نمازِجنازہ حاضر و غائب
مکرم منیر احمد صاحب جاوید پرائیویٹ سیکرٹری حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز تحریر کرتے ہیں کہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے14؍اپریل 2022ءبروز جمعرات 12بجے دوپہر اسلام آباد(ٹلفورڈ) میں اپنے دفتر سے باہر تشریف لاکر مکرم عبدالقیوم کھوکھر صاحب (واٹفورڈ۔ یوکے) اور مکرمہ خاور منصور ملہن صاحبہ اہلیہ مکرم شیخ منصور احمد ملہن صاحب (نیومالڈن۔ یوکے) کی نماز جنازہ حاضر اور 07مرحومین کی نماز جنازہ غائب پڑھائی۔
نماز جنازہ حاضر
1۔مکرم عبدالقیوم کھوکھر صاحب (واٹفورڈ۔ یوکے)
11؍اپریل 2022ء کو 82 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ 27سال قبل کوٹلی آزادکشمیر سے یوکے شفٹ ہوئے۔ مرحوم کے والد مکرم الف دین صاحب نے 1930ء میں بیعت کی توفیق پائی۔ مرحوم کے چچا منشی علم دین صاحب کو 1979ء میں کوٹلی میں شہید کردیا گیا تھا۔ آپ نے عزت و وقار کے ساتھ زندگی گزاری اور ہمیشہ دوسروں کی مدد اور مالی قربانی میں پیش پیش رہتے ۔ آزادکشمیر میں ان کے گھر میں کنویں کا پانی نکلنے میں مشکل تھی۔ انہوں نے حضرت خلیفۃ المسیح کی خدمت میں دعا کا خط لکھا تو کھدائی کرنے پر پانی نکل آیا جس سے علاقہ کے بہت سے افراد اب بھی فائدہ اٹھاتے ہیں۔ آپ بہت فخر سے کہا کرتے تھے کہ حضرت خلیفۃ المسیح کی دعا سے یہ پانی نکلا ہے ۔ آپ کو لوکل جماعت میں ایک عرصہ تک بطورسیکرٹری رشتہ ناطہ خدمت کی توفیق ملی ۔ مرحوم بڑی باقاعدگی سے نماز جمعہ کے لیے واٹفورڈ سے صبح کی ٹرین پرلندن مسجد فضل یا بیت الفتوح میں حاضر ہوا کرتے تھے۔ مرحوم نے اپنے پیچھے بیوہ کے علاوہ تین بیٹے اور ایک بیٹی سوگوار چھوڑے ہیں ۔
2۔مکرمہ خا ور منصور ملہن صاحبہ اہلیہ مکرم شیخ منصور احمد ملہن صاحب (نیومالڈن۔ یوکے)
8؍اپریل 2022ء کو 75سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ مکرم شیخ بشیر احمد صاحب (سابق امیر جماعت لاہور )کی بھانجی اور مکرم ڈاکٹر فہیم یونس صاحب (نائب امیر جماعت امریکہ) کی خالہ تھیں ۔آپ 1975ءمیں یو کے آئی تھیں ۔ اپنی جماعت میں مختلف حیثیتوں سے خدمت کرنے کی توفیق پائی ۔مرحومہ پنجوقتہ نمازوں کی پابند ، دیندار ، بہت ملنسار، غر باء کا خیال رکھنے والی اور خلافت کے ساتھ اخلاص وو فا کا تعلق رکھنے والی ایک نیک بزرگ خاتون تھیں ۔ مالی قربانیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی تھیں۔ مرحومہ نے اپنے پیچھے ایک بیٹی اور 2بیٹے یادگار چھوڑے ہیں۔
نماز جنازہ غائب
1۔مکر م محمد سلیم قمر صاحب ابن مکرم چودھری عبدا لعزیز صاحب ( راولپنڈی شہر)
9؍فروری 2022ء کو75سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ ۔مرحوم پنجوقتہ نمازوں کے پابند ، تہجد گزار، سادہ مزاج ، ملنسار ، مہمان نواز، غریب پرور ، ہمدرد اور درویش صفت انسان تھے۔ راولپنڈی میں اپنے حلقہ کے صدر جماعت کے علاوہ آپ نے مختلف عہدوں پر خدمت کی توفیق پائی ۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹا اور تین بیٹیاں شامل ہیں ۔
2۔ مکر مہ سیدہ زہرہ جبین صاحبہ اہلیہ مکرم چودھری عبدالحفیظ صاحب ( کینیڈا)
9؍مارچ 2022ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ ۔مرحومہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی حضرت سید سیف اللہ شاہ صاحب رضی اللہ عنہ کی پوتی تھیں۔آپ نے بھارت میں لمبا عرصہ بطور صوبائی صدر لجنہ کشمیر خدمت کی توفیق پائی ۔ مرحومہ محکمہ تعلیم حکومت جموں و کشمیر سے ریٹائر منٹ کے بعد اپنے بچوں کے پاس کینیڈا منتقل ہوگئی تھیں۔آپ کو حج بیت اللہ کی سعادت بھی حاصل ہوئی۔ سلسلہ کے لیے غیرت رکھنے والی ، مہمان نواز اور ایثار کے جذبہ سے سرشار ایک نیک خاتون تھیں۔مرحومہ موصیہ تھیں۔
3۔مکر م محمد اسحاق منگلا صاحب ابن مکرم عبد القدیر منگلا صاحب(سرگودھا)
3؍اکتوبر 2021ء کو 56سال کی عمر میں وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم نے مقامی سطح پر قائد خدام الاحمدیہ کے علاوہ اپنی جماعت کے سیکرٹری تربیت اور سیکرٹری اصلاح وارشاد کے طورپر بھی خدمت کی توفیق پائی۔ دینی اور اخلاقی لحاظ سے بہت اچھے تھے۔
4۔ مکر م چودھری بشیر احمد گورایہ صاحب ابن مکرم چودھری محمد ابراہیم صاحب ( اسلام آباد)
5؍فروری 2022ء کو 102سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ ۔ مرحوم نے 1974ءکے فسادات میں بڑی خدمات سرانجام دیں ۔مغلپورہ (لاہور )میں سیکرٹری تعلیم اور سیکرٹری اصلاح و ارشاد کے طور پر خدمت کی توفیق پائی ۔ مرحوم بہت مہمان نواز ، غریب پرور، ہمدرد اور ایک نیک فطرت انسان تھے۔چندوں میں باقاعدہ اور ہر تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے والےتھے۔ گھر میں باقاعدگی سے نمازباجماعت کا اہتمام کرتے اور ہر نماز کے بعد حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی کتب کے درس کا بھی اہتمام کیا کرتے تھے۔ مرحوم موصی تھے۔
5۔مکر م ملک منیر احمد صاحب ابن مکرم فضل داد صاحب (دوالمیال۔حال ربوہ)
6؍فروری 2022ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ ۔ مرحوم ابتدائی تعلیم کے بعد فوج میں بھرتی ہوئے اور1965ء اور1971ءکی جنگوں میں حصہ لیااور حکومت پاکستان کی طرف سے چار فوجی اعزازات حاصل کیے۔1977ءمیں پرائیویٹ ملازمت کے سلسلہ میں دبئی چلے گئے اور وہاں نمازوں اور چندوں کے نظام کو بہتر بنانے کی کوشش کرتے رہے۔1996ءمیں ربوہ آگئے اور اعزازی خدمت کے لیے اپنے آپ کو پیش کردیا جس کے بعد آپ کو وکالت مال اوّل میں کام کرنے کا موقع ملا ۔ آپ نے 18 سال تک دارالفتوح شرقی ربوہ کے صدر کے طورپر بھی خدمت کی توفیق پائی ۔ مرحوم خلافت کے فدائی اورجماعت کےلیے بہت غیرت رکھنے والے ایک نیک اور باوفا انسان تھے۔ مرحوم موصی تھے ۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ تین بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں ۔
6۔مکر مہ ثریا بی بی صاحبہ (ہمبرگ۔ جرمنی)
28؍فروری 2022ء کو 70سال کی عمر میں وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ ۔ مرحومہ بہت نیک اور اچھے اخلاق کی مالک تھیں۔ ماہانہ اجلاسات میں باقاعدگی سے شرکت کرتی تھیں۔چندہ جات کی ادائیگی بڑی پابندی کے ساتھ بروقت کیا کرتی تھیں۔مرحومہ کے ایک بیٹے مکرم فضل احمد کھوکھر صاحب جماعت ہمبرگ میں سیکرٹری امور خاجہ کے طورپر خدمت کی توفیق پارہے ہیں ۔
7۔مکر م بابر محمود بسرا صاحب ایڈووکیٹ ( ربوہ)
آپ کو 12؍مارچ 2022ء کو احمد نگر کے قریب قتل کردیا گیا۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ ۔ آپ نے محلہ ناصر آباد جنوبی میں زعیم خدام الاحمدیہ کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ اس سال محلہ میں سیکرٹری امور عامہ منتخب ہوئے اور آجکل قضا میں بطور وکیل خدمت کی توفیق پارہے تھے۔بہت ملنسار، ہنس مکھ اور مربیان اور واقفین زندگی کا خیال رکھنے والے نیک انسان تھے۔غرباء اور بیوگان کے کام بغیر اجرت لیے کردیا کرتے تھے۔
اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین
٭…٭…٭
مکرم منیر احمد صاحب جاوید پرائیویٹ سیکرٹری حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز تحریر کرتے ہیں کہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے 20؍اپریل 2022ء بروز بدھ 12بجے دوپہر اسلام آباد(ٹلفورڈ) میں اپنے دفتر سے باہر تشریف لاکر مکرم محمد کریم قریشی صاحب (ساؤتھ آل۔ یوکے) کی نماز جنازہ حاضر اور07مرحومین کی نماز جنازہ غائب پڑھائی۔
نماز جنازہ حاضر
مکرم محمد کریم قریشی صاحب(ساؤتھ آل۔ یوکے)
11؍اپریل 2022ء کو 92سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے اولین صحابی حضرت حافظ محمد امین صاحبؓ کے صاحبزادے تھے۔ آپ کے دو بھائی مکرم عطاءالرحمٰن قریشی صاحب اور مکرم عبدالقادر قریشی صاحب ہجرت کے وقت قادیان رہے اور بطور درویش خدمت کی توفیق پائی۔ مرحوم نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد پاکستان میں سول میجر کے رینک سے ریٹائرڈ ہوئے۔ آپ کو راولپنڈی جماعت میں لمبا عرصہ بطور سیکرٹری مال خدمت کی توفیق ملی۔ مرحوم موصی تھے۔ لواحقین میں ایک بیٹا اور پانچ بیٹیاں سوگوار چھوڑی ہیں ۔
نماز جنازہ غائب
1۔ مکر م امان اللہ صاحب (ریٹائرڈ معلم سلسلہ ۔صوبہ بنگال)
25؍فروری 2022ء کو86 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ ۔مرحوم کو 1964ء میں اپنے خاندان میں سب سے پہلے بیعت کی سعادت حاصل ہوئی۔1972ءمیں قادیان میں معلم کی ٹریننگ حاصل کرنے کے بعد صوبہ بنگال اور آسام میں 32سال خدمت کی توفیق پائی۔مرحوم ایک محنتی اور نڈر داعی الی اللہ تھے ۔تبلیغ کا بےحد شوق تھا۔ہندوؤں کو بھی تبلیغ کرتے تھے ۔صوبہ بنگال اور آسام میں ان کے ذریعہ کئی جماعتیں قائم ہوئیں ۔مرحوم صوم وصلوٰۃ کے پابند اور تہجد گزار خادم سلسلہ تھے۔ قرآن کریم سے بڑی محبت تھی اور گہرا مطالعہ تھا۔ خلافت کے سچے اطاعت گزار تھے۔پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ تین بیٹے اور دوبیٹیاں شامل ہیں ۔آپ کے ایک بیٹے مکرم سید ظفر اللہ صاحب امیر ضلع ومبلغ انچارج ضلع بردھمان صوبہ بنگال کے طور پر خدمت کی توفیق پارہے ہیں ۔
2۔ مکر م رفیق احمد بٹ صاحب (تتلے عالی ضلع گوجرانوالہ)
30؍مارچ 2022ء کو83سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ ۔مرحوم نے لمبا عرصہ صدر جماعت تتلے عالی کے طورپر خدمت کی توفیق پائی۔ 1974ءکے پرآشوب حالات میں خود بھی ثابت قدم رہے اور اولاد کو بھی جماعت کے ساتھ مضبوطی سے چمٹے رہنے کی تاکید کی ۔ مالی قربانی میں ہمیشہ پیش پیش رہتے تھے۔ آپ کو جہاں بھی موقع ملتا حق بات بڑے احسن انداز میں کرتے اور تبلیغ کا یہ شوق اپنی اولاد میں بھی پیدا کیا ۔2010ءمیں آپ اپنے بیٹے کے ساتھ موٹر سائیکل پر گھر واپس آرہے تھے کہ گھر کے قریب کچھ معاندین نے آپ پر فائرنگ کی ۔جس سے آپ تو اللہ کے فضل سے محفوظ رہے لیکن بیٹے کو کمر اور کندھے پر فائر لگے لیکن فوری طبی امداد مہیا کرنے کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔مرحوم موصی تھے۔آپ کے چار نواسے واقف زندگی ہیں۔
3۔ مکر م سید طارق وسیم شاہ صاحب (لاہور)
30؍جنوری 2022ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ ۔مرحوم پیشہ کے اعتبار سے ٹھیکیدار تھےاور لاہور میں کئی مساجد کی تعمیر اور بحالی کا کام کروانے کی توفیق پائی ۔دارالضیافت ربوہ کے واٹرسپلائی کے ایک منصوبہ کو بھی اپنی ٹیم کے ہمراہ رضاکارانہ طور پر پأیہ تکمیل تک پہنچایا۔خلافت سے گہری وابستگی رکھنے والے، خدمت دین کے جذبہ سے سرشار، ہمدرد ، نیک ،مخلص اور ایک نافع الناس وجود تھے ۔آپ نے صدر جماعت راج گڑھ کے علاوہ نگران ضلعی کمیٹی برائے اسیران راہ مولیٰ کے طورپر خدمت کی توفیق پائی ۔ غریب طلباء ، بیوگان اور ضرورت مندوں کی ہر طرح راہنمائی اور مدد کیا کرتے تھے۔ مرحوم موصی تھے۔
4۔مکر م عبد القیوم صاحب ابن مکرم حشمت علی صاحب(لیہ شہر )
22؍جنوری 2022ء کو90سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ ۔مرحوم نے زعیم انصار اللہ کے علاوہ مختلف جماعتی عہدوں پر خدمت کی توفیق پائی ۔ آپ کو حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی کتب پڑھنے کا بہت شوق تھا۔ صوم وصلوٰۃ کے پابند ،تہجد گزار، نیک، مخلص اور باوفا انسان تھے ۔ مرحوم نے فرقان فورس میں بہت عمدہ کارکردگی دکھائی۔ 1974ء کے فسادات میں مخالفین کا بڑی بہادری سے مقابلہ کرنے کا بھی موقع ملا ۔ خلافت سے دلی وابستگی کا تعلق تھا اور خلیفۂ وقت کی طرف سے ہونے والی ہر تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے۔مرحوم موصی تھے۔
5۔ مکر مہ حشمت بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم محمد اسحاق صاحب (ضلع لیہ)
25؍فروری 2022ء کو92سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ نے چک نمبر170 ٹی ڈی اے کی صدر لجنہ کے طور پر خدمت کی توفیق پائی ۔مالی تحریکات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی تھیں اور چندہ وصول کرنے والے عہدیداروں کو کبھی خالی ہاتھ واپس نہ بھیجتی تھیں۔پنجوقتہ نمازوں کی پابند ، خلافت سے انتہائی عقیدت کا تعلق رکھنے والی، ایک بااخلاق اور نیک فطرت خاتون تھیں۔مرحومہ موصیہ تھیں۔
6۔ مکر م محمد زید صاحب ابن مکرم ریاض احمد صاحب (نواں کوٹ احمدیہ ۔ضلع حیدر آباد)
11؍جولائی 2020ء کو25سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم نے مقامی سطح پر قائد مجلس اور سیکرٹری وصایا نواں کوٹ احمدیہ کے طورپر خدمت کی توفیق پائی ۔ دینی اوراخلاقی لحاظ سے بہت اچھے تھے۔مرحوم موصی تھے۔
7۔ مکر م اسد شفیق صاحب ( کنری۔سندھ)
20؍فروری 2022ء کو 30سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ ۔ مرحوم جوانی کی عمر سے ہی عبادت گزار، باقاعدگی سے قرآن کریم کی تلاوت کرنے والےایک نیک، متقی اور پرہیزگار انسان تھے۔ دینی خدمت کا بہت شوق تھا ۔جہاں بھی رہے کسی نہ کسی رنگ میں جماعتی خدمت کی توفیق پائی۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں والدین کے علاوہ ایک بھائی اور تین بہنیں شامل ہیں ۔
اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین
٭…٭…٭