یورپ (رپورٹس)

جرمنی میں احمدیہ مساجد ونماز سنٹرز میں مہمانوں کی آمد اور خدام الاحمدیہ کا قیام امن کے موٹو کے تحت بین المساجد سائیکل سفر

(صفوان احمد ملک۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل جرمنی)

مورخہ 8مئی 2022ء کو جرمنی کی تمام مساجد اور نماز سنٹرز میں Open Mosque day منایا گیا۔ اس پروگرام کی تیاری اور جملہ انتظامات کے لیے پروگرام سے دو ماہ قبل ہدایات و راہنمائی پر مشتمل ایک سرکلر نیشنل شعبہ تبلیغ جرمنی کی طرف سے تمام جماعتوں کو بھجوایا گیا۔

امسال جرمنی کی 48مساجد اور 25نماز سنٹرز میں یہ پروگرام منعقد ہوئے۔ تمام مساجد اور نماز سنٹرز کی وقار عمل کے ذریعہ تزئین وآرائش کی گئی۔ مہمان فیملیز کی دلچسپی کے لیے مختلف انتظامات کیے گئے لجنہ اماء اللہ کی طرف سے بچیوں کے لیے کیلی گرافی اور ڈرائنگ کرنے کی چیزوں کا انتظام کیا گیا۔ بچوں کی کھیل کود کے لیے اہتمام کیا گیا اور بڑوں کے لیے جماعت احمدیہ کا تعارف کروانے کے لیے خوبصورت انداز میں اسلام نمائش اور بک سٹالز لگائے گئے۔ نیز مہمانوں کے لیے وقت کی مناسبت سے ضیافت کا بھی اہتمام کیا گیا۔

صبح دس بجے تا شام چھ بجے تک ہماری مساجد و نمازسنٹرز میں مہمانوں کی آمد ورفت جاری رہی ان مہمانوں کو اسلام احمدیت کا صحیح رنگ میں تعارف کروانے کے لیے مقامی مربیان سلسلہ کے علاوہ بعض ایسے نوجوان جنہیں دینی علم کے ساتھ ساتھ جرمن زبان پر بھی عبور حاصل ہے ڈیوٹی پر موجود رہے۔

اس پروگرام کے انعقاد اور ہر خاص وعام کواس کی دعوت دینے کے لیے جرمنی کے معروف ریڈیو FFHمیں خصوصی اشتہار نشر ہوتا رہا نیز اس پروگرام کے حوالے سے جرمنی بھر کی مختلف مقامی ونیشنل سطح کی اخبارات نے پروگرام سے پہلے بھی اور بعد میں بھی خبریں شائع کیں نیز سوشل میڈیا کے ذریعہ بھی لاکھوں افراد تک جماعت احمدیہ کا پیغام پہنچا۔

خدام الاحمدیہ جرمنی کی طرف سے اس دن بین المساجد سائیکل tourبھی پلان کیا گیا۔ آمدہ رپورٹس کے مطابق اللہ کے فضل سے 40 سے زائد مساجد سے سائیکل سواروں نے سفر کیا جس میں تقریباً400خدام نے حصہ لیا۔ ہمارے نوجوانوں نے قیام امن کےماٹو والی جماعتی ٹی شرٹس پہن رکھی تھیں ۔

اس موقع پر مکرم نیشنل امیر صاحب جماعت احمدیہ جرمنی خدام الاحمدیہ کے ساتھ بین المساجد سائیکل سفر پر روانہ ہوئے اور شام تک متعدد مساجد کا دورہ کیا اور مساجد میں ہونے والے پروگرام، انتظامات اور آنے والے مہمانوں کے ساتھ وقت گزارا اور مقامی احباب جماعت کی حوصلہ افزائی کی۔ اس موقع پر شعبہ تبلیغ کی سوشل میڈیا ٹیم بھی میڈیا کووریج کے لیے موجو دتھی۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس پروگرام کے نیک نتائج ظاہر فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: صفوان احمد ملک۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل )

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button