نیشنل اجتماع وقف نو جماعت احمدیہ بیلجیئم
محض اللہ تعالیٰ کے فضل اورحضور انورکی دعاؤں کے طفیل شعبہ وقف نو جماعت احمدیہ بیلجیم کو اپنا ایک روزہ واقفین نو اور واقفات نو کا 20واں نیشنل اجتماع مورخہ14؍مئی 2022ء آلکن مسجد لمبرگ میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمد اللہ علی ذالک
کورونا کی وبا کی وجہ سے اور حکومتی قوانین کے تحت گذشتہ دو سال واقفین نو کا اجتماع منعقد نہیں کیا جا سکا۔ امسال واقفین نو کا یہ اجتماع اپنی نوعیت میں اس لحاظ سے تاریخی حیثیت کا حامل تھا کہ اس دفعہ پہلی بار یہ اجتماع مسجد بیت الرحیم آلکن میں منعقد ہوا۔ لمبرگ کی یہ وہی مسجد ہے جس کا 2018ء میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے بنفس نفیس تشریف لا کر افتتاح فرمایا تھا۔ اس سے قبل وقف نو کا اجتماع ہر سال برسلز میں ہی منعقد ہوتا آیا ہے۔
اجتماع کی تیاریاں باقاعدہ طورپرایک ٹیم کوتشکیل دے کر اجتماع سے کچھ ماہ قبل شروع کر دی گئی تھیں۔ 1 سے 18 سال تک کے واقفین اور واقفات نو کا نصاب تیار کروا کر قبل از وقت تمام جماعتوں کو تیاری کے لیے بھجوا دیا گیا تھا۔ لوکل جماعتوں میں کلاسز کا انعقاد ہفتہ وار بنیادوں پر ہوتا رہا جس میں مربیان کی طرف سے اجتماع کے نصاب کی تیاری کروائی جاتی رہی۔ نیز ذاتی طور پر بھی لوکل صدران اور سیکرٹریان وقف نو سے حاضری کو بہتر بنانے کے لیے رابطہ کیا جاتا رہا۔
اجتماع کا باقاعدہ آغاز 14؍مئی کو صبح 11بجے حافظ احسان سکندر صاحب مشنری انچارج و نائب امیر جماعت احمدیہ بیلجیم کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ محترم مشنری انچارج صاحب نے افتتاحی اجلاس میں واقفین اور واقفات نو کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔ بعد ازاں خاکسار (نیشنل سیکرٹری وقف نو) نے وقف نو کی اہمیت کو سامنے رکھتے ہوئے واقفین نو اور و اقفات نو کو اپنی اپنی لوکل جماعتوں اور تنظیموں کے پروگراموں میں شامل ہونے اور زیادہ سے زیادہ جماعت کے لیے وقت کی قربانی کرنے کی طرف توجہ دلائی ۔
افتتاحی تقریب کے فوراً بعد واقفین و واقفات نو کے علمی مقابلہ جا ت کا آغاز ہوا۔ جس میں تلاوت قرآن کریم، نظم، قصیدہ اور حفظ قرآن کے علاوہ فرنچ، اردو اور فلیمش زبانوں میں تقریروں کے مقابلہ جات کروائے گئے۔
دوپہر کے کھانے، نمازوں اور ورزشی مقابلہ جات کے بعد پروگرام The God Summit کی کارروائی بھی مسجد میں حاضرین کو پروجیکٹر پر دکھائی گئی۔
واقفین نو کے اس اجتماع میں ہونے والے تمام مقابلوں کے منصفین کے فرائض مربیان کرام اور بعض ممبران انصار اللہ نے ادا کیے۔
امسال واقفین نو کے اجتماع کے دوران 18 سال سے زائد عمر کے واقفین اور واقفات کا کتاب ’’سیرت آنحضرتﷺ‘‘ میں سے تحریری امتحان بھی لیا گیا۔ جس کا نصاب بھی جماعتوں میں بھجوا دیا گیا تھا۔
محترم ڈاکٹر ادریس احمد صاحب امیر جماعت احمدیہ بیلجیم کی خصوصی ہدایت پر امسال ضیافت کی ٹیم کی طرف سے عشائیہ میں تمام حاضرین اجتماع کے لیے باربی کیو کا بھی اہتمام کیا گیا تھا جس سے تمام حاضرین اجتماع چھوٹے اور بڑے سب لطف اندوز ہوئے۔
اجتماع کی اختتامی تقریب کا آغاز شام ساڑھےآٹھ بجے تلاوت قرآن کریم اور نظم سے ہوا۔ اختتامی تقریب میں محترم امیر صاحب بیلجیم نے واقفین نو سے تحریک وقف نو اور خلفائے احمدیت کے حوالہ سے بعض بنیادی سوالات پوچھے۔ بعد ازاں واقفین نو اور واقفات نو کو خلافت کے ساتھ محبت اور مضبوط تعلق بنانے کے حوالہ سے توجہ دلائی۔ اختتامی تقریب میں اول اور دوم آنے والے واقفین نو اور واقفات نو میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔
امسال اجتماع میں واقفین نو کے ورزشی مقابلہ جات کے علاوہ واقفات نو کے لیے بھی سپورٹس ہال بک کروایا گیا تھا جس میں ان کے بھی ورزشی مقابلہ جات منعقد ہوئے۔
اس اجتماع کی کامیابی اور تیاری کے لیے محترم امیر صاحب جماعت بیلجیم کی راہنمائی اور معاونت ہر آن شامل حال رہی۔ فجزاہ اللہ احسن الجزاء
اس اجتماع میں واقفین نو اور واقفات نو کی کل حاضری 123 رہی جبکہ مہمانوں کی حاضری 96تھی۔
خاکسار آخر میں اجتماع میں حصہ لینے والے تمام واقفین نو اور واقفات نو اور ڈیوٹی دینے والے تمام احباب و خواتین کے لیے درخواست دعا کرنا چاہتا ہے کہ اللہ تعالیٰ ان سب کے ایمان و اخلاص میں بے شمار برکتیں عطا فرمائے اور انہیں اپنے فضل سے ہمیشہ پہلے سے بڑھ کے مقبول خدمت دین کی توفیق عطا فرماتا چلا جائے۔ آمین
(رپورٹ: حسیب احمد۔ مربی سلسلہ ونیشنل سیکرٹری وقف نو جماعت بیلجیم)