اپریل و مئی 2022ء میں جامعة المبشرین سیرالیون میں ہونے والی تعلیمی سرگرمیاں
وقف عارضی
اللہ تعالیٰ کے فضل سے طلباء جامعہ احمدیہ سیرالیون کو رمضان المبارک کے دوران اپنے اپنے ریجنز میں وقف عارضی کرنے کی توفیق عطا ہوئی۔ الحمدللہ علی ذالک۔ اس حوالے سے جامعہ احمدیہ کی پہلی تین کلاسز درجہ اولیٰ کے 18، درجہ ثانیہ کے 9 اور درجہ ثالثہ کے 12، کل 39 طلباء وقفِ عارضی پر تشریف لے گئے۔
طلباء مورخہ 31؍مارچ 2022ء کو روانہ ہوئے۔ اس وقفِ عارضی کا بنیادی مقصد رمضان المبارک کے دوران مساجد میں عبادات اور خصوصاً نمازِ تراویح کا قیام تھا۔ دوران وقف عارضی طلباء نے مساجد میں پنجوقتہ نمازوں کے ساتھ ساتھ، نماز تہجدو تراویح، تلاوت قرآن پاک، دروس القرآن، دروس الحدیث، قرآن کلاسز، دینی معلومات کلاسز اور خدام کلاسز کا انعقاد کیا۔ احمدی احباب سے بھی انفرادی رابطے کیے اور انہیں مسجد سے جوڑا۔ مجالس سوال و جواب اور جلسہ ہائے سیرۃ النبی صلی اللہ علیہ وسلم کا اہتمام کیا۔ حضور انورکےخطبہ جمعہ کوسننےکے لیے احمدیہ مسلم ریڈیو سے احباب کو منسلک کیا۔نیز حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت میں دعائیہ خطوط لکھوائے۔ دوسری جانب تبلیغی و تربیتی دورہ جات کیے جن میں غیر از جماعت افراد سے رابطے کیے انہیں پیغام حق پہنچایا اور بیعت کروانے کی توفیق بھی عطا ہوئی۔ 2؍مئی کو نماز عید ادا کی گئی۔ اور 7؍مئی کو طلباء واپس جامعہ احمدیہ میں حاضر ہوگئے۔مدرسۃ الحفظ سیرالیون کے 4 طلباء نے بھی اپنی جماعتوں میں وقفِ عارضی کی اور اپنے اپنے حفظ شدہ حصے کا تراویح میں دور مکمل کیا۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ اپنے فضل سے ان مساعی کے بہترین اور بابرکت نتائج نکالے۔ آمین یارب العالمین۔
پروگرام مجلس ارشاد تقریب بسلسلہ یوم آزادی سیرالیون
17؍اپریل 1961ء کو سیرالیون نے برطانوی حکومت سے آزادی حاصل کر کے خود مختار ریاست کی حیثیت حاصل کی۔ اس سلسلہ میں ملک بھر میں قومی و نجی تقریبات کا اہتمام کیا جاتا ہے۔
مورخہ17؍اپریل کو جامعہ ہال میں مکرم مبارک احمد گھمن صاحب پرنسپل جامعۃ المبشرین سیرالیون کی زیر صدارت تقریب منعقد ہوئی۔ پروگرام کا آغاز عزیزم محمد ییرو کمارا (طالب علم درجہ رابعہ) نے تلاوت قرآن کریم سے کیا۔ پھر عزیزم بشیر الدین کمارا (درجہ رابعہ)نے قصیدہ ’یاعین فیض اللہ‘ مترنم آواز میں پیش کیا۔ اس کے بعد تمام شاملین تقریب نے کھڑے ہو کر قومی ترانہ پڑھا۔
اس پروگرام میں دو تقاریر ہوئیں، مکرم مولوی سلیمان کمارا صاحب (استاد جامعہ) نے ’’جماعت احمدیہ کی سیرالیون میں خدمات‘‘ اور مکرم حمید علی بنگورا صاحب (استاد جامعہ) نے ’’حب الوطنِ من الایمان‘‘ کے موضوع پر روشنی ڈالی۔
مکرم صدر مجلس صاحب نے اس دن کی مناسبت سے طلباء کو ایک احمدی اور ایک مبلغ احمدیت ہونے کے لحاظ سے ملک و جماعت کا مفید وجود بننے کے حوالہ سے نصائح کیں۔ اور طلباء کے سوالات کے جوابات دیے۔
دعا کے ساتھ یہ جلسہ اختتام کو پہنچا۔ طلباء جامعہ رمضان المبارک میں وقفِ عارضی کے لیے اپنے اپنے ریجنز میں گئے ہوئے تھے اس لیے اس پروگرام میں صرف آخری سال کے طلبہ اور سٹاف جامعہ واساتذۂ کرام نے شرکت کی۔
سیمینار قرآن کریم
مورخہ 22؍مئی کو جامعہ ہال میں مکرم پرنسپل صاحب جامعۃ المبشرین سیرالیون کی زیر صدارت قرآن کریم سیمینار منعقد کیا گیا۔
پروگرام کا آغاز عزیزم مصطفیٰ ایم بیندو (درجہ رابعہ) نے تلاوت قرآن کریم سے کیا۔ پھر عزیزم علی بی کانو (درجہ رابعہ ) نے نظم ’’قرآن سب سے اچھا‘‘ مترنم آواز میں پیش کی۔
اس پروگرام میں تین تقاریر ہوئیں ، عزیزم بشیر الدین کمارا (درجہ رابعہ) نے ’’حضرت مسیح موعودؑ کا عشق قرآن‘‘، مکرم مولوی حافظ اسد اللہ صاحب (استاد مدرسة الحفظ) نے ’’تلاوت قرآنِ کریم کی اہمیت‘‘ اور محترم پرنسپل صاحب نے ’’قرآن کریم کا مقام و مرتبہ‘‘ کے موضوع پر روشنی ڈالی۔
پروگرام کے آخر میں اسی مناسبت سے سوال و جواب ہوئے۔ اور دعا کے ساتھ یہ جلسہ اختتام کو پہنچا۔ اس پروگرام میں جامعہ احمدیہ سیرالیون اور مدرسة الحفظ کے تمام طلباءو اساتذہ کرام نے شرکت کی۔
جلسہ یوم خلافت
مورخہ 29؍مئی کو جامعہ ہال میں جلسہ یوم خلافت منعقد کیا گیا جس کے مہمانِ خصوصی مکرم عقیل احمد صاحب (ریجنل مبلغ بو) قائم مقام مبلغ انچارج سیرالیون تھے۔ پروگرام کا آغاز عزیزم محمد بی کروما (درجہ رابعہ ) نے تلاوت قرآن کریم سے کیا۔ پھر عزیزم علی بی کانو نے نظم ’’خلیفہ کے ہم ہیں‘‘ مترنم آواز میں پیش کی۔ اس کے بعد محترم مہمانِ خصوصی صاحب نے ’’عہد خلافت‘‘ دہرایا۔
اس پروگرام میں تین تقاریر ہوئیں، عزیزم محمد ییرو کمارا (درجہ رابعہ) نے ’’خلافت کی اہمیت‘‘، مکرم مولوی مورلائی فورنہ صاحب (استاد جامعہ) نے ’’خلافتِ احمدیہ کی مختصر تاریخ‘‘ اور محترم پرنسپل صاحب نے ’’خلافت کی برکات اور ہماری ذمہ داریاں‘‘ کے موضوع پر روشنی ڈالی۔
تقاریر کے دوران مدرسة الحفظ کے طلباء نے نظم ’’خلیفہ دل ہمارا ہے‘‘ خوبصورت انداز میں پیش کی اور عزیزم علی بلا (درجہ ثانیہ) نے ترجمہ پیش کیا۔ پروگرام کے آخر میں اسی مناسبت سے سوال و جواب ہوئے۔ مکرم مہمانِ خصوصی صاحب نے طلباء کو اطاعتِ خلافت سے متعلق نصائح کیں۔ دعا کے ساتھ یہ جلسہ اختتام کو پہنچا۔ اس پروگرام میں جامعہ احمدیہ سیرالیون اور مدرسة الحفظ کے تمام طلباء واساتذہ کرام نے شرکت کی۔
مقابلہ جات مجلس علمی
مجلس علمی جامعہ احمدیہ سیرالیون کے زیرِ انتظام ماہِ مئی کے دوران جامعہ کی مسجد میں بعد نمازِ عصر تقریر انگریزی اور گروپ وائز مقابلہ کوئز خلافت منعقد کیے گئے۔ طلباء جامعہ کو تین گروپس نور، محمود اور ناصر میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ان مقابلہ جات میں اساتذہ جامعہ نے فرائض منصفی بھی سرانجام دیے۔
مورخہ09؍مارچ 2022ء کو مقابلہ معلومات عامہ منعقد کیا گیا۔ اس مقابلہ کے لیے مولوی حمید علی بنگورا صاحب، مولوی اثمار احمد صاحب، مولوی مورلائی صاحب اور مولوی نعیم گوہر صاحب (نگران مجلس علمی) نے فرائض منصفی سر انجام دیے۔
مقابلہ تقریر انگریزی
امسال مقابلہ کے لیے درج ذیل عناوین رکھے گئے تھے: قرآن کریم کی اہمیت، آنحضورﷺ ایک کامل اسوہ ہیں اور صداقت حضرت مسیح موعودؑ۔
دو طلباءمحمود گروپ کے عزیزم جبریل سیسے اور ناصر گروپ کے عزیزم مورلائی اے کمارا پہلی پوزیشن کے حقدار قرار پائے۔ جبکہ نور گروپ سے عزیزم ابراہیم کروما نے دوسری اور عزیزم مرتضیٰ ایم بیندو نے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔
مقابلہ خلافت کوئز
مورخہ25مئی کو مقابلہ خلافت کوئز منعقد کیا گیا جس کے مہمانِ خصوصی محترم مولوی عقیل احمد صاحب (مبلغ بو ریجن) قائم مقام مشنری انچارج سیرالیون تھے۔ تلاوت کے بعد مولوی حمید علی بنگورا صاحب نے مقابلہ کے قواعد بیان کیے جن کے ساتھ مولوی حمیدعلی بنگورا صاحب، مولوی اثمار احمد صاحب اور مولوی مورلائی صاحب نے اس مقابلہ کے لیے فرائض منصفی سر انجام دیے۔
مقابلے کا نصاب کتاب ریلیجیس نالج میں سے حصہ خلفائے احمدیہ مقرر کیا گیا تھا۔ مقابلہ میں ہر سہ گروپس سے پانچ پانچ طلباء کی ٹیموں نے حصہ لیا۔ پہلے راؤنڈ میں پانچ پانچ سوالات اور دوسرے راؤنڈ میں تین تین سوالات اورفائنل راؤنڈ میں دو دو سوالات پوچھے گئے۔ پہلی پوزیشن ناصر گروپ، دوسری نور گروپ اور تیسری پوزیشن محمود گروپ کی ٹیم نے حاصل کی۔
پروگرام کے آخر میں محترم مہمان خصوصی نے مختصر خطاب میں نصائح کیں اور دعا سے یہ مقابلہ اختتام پذیر ہوا۔
(رپورٹ: ذیشان محمود۔ مربی سلسلہ سیرالیون)