عید کے حوالہ سے جماعت احمدیہ اسکاٹ لینڈ کی مساعی
جماعت احمدیہ گلاسگو کا ورچوئل عید ملن پروگرام
آج کچھ ممالک میں امن و امان جیسے مسائل کی وجہ سے نہایت گھمبیر صورت حال ہے اور غیرمسلم یہ جاننا چاہتے ہیں کہ اسلام اس بارہ میں کیاکہتا ہے۔ لہٰذا جماعت گلاسگو کو یہ موقع عید الفطر کے بعد مورخہ 7؍مئی 2022ء کو ملا اور آن لائن عید ملن پارٹی کا موضوع ’’عالمی حالات اور امن کی ضرورت‘‘ رکھا گیا۔ اس پروگرام کو پیش کرنے کے لیے سوشل میڈیاکا بھرپور استعمال کیا گیا جس سے بہت آگاہی ہوئی۔ مقررہ دن کوشام چھ بجے یو ٹیوب اور فیس بک کے ذریعے لائیو پروگرام نشر کیا گیا جسے اسکاٹ لینڈ سمیت طول وعرض میں 500 کے قریب احباب نے سنا اور پروگرام پر اظہارِ خیال بھی کیا۔ پروگرام کے انتظامات کے لیے مختلف ٹیمیں بنائی گئیں جنہوں نے اپنے لوکل کونسلرز، ممبر آف سکاٹش پارلیمینٹ اور دوسرے مذاہب سے تعلق رکھنے والی تنظیموں کو مدعو کیا۔ مکرم احمد اووزو کونیڈو صاحب کی سربراہی میں تمام ٹیموں کے ساتھ تیاری کی میٹنگزبھی ہوئیں۔ کورونا وائرس کی وبا کے نتیجے میں یہ ممکن نہ تھا کہ یہ پروگرام ہماری مسجد میں ہوتا لہٰذا تمام انتظامات آن لائن کیے گئے اور سوشل میڈیا پر لائیو پروگرام کا انعقاد کیا گیاجس میں تمام مقررین نے اپنے اپنے گھروں اور دفاتر سے اس اہم موضوع پر خطاب کیا۔ اس ڈیجیٹل پروگرام کو کامیاب کرنے کے لیے ایک ٹیم نے پس پردہ مسلسل کام کیا اور کوکسی بھی تکنیکی خرابی کے بغیراس پروگرام کو بخوبی انجام دیا۔ الحمد للہ
پروگرام کی نظامت مکرم احمد اووزو کونیڈو صاحب نے سنبھالی اوراس کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور انگریزی ترجمہ سے ہوا جس کے بعد مکرم رواح الدین عارف خان صاحب مربی سلسلہ گلاسگونے افتتاحی تقریر کی جس میں رمضان کے بابرکت مہینہ کے بعد عید کے تہوار کے بارہ میں اسلامی تعلیم کو بیان کیا۔ بعد ازاں جماعت احمدیہ کے مختصر تعارف اور اس کی سماجی خدمات پر ایک ویڈیو دکھائی گئی۔ اس کے بعد درج ذیل مقررین نے تقریر کی اور پروگرام کے موضوع پر اپنا نقطہ نظر بیان کیا اور جماعت احمدیہ کی امن کے قیام کے لیے کی گئی عملی کوششوں کی تعریف کی گئی:
• Rt. Hon. Kirsten Oswald, MP for East Renfrewshire
• Rt. Hon. Alison Thewliss, MP for Glasgow Central
• Rt. Hon Paul Sweeney, MSP For Glasgow
• HRH Naa Tsotsoo Soyoo — Queen Mother of James Town
پروگرام کی اختتامی تقریر مکرم ایاز محمود خان صاحب مربی سلسلہ نے کی جس میں انہوں نے تفصیل کے ساتھ موجودہ عالمی امن کی بگڑتی ہوئی صورت حال اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی بے چینی کا ذکر کیا خصوصاً یوکرائن اورروس کا تنازعہ اور عالمی جنگ کے خطرات پر اظہار خیال کیا۔ مربی صاحب نے تفصیلاً بتایا کہ ہمارے امام حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزعالمی طور پراس مسئلہ کے لیے کیا مساعی فرمارہے ہیں اور اسلام کا موقف دنیا کے حکومتی ایوانوں میں کیسے اجاگر کیا جارہا ہے۔ مربی صاحب نے بتایا کہ ہمارے امام کیسےسالانہ پیس سمپوزیم کا انعقاد کرتے ہیں اور انہوں نے تمام عالمی راہنماؤں کو امن کے قیام کے لیے اور ناانصافی کے خاتمہ کے لیے خطوط بھی لکھے ہیں۔
اس لائیو پروگرام کے درمیان یوٹیوب اور فیس بک پر حاضرین کے سوالات بھی لیے جارہے تھے جس میں اس موضوع پر بہت سے احباب نے سوالات بھجوائے جس کا جواب مربی صاحب نے پیش کیا۔ پروگرام کے بعد بھی سوشل میڈیا میں اہم سیاسی وسماجی شخصیات نے جماعت احمدیہ کے عالمی امن کے قیام کے موقف کی تائید کی جس سے تبلیغ کے شاندار مواقع میسر آئے جہاں ان شخصیات کے ہزاروں فالورز ہیں۔
پروگرام کا اختتام مکرم محمد احسان احمد صاحب ریجنل امیر اسکاٹ لینڈ کی تقریر سے ہوا جس میں آپ نے تمام حاضرین کا شکریہ ادا کیا اور افسوس کا اظہار کیا کہ موجودہ حالات میں یہ ممکن نہ تھا کہ مہمانوں کو مسجد مدعو کیا جاتا اورعید کے موقع پر تواضع کی جاتی۔ دعا کے بعد اس کامیاب پروگرام کا اختتام ہوا۔ اس پروگرام کو اس لنک پر دیکھا جاسکتا ہے:
جماعت احمدیہ ڈنڈی، اسکاٹ لینڈ کا عید ملن پروگرام
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ ڈنڈی سکاٹ لینڈ نے مورخہ 14؍مئی 2022ء کو ہر سال کی طرح مسجد محمود ڈنڈی کے قرب وجوار میں رہنے والوں کے لیے عید ملن پروگرام کا انتظام کیا۔ پروگرام کا دعوت نامہ مقامی سیاست دانوں، طلبہ، اقرباء، پریس کے نمائندگان اور دوسرے مذاہب کے لیڈران کو دیا گیا جس کے نتیجہ میں ایک سو کے قریب مہمان اس پروگرام میں شامل ہوئے جس میں مردو خواتین کے علاوہ بچوں کی ایک تعداد بھی شامل تھی۔
قابل ذکردرج ذیل مہمان شامل ہوئے جنہوں نے بعد میں سوشل میڈیا اور ایک اخبار میں اپنی شمولیت کے بارہ میں نیک خواہشات کا اظہار کیا :
Michael Marra, Member of the Scottish Parliament
Cllr. Fraser MacPherson
Cllr. Craig Duncan
Cllr. Michael Crichton
Cllr. Daniel Coleman
Dave Lord Editor of the Evening Telegraph
مہمانوں کی تواضع مشروبات سے کی گئی جس کے بعد BBQ کا انتظام تھا جس سے مہمان لطف اندوز ہوئے اور بچے اپنے کھیل کود میں مگن رہے۔ اس کے بعد مسجد محمود ڈنڈی کا دورہ کروایا گیا اورجماعت کے تعارف پر مبنی ایک ویڈیو دکھائی گئی۔ ایک سوال وجواب کا مختصر پروگرام بھی ہوا جس میں مکرم داؤد احمدقریشی صاحب مربی سلسلہ ڈنڈی اور مکرم عبدالغفار عابد صاحب نے مہمانوں کے سوالات کے جوابات دیے نیز کھانے کے دوران بھی انفرادی تبلیغ کا سلسلہ جاری رہا۔ بعدازاں جماعت کی کتب ورسائل بھی تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر مکرم رواح الدین عارف خان صاحب مربی سلسلہ گلاسگو بھی مہمانوں کے ساتھ گھل مل گئے اور جماعت کے فلاحی کاموں اور موجودہ عالمی سیاسی صورتحال اور خلیفۂ وقت کی امن کے لیے مساعی کا ذکر کیا۔
اس پروگرام کے میزبان مکرم محمد احسان احمد صاحب ریجنل امیر اسکاٹ لینڈ، مکرم شعیب افضال صاحب صدر جماعت ڈنڈی، مکرم ناصح احمد صاحب سیکرٹری تبلیغ ڈنڈی اور ان کی ٹیم کے ممبران تھے جنہوں نے مہمانوں سے قریبی تعلقات پیدا کیے اور سب سے گھل مل گئے۔
(رپورٹ: ارشد محمود خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)