہاں مسیحیوں، مسلمانوں اور یہودیوں کی عبادت گاہیں ہیں۔ اس سال مسلمانوں کا مقدس مہینہ رمضان، مسیحیوں کا ایسٹر اور یہودیوں کا پاس اوور سب ایک ساتھ منائے جا رہے ہیں۔ کووِڈ پابندیوں میں کمی کے باعث ہزاروں افراد یروشلم کے اولڈ سٹی کا رخ کر رہے ہیں۔

٭…عراق کے ایک سینئر عہدیدار کے مطابق دارالحکومت بغداد میں جمعرات 21؍اپریل سے سعودی عرب اور ایران کے درمیان تعلقات کی بحالی کے لیے براہ راست بات چیت ایک مرتبہ پھر شروع ہوگئی ہے۔ ایرانی نیوز ایجنسی نور نے ملک کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سینئر اہلکاروں اور سعودی خفیہ سروس کے سربراہ کی ملاقات کی تصدیق کی ہے۔ واضح رہے کہ یہ دونوں ملک ایک دوسرے کے شدید حریف تصور کیے جاتے ہیں اور باہمی تعلقات سنہ 2016ء سے شدید کشیدہ ہیں۔

٭…چین اور جزائر سلیمان کے مابین حال ہی میں طے ہونے والے ایک سکیورٹی معاہدے کے بعد امریکہ نے بحرالکاہل میں چینی فوجی اڈے کے قیام کے بارہ میں خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاہدے کے امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی علاقائی سلامتی پر سنگین اثرات مرتب ہوں گے اور فوجی اڈہ قائم کیے جانے پر امریکہ سخت ردعمل ظاہر کرے گا۔ دوسری جانب جزائر سلیمان کی حکومت کے مطابق ایسا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ واضح رہے کہ امریکہ پہلے ہی بحیرۂ جنوبی چین میں بیجنگ کی توسیع پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے۔

٭…23؍ اپریل کو پاکستانی فوج کے میڈیا ونگ آئی ایس پی آر نے ایک بیان میں کہا کہ صوبہ خیبرپختونخوا میں عسکریت پسندوں نے فوجیوں پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں فائرنگ کے تبادلے میں تین فوجی اہلکار شہید ہو گئے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان دہشت گردوں کی جانب سے افغان سرزمین کے استعمال کی شدید مذمت کرتا ہےاور توقع کی جاتی ہے کہ افغان حکومت کی جانب سے پاکستان کے خلاف آئندہ ایسی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

گزشتہ ماہ ٹی ٹی پی نے اعلان کیا تھا کہ وہ مقدس مہینے رمضان کے پہلے دن سے پاکستانی سکیورٹی فورسز کے خلاف کارروائی شروع کرے گی۔ ٹی ٹی پی پاکستانی حکام پر دباؤ ڈال رہی ہے کہ وہ عسکریت پسندوں کو اپنے آبائی علاقوں میں واپس جانے کی اجازت دے کیونکہ افغان طالبان کی جانب سے غیر ملکی جنگجوؤں کو افغانستان چھوڑنے کے لیے کہا گیا تھا۔دو ہفتے پہلے بھی پاکستانی طالبان کے ایک حملے سے سات پاکستانی فوجی شہید ہو گئے تھے، جس کے جواب میں پاکستانی فوج نے افغان صوبے کنٹر اور خوست میں حملے کیے تھے۔ ان حملوں کے نتیجے میں درجنوں خواتین اور بچے بھی ہلاک ہو گئے تھے۔ تب افغان طالبان نے تنبیہ کی تھی کہ پاکستانی فوج دوبارہ ایسی کارروائی نہ کرے۔

٭…امریکہ کی معروف قانون ساز الہان عمر پاکستان کے چار روزہ دورے پر ہیں، جہاں انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف اورسابق وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی۔ انہوںنے جمعرات کے روز پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کا دورہ کیا تھا۔ اس متنازعہ علاقے میں کسی امریکی قانون ساز کا اس انداز کا یہ ایک غیر معمولی دورہ تھا جس پر بھارت نے شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے اس کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے ایک سوال کے جواب میں کہا ، جہاں تک میں سمجھتا ہوں، نمائندہ الہان عمر امریکی حکومت کے زیر اہتمام پاکستان کا دورہ نہیں کر رہی ہیں۔الہان نے لائن آف کنٹرول کا دورہ کرنے کے بعد صحافیوں سے بات چیت میں اس خیال کا اظہار کیا کہ جس حد تک کشمیر کے موضوع پر امریکی کانگریس میں یا امریکی انتظامیہ کے ساتھ بات ہونی چاہیے اتنی نہیں ہوئی۔

٭…ورلڈ بینک کے صدر ڈیوڈ میلپاس نے جمعرات کے روز کہا ہے کہ روس کے فوجی حملے کی وجہ سے یوکرین کی سینکڑوں عمارتیں اور انفرااسٹرکچر تباہ ہوگئے ہیں اور ایک عام اندازے کے مطابق اس سے تقریباً 60 ارب ڈالرز کانقصان ہوچکا ہے۔ اگر جنگ جار ی رہی تو مالی نقصان میں مزید اضافہ ہو گا۔ جنگ کے سبب بڑھتا ہوا اقتصادی خرچ اس میں شامل نہیں۔ یوکرینی صدر کا کہنا ہے کہ ان کے ملک پر روس کے حملے کی وجہ سے جو اقتصادی نقصان ہوا ہے اس کی بحالی کے لیے ماہانہ کم از کم 7 ارب ڈالرز کی ضرورت ہوگی۔ اس کے علاوہ یوکرین کو بعد میں بھی اپنی تعمیر نو اور معاشی بحالی کے لیے کھربوں ڈالر کی ضرورت پڑے گی۔

٭…افغانستان کے شمالی صوبہ قندوز کے صدر مقام قندوز شہر کی مسجد میں جمعے کی نماز کے دوران ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 33 افراد جاں بحق ہوگئے۔ طالبان انتظامیہ نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکے میں 43 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

٭…یوکرین کے زاپوریزیہا علاقے میں یوکرینی ٹرانسپورٹ طیارہ انتونوف اے این 26 گرنے سے ایک شخص ہلاک اور 2 افراد زخمی ہو گئے۔ ابتدائی تحقیق کے مطابق ٹرانسپورٹ طیارہ تکنیکی پرواز کے دوران گرا تاہم طیارے میں سوار عملے کے ارکان کی تعداد اور حادثے کی وجہ جاننے کیلئے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

٭…پولینڈ میں زوفیوکا نامی کوئلے کی کان میں میتھین گیس لیک ہونے کی وجہ سے پچاس سے زائد کان کن پھنس گئے۔ امدادی کارروائی سے اندر پھنسے افراد کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا جبکہ باقی 7 افراد کی تلاش جاری ہے ۔

٭…مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں جامعۃ الازھر کے امام اعظم شیخ محمد احمد طیب نے کہا کہ ماہ صیام کے دوران غیر مسلموں پر کھانے کی پابندیاں عائد کرنا اسلام سے مطابقت نہیں رکھتا۔ مصری امام اعظم کا یہ بیان ملک کے آن لائن اخبار ’مصری اسٹریٹس‘ کی اس خبر کے بعد سامنے آیا ہے، جس کے مطابق قاہرہ کے ایک ریستوران نے شام کی افطاری سے قبل دو مسیحی خواتین کو کھانا پیش کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ انہوں نے مسیحی خواتین کے ساتھ کیے جانے والے سلوک کو مضحکہ خیز قرار دیا اور اس بات پر زور دیا کہ روزہ دار مسلمانوں کو دن کے وقت غیر مسلموں کے کھانے پینے سے پریشان نہیں ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلمانوں کو اپنے آپ سے یہ سوال کرنا ہو گا کہ کیا وہ ایسی ہی پابندیاں کم عمر بچوں پر بھی عائد کریں گےجن پر ابھی روزہ فرض نہیں ہے؟

٭…یورپی پارلیمنٹ، کمیشن اور رکن ممالک کے مذاکرات کاروں نے ڈیجیٹل سروس ایکٹ (ڈی ایس اے) کے نئے قوانین پر اتفاق کرتے ہوئے کہا ہے کہ یورپی یونین چاہتی ہے کہ انٹرنیٹ کمپنیاں اپنے پلیٹ فارمز پر غیر قانونی مواد کو تیزی سے حذف کرنے کے لیے اقدامات کریں۔ ان قوانین کے تحت آن لائن پلیٹ فارمز کو کسی قسم کے نفرت آمیز مواد کی رپورٹ کے جواب میں چوبیس گھنٹوں کے اندر اندر کارروائی کرنا ہوگی۔ اس کے ساتھ ساتھ اگر آن لائن مواد میں کسی شخص کی جان یا سکیورٹی کو خطرہ لاحق ہو توکمپنی کو فوری طور پر حکام سے رابطہ کرنا ہوگا۔ ناقدین کے مطابق ڈیجیٹل سروس ایکٹ کے ذریعے سنسرشپ اور اظہار رائے کی آزادی پر قدغن لگ سکتی ہیں۔

٭…امریکی ریاست ٹیکساس میں سزائے موت کے سب سے پُرانے قیدی 78 سالہ مجرم کارل بنشن کو 30 سال قبل معمول کے ٹریفک اسٹاپ کے دوران ایک پولیس اہلکار کو قتل کرنے کے جرم میں حتمی اپیل مسترد ہونے کے بعد 21 اپریل 2022ءکو مہلک انجکشن کے ذریعے سزائے موت دے دی گئی۔ ٹیکساس کی ریاست میں کسی بھی دوسری امریکی ریاست کی نسبت زیادہ تعداد میں قیدیوں کو سزائے موت دی جاتی ہے۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button