جرمنی کی جماعت Wittlich میں فلائرز کی تقسیم
اللہ تعالیٰ کےفرمان بَلِّغۡ مَاۤ اُنۡزِلَ اِلَیۡکَ مِنۡ رَّبِّکَ کی بجاآوری کے لیے جماعت جرمنی ہر وقت اِس کوشش میں رہتی ہے کہ اللہ تعالیٰ کا پیغام مخلوق خدا تک پہنچایا جائے۔ اس کے لیے مختلف ذرائع استعما ل میں لائےجاتے ہیں ۔ان ذرائع میں سے ایک بڑاذریعہ فلائرز کی تقسیم ہے۔ کبھی تو خدام و انصار flyer action کی مہم کے تحت گروپس کے ذریعہ پیغام حق پہنچانے کے لیے میدانِ عمل میں نظر آتے ہیں اورکبھی وقف نو کے گروپس بھجوائے جاتے ہیں۔ شہر ہوں یادیہات ، ہرطرف و سمت امام مہدی ؑکے دیوانے فلائرز بکھیرتے ہیں ۔ جرمنی کی جماعت نےاپنے پیارے امام حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ سے وعدہ کر رکھاہے کہ 2023ء تک جرمنی کے چپہ چپہ تک حضرت امام مہدیؑ کا پیغام پہنچانے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ان شاء اللہ
اسی طرح کا ایک پروگرام جماعت Wittlich میں مورخہ 5؍فروری 2022ء بروز ہفتہ ہوا۔ جس میں10 افراد کا ایک گروپ صبح نماز فجر و ناشتہ کے بعددعا کر کے میدان عمل میں نکلا۔ اللہ تعالیٰ جزائے خیر سے نوازے مکرم رانا جاوید اقبال صاحب کی فیملی کو جنہوں نے حلوہ پوری سےناشتہ کروایا۔ مرکز کی طرف سے دیے گئے پلان کے مطابق 40کلو میٹر کا فاصلہ طے کر کے 7 دیہات میں فلائرز کی تقسیم کرناتھی۔ ایک ویگن اور ایک کار کے ذریعہ یہ قافلہ منزل کی طرف رواں دواں ہوا۔ ویگن میں بیٹھے ہوئےاحباب کی کمان صدر صاحب جماعت مکرم طاہر احمد ظفر صاحب کے ہاتھ میں تھی۔ جبکہ کار میں موجود دوست کی ذمہ داری خاکسار کے سپرد تھی۔ منزل مقصود پرپہنچ کر سب نے فلائرز کو اپنے اپنے ہاتھوں میں تھاما اور گھروں کے باہرلگے پوسٹ بکس میں ڈالنا شروع کردیا۔ گلی ہو یاکوچہ، گذر گاہ ہو یا راستہ، ہر سمت وسوجاتی تھی نظر ان تقسیم کاروں کی۔ ان تقسیم کاروں کے لیے ریفریشمنٹ کا بھی انتظام تھا۔ ایک بجےدوپہرتک اس ٹارگٹ کو حاصل کر لیا گیا تھا جس کو لے کر یہ قافلہ مسجد بیت الحمد سےچلا تھا۔ قافلہ سالاروں نے ایک دفعہ اس لسٹ پر نظر بھی ڈالی جو کہ ان کے پاس موجود تھی تاکہ کوئی جگہ رہ نہ جائے جہاں فلائرز کو بکس میں ڈالناتھا۔ جونہی کانوں میں یہ آواز آئی کہ لسٹ کے مطابق سب گاؤں میں تقسیم کا کام مکمل ہو چکا ہے الحمدللہ و شکرللہ سب کی زبان پر جاری تھا۔ دونوں گاڑیوں نے مسجد کی طرف رخ کیا تا کہ نماز ظہر و عصر کی ادا کی جا سکے۔ نمازوں کی بجا آوری وتکمیل کے بعد بعض احباب کو ان کے گھروں تک پہنچانے میں مدد کی گئی ۔اس دن 1449 فلائرز پوسٹ باکسز کی زینت بنے۔ الحمدللہ
اس فلائر کا نام ہے ’’Der wahre Erlöser‘‘ یا انگلش میں ’’The true Redeemer- Savior‘‘کہا جا سکتا ہے۔تقسیم کرنے والوں میں خاکسارکے علاوہ مکرم طاہر احمد ظفر صاحب، مکرم شاہداحمد منیر صاحب، عزیزم علی ارشد صاحب، عزیزم ابرار حسین صاحب، مکرم محمد شاہد بٹ صاحب، مکرم رانا جاوید اقبال صاحب، قائد مجلس خدام الاحمدیہ مکرم اسامہ قمر صاحب، مامون احمد صاحب اور ایک طفل رانا حسام جاوید صاحب تھے۔
میرا پیارا خدا ان سب کے مال و نفوس برکتوں سے بھر دے جو کہ امام مہدیؑ کے پیغام کو مختلف ذرائع استعمال کرتے ہوئےمخلوق خداوندی تک پہنچاتے ہیں۔ آمین یارب العالمین
(رپورٹ: جاوید اقبال ناصر۔ مربی سلسلہ جرمنی)