خبرنامہ
(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭…سعودی وزارتِ حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ اس سال حج ادائیگی کے لیے حج ویزا یا باضابطہ اقامہ ویزا ضروری ہوگا۔ فیملی وزٹ ویزے پر سعودی عرب آئے ہوئے غیرملکی حج ادا نہیں کرسکیں گے۔ حج کے قواعد، انتظامات کا اعلان وزارتِ حج و عمرہ کے تحت ہوگا۔
٭…امریکی صدر جو بائیڈن نے یوکرینی دفاعی فورسز کی مدد کے لیے ايک نئے امدادی پیکج کا اعلان کیا ہے۔ جس کے تحت امریکہ یوکرین کو روس سے اپنا دفاع کرنے کے لیے مزيد 150 ملین ڈالر کا اسلحہ فراہم کرے گی۔ صدر بائیڈن نے بتايا کہ اس پيکج ميں یوکرین کو اضافی اسلحہ، گولہ بارود، ریڈار نظام اور دیگر عسکری سامان مہیا کیا جائے گا۔ بائیڈن کانگریس پر زور دے رہے ہیں کہ انہیں 33 ارب ڈالر کی منظوری دی جائے جس میں یوکرین حکومت کے ليے اضافی 20 ارب ڈالرز کی فوجی امداد شامل ہوگی اور یہ پانچ ماہ تک جاری رہی گی۔ واضح رہے کہ اس اعلان سے قبل امریکا 3.4ارب ڈالر کی مالیت سے زیادہ کا اسلحہ یوکرین بھیج چکا ہے۔
٭…اقوام متحدہ کے سب سے طاقتور ادارے سلامتی کونسل نے یوکرین پر روس کے حملے کے دو ماہ سے زائد عرصے کے بعد پہلی مرتبہ مشترکہ موقف اختیار کرتے ہوئے متفقہ طور پر اعلان کیا کہ وہ یوکرینی تنازعے کے حوالے سے شدید فکرمند ہے۔ سلامتی کونسل کے اس اعلامیہ میں روس کی رضامندی بھی شامل ہے۔ سلامتی کونسل نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرس کی یوکرین اور روس کے درمیان ثالثی کی کوششوں کا بھی خیر مقدم کیا۔
٭…امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اپنے پاکستانی ہم منصب بلاول بھٹو زرداری سے ٹیلی فون پر گفتگو میں انہیں وزیر خارجہ کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی۔ دونوں راہنماوں نے باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ پاکستانی وزیر خارجہ بلاول زرداری بھٹو نے اپنی ایک ٹویٹ میں بتایا کہ بات چیت کے دوران امن، ترقی اور سکیورٹی کے امور پر ایک ساتھ مل کر بہتری کی راہیں تلاش کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دوسری جانب امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے پریس سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن اسلام آباد کے ساتھ باہمی مفادات کے شعبوں میں تعاون جاری رکھنا چاہتا ہے جن میں انسدادِ دہشت گردی اور بارڈر سکیورٹی بھی شامل ہے۔
٭…عمانوئیل ماکروں نے صدارتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں 58.5 ووٹوں کی اکثریت کے ساتھ انتہائی دائیں بازو کی سیاست دان مارین لی پین کو شکست دے کر دوسری مرتبہ فرانس کے صدر کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ تقریبِ حلف برداری پیرس میں صدارتی محل الیزے پیلس میں منعقد ہوئی جہاں انہيں اکیس توپوں کی سلامی بھی دی گئی۔ اپنی مختصر تقریر میں ماکروں نے کہا کہ دنیا اور فرانس کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے نئے طریقہ کار کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یوکرین میں روسی حملے اور عالمی سطح پر ماحولیاتی خطرات کا خصوصی طور پر ذکر کیا۔ عمانوئیل ماکروں یورپی اتحاد کے حامی ہیں اور وہ 9؍ مئی کو منائے جانے والے ‘یومِ یورپ’ کے موقع پر اسٹراسبرگ میں یورپین پارلیمنٹ کا دورہ کریں گے جس کے بعد وہ اپنے پہلے غیر ملکی دورے پر جرمن چانسلر اولاف شولس سے ملاقات کرنے کے لیے برلن جائیں گے۔
٭… پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (ISPR)کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں ایک مرتبہ پھر اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ فوج کو سیاست سے دور رکھا جائے اور اس کے خلاف غیر مصدقہ اشتعال انگیز بیانات دینے کی روش نقصان دہ ہے۔حال ہی میں پاکستان کی مسلح افواج کو ملک میں جاری سیاسی گفتگو میں جان بوجھ کر گھسیٹنے کی کوششیں تیز ہوئی ہیں۔کچھ سیاست دانوں، چند صحافیوں اور تجزیہ کاروں کی جانب سے عوامی فورمز اور متعدد مواصلات کے ذرائع جن میں سوشل میڈیا بھی شامل ہے، براہِ راست، بالواسطہ اور حوالہ جات کے ذریعے مسلح افواج اور اس کی سینیئر لیڈرشپ کے بارے میں بات کی جا رہی ہے۔اعلامیہ کے مطابق غیر مصدقہ اشتعال انگیز اور ہتک آمیز بیانات دینے کی روش انتہائی نقصان دہ ہے۔ افواج کو غیر قانونی اور غیر اخلاقی عمل میں شامل کرنےکی سختی سے مذمت کرتی ہے اور ہمیں توقع ہے کہ سب قانون کی پاسداری کریں گے اور افواج پاکستان کو ملکی مفاد میں سیاسی گفتگو سے دور رکھیں گے۔
٭… پاکستان کے صوبہ پنجاب میں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی میں پاور شیئرنگ اور وزارتوں کی تقسیم کا معاملہ تاحال حل نہ ہوسکا۔(ن) لیگ اور پیپلز پارٹی رہنماؤں کے درمیان وزارتوں کی تقسیم کے حوالے سے ملاقات بھی ناگزیر وجوہات پر منسوخ ہوگئی۔
٭…شمالی کوریا نے عالمی پابندیوں کی خلاف ورزیاں جاری رکھتے ہوئے مبینہ طور پر ایک نئے بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے۔ جنوبی کوریا کے مطابق آبدوز سے لانچ کیے جانے والا یہ میزائل جوہری وار ہیڈ سے لیس ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ جاپان کی وزارت دفاع نے بھی پیونگ یانگ کی جانب سے بیلسٹک میزائل فائر کرنے کی اطلاع کی ہے۔ رواں سال میں پیونگ یانگ کا یہ پندرہواں میزائل تجربہ ہے۔ اقوامِ متحدہ کی قرارداد کے مطابق شمالی کوریا کو ایسے میزائل کا تجربہ کرنے کی اجازت نہیں ہے جو جوہری وارہیڈ سے لیس ہونے کی صلاحیت رکھتا ہو۔
٭…سری لنکا میں لاکھوں ملازمین نے ہڑتال کر تے ہوئے ملک بھر میں سیاہ پرچم لہرائے۔ جمعے کے روز پورے سری لنکا میں دفاتر، فیکٹریاں اور پبلک ٹرانسپورٹ بند رہے اور معمولات زندگی تقریباً مفلوج ہوکر رہ گئے۔ صدر گوٹابایا راجاپکسے نے اس کے نتیجے میں سری لنکا میں دوسری مرتبہ ایمرجنسی کے نفاذ کا اعلان کر دیا ہے۔دوسری طرف ملک اپنے بدترین مالیاتی بحران سے گزر رہا ہے جس پر قابو پانے میں حکومت کی ناکامی کے خلاف عوامی غم و غصہ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
٭…افغان طالبان کے سپريم ليڈر ہیبت اللہ اخوند زادہ کی جانب سے ہفتہ 7؍ مئی کو دارالحکومت کابل ميں منعقدہ تقريب ميں ايک حکم نامہ جاری کيا گيا ہے، جس کے تحت ملک ميں تمام عورتوں کے ليے برقعہ پہننا لازمی ہو گيا ہے۔ مذکورہ حکم نامہ کے مطابق عورتوں کو چادر اوڑھنی چاہيے، جو روايات کے مطابق ہے۔ جبکہ لکھا ہے کہ جو لڑکياں کم عمر ہيں، ان کے لیے آنکھوں کے سوا اپنا چہرہ مکمل طور پر ڈھانپنا لازمی ہے، جيسا کہ شريعت ميں بيان کيا گيا ہے۔ يوں نامحرم مردوں سے ملتے وقت ان مردوں کے ذہنوں ميں غلط خيالات نہيں آئيں گے۔ اس حکم کی خلاف ورزی کرنے والی خواتين کے قريبی مرد رشتہ داروں کو قيد اور نوکريوں سے برطرف بھی کيا جا سکتا ہے۔ یاد رہے کہ يہ طالبان کی جانب سے عورتوں کے حوالے سے اب تک کا سخت ترين قدم ہے۔ اس سے قبل سنہ 1996ء سے لے کر سنہ 2001ء کے دوران رہنے والی طالبان حکومت کے دور ميں بھی خواتین پر ایسی ہی سخت پابندیاں عائد کی گئی تھیں۔
٭…اقوامِ متحدہ کے شعبہ انسانی حقوق کی چیف مشیل بیچلیٹ نے ایتھوپیا میں مسلمان اور مسیحی برادری کے درمیان پیش آنے والی جھڑپوں پر تشويش ظاہر کرتے ہوئے حکام سے اس واقعہ کی تفتیش کرنے اور اس میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچانے کی اپیل کی ہے۔ شمالی ایتھوپیا میں گزشتہ ماہ کے اواخر میں مسلمان اور آرتھوڈوکس مسیحی برادری کے درمیان ہونے والے پُرتشدد واقعات میں کم از کم تیس افراد ہلاک اور ایک سو کے قریب زخمی ہوگئے تھے۔ پولیس نے واقعہ کے بعد پانچ سو کے قریب افراد کو حراست میں لے رکھا ہے۔
٭… سعودی عرب کے سرکاری میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے 86سالہ بادشاہ شاہ سلمان کو طبی معائنے کے لیے کنگ فیصل سپیشلسٹ ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا ۔سعودی بادشاہ کی صحت حالیہ عرصے میں ناساز رہی ہے۔ انھوں نے مارچ میں اپنے پیس میکر کی بیٹری تبدیل کی تھی اور 2020ء میں ان کا پِتّا نکال دیا گیا تھا۔ان کے بیٹے، محمد بن سلمان، 2017ء میں ولی عہد کے طور پر تقرری کے بعد سے ملک کے عملی حکمران ہیں۔شاہ سلمان ولی عہد اور نائب وزیر اعظم کے طور پر اڑھائی سال گزارنے کے بعد 2015ء میں سعودی عرب کے بادشاہ بنے تھے۔
٭…القاعدہ کے سربراہ نے 6؍اپریل کو جاری کی گئی اپنی تازہ ویڈیو میں یوکرین میں روسی فوجی چڑھائی کا ذمہ دار امریکا کو ٹھہرایا ہے۔ یہ ویڈیو القاعدہ کے بانی اور اولین رہنما اسامہ بن لادن کی ہلاکت کی گیارہویں برسی کے موقع پر جاری کی گئی ہے۔ دوسری جانب القاعدہ کے جنگجوؤں نے یمنی فوجیوں کے ساتھ ایک جھڑپ میں دو سینیئر فوجی افسروں کو ہلاک کر دیا ہے۔
٭…اسرائیلی فوج نے کارروائی کرتے ہوئے ایک اسرائیلی شخص کو قتل کرنے کے شبہ میں شمالی مغربی کنارے میں واقع ایک فلسطینی کا گھر تباہ کر دیا ہے۔ اس کارروائی کے دوران اسرائیلی فورسز پر پتھراؤ کیا گیا جس کا جواب فائرنگ سے دیا گیا۔ یاد رہے کہ گذشتہ سال 16 دسمبر کو ایک 25سالہ اسرائیلی شہری کو اس وقت گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا جب وہ گاڑی میں سوار تھے۔ اس واقعہ کے بعد چار فلسطینیوں کی گرفتاریاں عمل میں آئیں۔ انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے تلاشی کے دوران مشتبہ فلسطینی شہریوں کے گھر مسمار کرنے کی شدید مذمت کی جاتی ہے۔
٭…چینی محققین نے ماؤنٹ ایورسٹ پر دنیا کابلند ترین خود کار ویدر اسٹیشن (weather station)نصب کردیا ہے جسے موسمیاتی تاریخ کا یہ ایک اہم کارنامہ قرار دیا جا رہا ہے۔ 8,800 میٹر کی بلندی پرلگایا گیا خودکار موسمی حالات کا تجزیہ کرنے والا یہ آلہ برف اور برف کی موٹائی کی پیمائش کے لیے نصب کیا گیا ہے۔ سمٹ مشن پروجیکٹ میں پانچ سائنسی تحقیقاتی ٹیمیں شامل ہیں۔ پروجیکٹ میں سولہ سائنسی گروپس اور 270 سے زائد محققین بھی شامل ہیں۔ اس سے قبل بالکونی اسٹیشن کو دنیا کی بلند ترین ویدر اسٹیشن کا درجہ حاصل تھا۔بالکونی اسٹیشن کو 2019ء میں امریکی اور برطانوی سائنسدانوں نے ایورسٹ پر نصب کیا تھا جو سطح سمندر سے تقریباً 8,430 میٹر کی بلندی پر واقع ہے۔
٭…موسمیاتی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان اور بھارت کو آئندہ دنوں میں گرمی کی بدترین لہر کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ گرمی کی ممکنہ لہر سے ہزاروں افراد کی جانیں جانے کا بھی خدشہ ہے۔ اس دوران بڑی عمر کے افراد کو خاص احتیاط کرنے کا کہا جا رہا ہے۔ ماہرین نے خبردار کرتے ہوئے یہ بھی کہا ہے کہ سال کے گرم ترین مہینے آنا ابھی باقی ہیں۔ گرمی کی لہر کا دورانیہ طویل بھی ہوسکتا ہے۔واضح رہے کہ اعدادوشمار کے مطابق پاکستان اور بھارت میں مارچ اور اپریل کے مہینے میں 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے زائد درجہ حرارت رہا جس سے تقریباً ایک ارب لوگ متاثر ہوئے۔
٭…کیوبا کے دارالحکومت ہوانا کے ایک لگثری ہوٹل میں دھماکے کے نتیجے میں کم از کم بائیس افراد کی ہلاکتوں کی تصدیق ہو چکی ہے۔ کورونا وائرس کی وبا کے سبب یہ فائيو اسٹار ہوٹل دو سال سے بند تھا جسے آئندہ ہفتے دوبارہ کھولا جا رہا تھا۔ کیوبا کے صدر نے کسی قسم کے دہشتگرد حملے کی تردید کر تے ہوئے کہا ہے کہ یہ دھماکہ گیس کا ٹینک پھٹنے کے نتيجہ ميں ہوا۔
٭…امریکی ریاست نیو میکسیکو کو تاریخ کی دوسری بڑی جنگل کی آگ کا سامنا ہے۔ جہاں اس وقت چھ مختلف مقامات پر جنگلات میں آگ لگی ہوئی ہے۔ دارالحکومت سانتافے کے مشرقی حصے میں لگی آگ 1 لاکھ 72 ہزار ایکڑ تک پھیل چکی ہے۔ آگ لگنے سے 170 مکانات تباہ ہو گئے جبکہ 16 ہزار افراد کا علاقے سے انخلا کرا لیا گیا ہے۔ تیز ہواؤں، شدید گرمی اور خشک موسم کے باعث فائر فائٹرز کو آگ بجھانے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
٭…انگلینڈ کے شہر بریڈفورڈ کے علاقے بی ڈی 5 میں واقع مرکزی جامع مسجد مدنی میں عید کے موقع پر ایک شخص نے ساتھ بیٹھے شخص کو چھری کے وار کر کے زخمی کردیا۔ ویسٹ یارکشائر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کے گھر پر چھاپا مارا اور اس کے خاندان کے 3 افراد کو گرفتار کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیاہے۔
٭…مصر ميں ايک سائيکل رکشہ دريائے نيل کی ايک نہر ميں گرنے سے فیکٹری میں ملازمت کرنے والے آٹھ بچے جاں بحق ہو گئے۔ بچوں کی عمريں بارہ اور پندرہ برس کے درميان تھيں۔ اطلاعات کے مطابق حادثے کے وقت رکشے پر تیرہ کے قریب افراد سوار تھے۔
٭…پاکستان کے علاقہ گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے 32 سالہ سرباز خان ایسے پہلے پاکستانی کوہ پیما بن گئے جنہوں نے آٹھ ہزار میٹر سے زائد بلندی والی دنیا کی 14 بلند ترین چوٹیوں میں سے 10 کو سر کر لیا ہے۔ انہوں نے دنیا کی تیسری بلند ترین چوٹی سر کرکے یہ اعزاز اپنے نام کیا ہے۔ اس سے قبل انہوں نے2017ء میں 8,125 میٹر بلند نانگا پربت، 2018ء میں دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو کو، 2019ء میں براڈ پیک جبکہ رواں برس کے آغاز میں گیشر بروم، اناپورنا اور دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ سر کی تھی۔