پہلا سالانہ ریجنل جلسہ دلوا(Daloa)، آئیوری کوسٹ
کورونا وبا کے باعث گذشتہ سال ماہ دسمبر میں آئیوری کوسٹ میں جلسہ سالانہ کا انعقاد نہ کیا جاسکا تاہم تربیت کے اس سلسلہ کو جاری رکھنے کے لیے ریجنل سطح پر جلسہ جات کے انعقاد کا آغاز کیا گیا۔ ماہ دسمبر 2021ء سے ہی اس سلسلہ کو شروع کر دیا گیا۔ اسی سلسلہ کی کڑی کے طور پر بفضل خداتعالیٰ دلوا ریجن کو اپنا پہلا ریجنل جلسہ سالانہ منعقد کرنے کی سعادت نصیب ہوئی۔ اس جلسہ کا انعقاد مورخہ 12و13 فروری2022ء بروز ہفتہ و اتوار بمقام سیگلا (Segula)کیا گیا۔ جلسہ کے انعقاد سے قبل ہی مرکزی مبلغ سلسلہ عبدالسلام طورے صاحب نے مختلف اوقات میں میٹنگز کر کے جلسہ کے انتظامات اور ہونے والے پروگرامز کا جائزہ لیا۔ نیز مقامی معلم مکرم سیاوے محمد صاحب کے ساتھ مختلف مقامات کا دورہ بھی کیا تاکہ احمدی احباب کو جلسہ میں شامل ہونے کی دعوت نیز جلسہ کی اہمیت سے آگاہ کیا جاسکے۔ تاہم باقاعدہ تیاری کا آغاز بروز جمعۃالمبارک 11؍فروری کیا گیا۔ اس کےلیے ایک مقامی سکول کی جگہ کرائے کے طورپر حاصل کی گئی جہاں جلسہ کا پنڈال سجایاگیا اور مختلف ٹینٹ وغیرہ لگائےگئے۔نیز جلسہ گاہ کی صفائی کاکام بھی کیا گیا۔
جلسہ کے لیے مہمانان کی آمد کاسلسلہ بروز جمعہ ہی شروع ہوگیا تھا۔ امیر و مشنری انچارج آئیوری کوسٹ عبدالقیوم پاشا صاحب بھی نیشنل عاملہ کے ممبران و دیگر مرکزی مہمانان کے ساتھ بروز ہفتہ جلسہ سے قبل جلسہ گاہ پہنچ گئے۔ جلسہ کے لیے آنے والے احباب کی تجنید کا آغاز صبح سے ہی کر دیا گیا۔ جلسہ کا باقاعدہ آغاز بروز ہفتہ بعد نماز عصر لوائے احمدیت لہرانے کےساتھ ہوا، افتتاحی اجلاس کی صدارت مکرم امیر ومشنری انچارج صاحب نے کی۔ تلاوت قرآن کریم اور فرنچ ترجمہ کے بعد نظم پڑھی گئی جس کے بعد مکرم ریجنل مشنری صاحب نے مقامی روایات کے مطابق شاملین جلسہ کو خوش آمدید کہا۔ بعد ازاں مکرم امیر صاحب نے افتتاحی تقریر بعنوان ’’جلسہ کی اہمیت و برکات‘‘ کی۔ اس کے بعد مکرم صدیق جیالو لوکل معلم صاحب نے تقریر بعنوان ’’احمدیت و آمد امام مہدیؑ‘‘ کی۔ نماز مغرب کی ادائیگی کے بعد سوال و جواب کا پروگرام رکھا گیا جس کی صدارت مکرم سینا کولیبالی معلم سلسلہ نے کی۔ بعد ازاں عشاء کی نماز ادا کی گئی۔ اسی دوران مکرم امیر صاحب کے ساتھ ریجنل و لوکل عاملہ کی میٹنگ بھی ہوئی جس کے بعد عشائیہ کا انتظام تھا اور یوں جلسہ کا پہلا دن اختتام پذیر ہوا۔
جلسہ کے دوسرے دن کا آغاز باجماعت نمازتہجد اور نماز فجر سے ہوا۔ مکرم سیاوے محمد لوکل معلم سلسلہ نے درس بعنوان نماز اور اس کی اہمیت دیا۔ دوسرے دن کے اجلاس کا باقاعدہ آغاز صبح ساڑھے نو بجے امیر صاحب کی صدارت میں ہوا۔ تلاوت قرآن کریم، فرنچ ترجمہ اور نظم کے بعد اس اجلاس کی پہلی تقریرمکرم گاؤسو تراؤرے(Gaoussou Traore)لوکل صدر صاحب نے بعنوان ’’اسلام،امن کا مذہب‘‘ کی۔ بعدازاں ریجنل مشنری مکرم عبدالسلام طورے صاحب نے تقریر بعنوان ’’نوجوان مسلمانوں کو درپیش شدت پسندی کے مسائل اوران کا حل‘‘ کی۔ جس کے بعد معزز مہمان کرام نے اظہار خیال کیا۔ اس بابرکت تقریب کی اختتامی تقریر مکرم امیر صاحب نے بعنوان ’’اسلام میں عبادات،نماز، تہجد اور نوافل کی اہمیت‘‘ کی جس کے بعد دعا ہوئی اور یوں جلسہ کا اختتام ہوا۔ نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد کھانا پیش کیا گیا جس کے بعد مہمانان کو اپنے اپنے مقامات کی طرف واپس جانے کی اجازت دی گئی۔
جلسہ میں کل حاضری 200 رہی جس میں 10 مختلف جماعتوں سے احباب جماعت نے شرکت کی۔جبکہ جلسہ میں مکرم امیر صاحب کے ساتھ نیشنل عاملہ کے بعض اراکین مثلاً نیشنل صدر خدام الاحمدیہ،نیشنل صدر لجنہ اماءاللہ،نیشنل صدر انصار اللہ و دیگر نے شرکت کی جبکہ ایسیا،ماں ریجن کے مبلغین کرام نیز سینفرا، ابنگروکے معلمین کرام نے بھی اس جلسہ میں شرکت کی۔اس جلسہ میں کئی ایک غیر از جماعت لوکل امام بھی شریک ہوئے جبکہ مسٹر خالدو موسیٰ صاحب انچارج ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ، نیز مکرم دانوگو باکارے صاحب انچارج cogedsنے بھی شرکت کی۔جبکہ سوشل میڈیا پر بھی جلسہ کے پروگرامز کی تشہیر کی گئی نیز ایم ٹی اے ٹیم آئیوری کوسٹ نے بھی جلسہ کی کوریج کی اور بعد ازاں اسے اپنے یوٹیوب اکاؤنٹ پر اپلوڈ کیا۔اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ یہ جلسہ ہر لحاظ سے بابرکت فرمائے اور شاملین جلسہ کو حضرت اقدس مسیح موعودؑ کی دعاؤں کا وارث بنائےنیز آئندہ بھی جماعت دلوا کو تربیت کے اس سلسلہ کو جاری رکھنے کی توفیق عطا فرماتا جائے۔آمین
(رپورٹ:عبدالنور۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)