بین المذاہب کانفرنس اور عید عشائیہ۔ مجلس انصار اللہ BATTERSEA یوکے
محض اللہ تعالیٰ کے خاص فضل و کرم کے ساتھ مجلس انصار اللہ بیٹرسی یوکے کو مؤرخہ7مئی 2022ءبروز ہفتہ ’عالمی بحران اور امن کی راہ‘ کے موضوع پر ایک کامیاب بین المذاہب کانفرنس منعقد کرنے کی توفیق حاصل ہوئی جس میں کل حاضری ایک سو سے زائد افراد کی رہی۔ اس کانفرنس میں مقامی کمیونٹی کے افراد اور سیاسی و سماجی شخصیات کے علاوہ مختلف مذاہب کے نمائندگان نے نہ صرف بھرپور شرکت کی بلکہ اپنے اپنے مذاہب کی تعلیمات کی روشنی میں دنیا کے موجودہ بحرانی حالات میں امن قائم کرنے کے لیے تجاویز دیتے ہوئے تقاریر بھی کیں۔
کانفرنس کے انعقاد کے لیےمکرم عبدالباسط صاحب زعیم مجلس انصار اللہ بیٹرسی کی سربراہی میں سات احباب پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جس نے تمام اُمور کا باریک بینی سے جائزہ لیتے ہوئے انتھک محنت کے ساتھ ہر کام کو پایہ تکمیل تک پہنچایا۔ واٹس ایپ گروپ کے ذریعہ اور انفرادی طور پر بھی بہتر حاضری کے لیے مسلسل یاددہانی کروائی جاتی رہی۔ مہمانوں کی اکثریت کو مدعو کرنے اوردعوت نامے پہنچانے میں مکرم وحید احمد صاحب ناظم تعلیم طاہر ریجن اور مکرم احسان اللہ قمر صاحب ایڈیشنل قائد عمومی مجلس انصار اللہ یوکےکی کاوشیں نمایاں رہیں۔ مقام کانفرنس روز کمیونٹی کلب رُوم کے وسیع ہال میں جماعتی اقدار اور امن کے پیغام کے حوالہ سے خوبصورت بینرز لگائے گئے تھے۔ رات کے کھانے کا پُرتکلف انتظام کیا گیا جسے سب نے پسند کیا۔ غرض تقریباً تین گھنٹے جاری رہنے والی اس کانفرنس کے لیے قائم اس کمیٹی کے ممبران نے اپنی اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے تمام شعبہ جات میں ہر لحاظ سے بہترین انتظام کرنے کی ہر ممکن کوشش کی۔
کانفرنس میں شمولیت کے لیےمہمانوں کی آمد ساڑھے پانچ بجے شروع ہوچکی تھی۔ اسٹیج نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے مکرم احسان اللہ قمر صاحب نے شام چھ بجے کانفرنس کا باقاعدہ آغاز کیا۔ مکرم راحیل احمد صاحب نے تلاوت قرآن کریم اور اس کا ترجمہ پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔ مکرم عبدالباسط صاحب نے کانفرنس کی غرض و غایت اور موضوع کے حوالہ سے مختصر تفصیل بیان کرتے ہوئے شرکائے کانفرنس کو خوش آمدید کہا۔
کانفرنس کے مقررین میں ایم پی بیٹرسی مکرمہ مارشا چانٹل ڈی کورڈووا صاحبہ کے علاوہ ا ینگلیکن چرچ کے مکرم روز پونڈر صاحب، بدھ مذہب کے پینالابوڈا صاحب، ہندومذہب کی مکرمہ سروا کمارا راجہ صاحبہ، کیتھولک چرچ کی ڈیرڈرے برائنٹ صاحبہ، سکھ مذہب کے مکرم چرن سنگھ کومبو صاحب اور اینگلیکن چرچ کے مکرم پال ہارلینڈ صاحب بھی شامل تھےجبکہ جماعت احمدیہ کی نمائندگی مکرم رضا احمد صاحب مربی سلسلہ نے کی۔ تمام مقررین نے اپنی تقاریر میں اپنے اپنے مذہب کی تعلیمات کا حوالہ دیتے ہوئے روس اور یوکرائن کے تنازع کے تناظر میں دنیا میں قیام امن کی کوششوں کو تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ مقررین نے جماعت احمدیہ کے ماٹو ’محبت سب کے لیے نفرت کسی سے نہیں ‘ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس پر عمل پیرا ہونا ہی دنیا میں حقیقی امن کی ضمانت ہے۔
تقاریر کے بعد سوال و جواب کا ایک مختصر سیشن بھی منعقد کیا گیا جس میں حاضرین کی جانب سے دریافت کیے گئے چند سوالات کے جوابات دیے گئےجس کے بعد مہمانوں کو لٹریچر پر مشتمل گفٹ پیک تحفۃً دیے گئے۔ بعد ازاں مکرم ضیاء الرحمٰن صاحب نائب صدر مجلس انصار اللہ یوکے نے اختتامی کلمات میں کانفرنس میں شامل تمام مہمانان، احباب جماعت اور منتظمین کا شکریہ اداکیااور دعا کروائی۔
آخر میں شرکائے کانفرنس کی پُرتکلف کھانے سے تواضع کی گئی جس کے دوران مہمان آپس میں رسمی گفتگو بھی کرتے رہے اور کانفرنس کے حوالہ سے اپنے اپنے تاثرات کا اظہار بھی کرتے رہے۔
مکرم چرن سنگھ صاحب نے کہا کہ آپ کی برادری کے ساتھ وقت گزار کر بہت خوشی ہوئی۔ آپ کی طرف سے دعوت اور شاندار استقبال اور دیکھ بھال کا مظاہرہ کرنے کا بھی شکریہ۔ آپ سے رابطے میں رہیں گے اور اپنی برادریوں کی بہتری کے لیے مشترکہ طور پر کام کریں گے۔
مکرمہ سروا کمارا راجہ صاحبہ نے کہاکہ یہ ایک خوشگوار معلوماتی شام تھی۔ مجھے اس تقریب کے لیے مدعو کرنے کا بہت شکریہ۔ میں نے بہت لطف اٹھایا اور بہت سی معلومات حاصل کیں۔ مجھے اس کانفرنس کا ویڈیو لنک ضرور بھجوائیں تاکہ میں دوبارہ اس پروگرام کو دیکھ سکوں۔ بہت جلد آپ سب سے دوبارہ ملیں گے۔ اللہ سب کو ہمیشہ خوش رکھے۔
مکرمہ ڈیرڈرے برائنٹ صاحبہ نے کہا کہ مجھے بین المذاہب کانفرنس اور عید ڈنر میں مدعو کرنے کے لیے آپ کا بہت بہت شکریہ۔ اس تقریب میں حصہ لینا ایک اعزاز تھا۔ قرآن پاک اور دیگر لٹریچر کے تحفے دینےاور بہترین مہمان نوازی پر آپ اور آپ کی ٹیم کا شکریہ۔
بعد ازاں کانفرنس کے منتظمین کی کمیٹی کے سربراہ مکرم عبدالباسط صاحب نے اپنے ایک پیغام کے ذریعہ اس پروگرام کے بارے میں اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ الحمدللہ ہم مہمانوں کی متوقع تعداد حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔ ایم پی مکرمہ مارشا سمیت تمام مقررین ہمارے بہت اچھے دوست ہیں اور انشاءاللہ آئندہ بھی ہمارے پروگراموں میں شامل ہوں گے۔ مکرم احسان صاحب، مکرم وحیدصاحب، مکرم شیخ نعیم صاحب کا خصوصی شکریہ جنہوں نے انتھک مدد کی اورباقی تمام ٹیم ممبران نے بھی بہت محنت سے اپنے فرائض انجام دیے۔ مکرم قائد صاحب تبلیغ اور مقامی صدر لجنہ کا بھی بہت شکریہ جنہوں نے مختلف کاموں میں بہت مدد کی۔ انہوں نے ریجنل ناظم اعلیٰ طاہر ریجن مکرم آصف احمدصاحب کا خاص طور پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ نہ صرف ہر لمحہ ہمارے ساتھ کھڑے رہےبلکہ دن میں دوتین بار فون کرکے مختلف کاموں کی پیشرفت کے بارے میں پوچھتے تھے اور ہر کام میں ہمارے ساتھ شامل رہے۔ انہوں نے اس ٹیم پر اپنے فخر کا اظہار کرتے ہوئے ٹیم کو دعائیں دیں۔
اس کانفرنس کی میڈیا کوآرڈینیشن اور فوٹو گرافی کی ذمہ داری مکرم وحید احمد صاحب نے احسن رنگ میں نبھائی۔ ایم ٹی اے، ریڈیو وائس آف اسلام، ریویو آف ریلیجنز اور الفضل انٹرنیشنل کے نمائندگان پروگرام کی کوریج کے لیے موجود رہے۔ خدائے رحمٰن و رحیم اس کانفرنس کے جماعت احمدیہ کے لیے مثبت اثرات سے نوازتے ہوئے آئندہ بھی ایسے مزید کامیاب پروگرام منعقد کرنے کی سعادت عطا فرمائے۔ آمین