برکینا فاسو کی 32ویں مجلس شوریٰ
دنیا کے دیگر ممالک کی طرح برکینافاسو میں بھی مجلس شوریٰ کا نظام نہ صرف قائم ہو چکا ہے بلکہ ترقی کی راہوں پر گامزن ہے۔ برکینافاسو میں جماعت کی رجسٹریشن 1986ء میں ہوئی جبکہ مجلس شوریٰ کا آغاز 1990ء میں پہلے جلسہ سالانہ کے ساتھ ہی شروع ہوگیا۔ اس کے بعد ہر سال باقاعدگی کے ساتھ مجلس شوریٰ منعقد ہو رہی ہے۔ صرف سال 2020ء میں کورونا کی عالمی وبا کے پیش نظر لاک ڈاؤن کی وجہ سے برکینا فاسو میں مجلس شورٰی منعقد نہیں ہوسکی۔
سال 2022ء کی مجلس شوریٰ
جماعت احمدیہ برکینا فاسو کی 32ویں مجلس شوریٰ مورخہ 11 اور 12؍جون 2022ء کو جماعت کے ہیڈ کوارٹرز واگا دوگو کی مسجد مہدی میں منعقد ہوئی۔ امسال تجاویز کے بجائے شوریٰ کے ایجنڈے پر ممبران شورٰی کی تربیت اور ان پر نظام شورٰی واضح کرنے کے لیے نیز ممبران شوریٰ کے ذریعہ دوران سال احباب جماعت کو نظام شورٰی کے حوالے سے معلومات بہم پہنچانے کے لیے یہ تجویز کیا گیا کہ درج ذیل تین اہم موضوعات پرتفصیلی لیکچرز کروائے جائیں۔
1۔ نظام شوریٰ: اہمیت، طریق کار اور روشن مستقبل
2۔ جماعت کا مالی نظام
3۔ انتخابات کے قواعد و ضوابط اورطریق کار
سیدنا حضرت امیر المومنین اید ہ اللہ تعالی نے ازراہ شفقت یہ تجویز منظور فرمائی۔ اس طرح امسال مجلس شورٰی کے ایجنڈے پردرج ذیل پوائنٹ تھے۔
1۔ نظام شوری: اہمیت، طریق کار اور روشن مستقبل
2۔ جماعت کا مالی نظام
3۔ انتخابات کے قواعد و ضوابط ، طریق کار
4۔ انتخاب نیشنل مجلس عاملہ
5۔ بجٹ برائے سال23۔ 2022
پہلا روز: ہفتہ 11؍جون 2022ء
11؍جون کو شام سوا چار بجے مجلس شوریٰ کے اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا جو حافظ نمی آدم صاحب استاد جامعۃ المبشرین برکینافاسو نے کی اور ترجمہ پیش کیا۔ بعد ازاں مکرم محمود ناصر ثاقب صاحب امیر جماعت برکینافاسو نے دعا کروائی۔ جس کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا خطاب برموقع مجلس شوریٰ برطانیہ 2022ء فرنچ زبان میں سنایا گیا۔ پھر مکرم امیرصاحب و صدر مجلس شورٰی نے افتتاحی کلمات کہےاور احباب کو دعا و استغفار کی طرف توجہ دلائی۔
مکرم کونے داؤدا صاحب سیکریٹری مجلس شوریٰ نے سال 2021ء کی سفارشات شوریٰ پر عمل درآمد کی رپورٹ پیش کی۔ امسال سب کمیٹی کے قیام کی ضرورت نہیں تھی اس لیے ایجنڈے کے مطابق ’’نظام شوریٰ: اہمیت، طریق کار اور روشن مستقبل‘‘ پر لیکچر کے لیے خاکسار (پرنسپل جامعۃ المبشرین برکینافاسو) کو کہا گیا۔ اس لیکچر میں نظام شوریٰ پر تفصیل سے بات کی گئی۔ لیکچر کے آخر پر ممبران شوریٰ کو سوالات کا موقع دیا گیا۔ یہ لیکچر اور سوالات پچاس منٹ جاری رہے۔
اس کے بعد دوسرے اہم موضوع ’’جماعت احمدیہ کا مالی نظام: اہمیت ، تعارف و تفصیلات آمد و اخراجات‘‘ پر لیکچر کے لیے حافظ محمد بلال طارق صاحب استاد جامعۃ المبشرین برکینافاسو کو بلایا گیا۔ آپ نے تفصیل کے ساتھ اس موضوع کو بیان کیا اور احباب کے سوالات کے جوابات دیے۔ اس کے ساتھ ہی شام سوا سات بجے یہ اجلاس اختتام پذیر ہوا۔
دوسرا روز: 12؍جون 2022ء
شوریٰ کے دوسرے روز صبح نو بج کر دس منٹ پر اجلاس کا آغاز زیر صدارت مکرم امیر صاحب جماعت برکینافاسو ہوا۔ تلاوت حافظ عطا النعیم صاحب نے کی۔ مکرم امیر صاحب نے دعا کروائی اور ا س کے ساتھ ہی ایجنڈے کے تیسرے اہم پوائنٹ ’’انتخابات کے قواعد و ضوابط اور طریق کار‘‘ پر لیکچر دینے کے لیے حسن جنگانی صاحب مبلغ سلسلہ کو دعوت دی گئی۔ آپ نے تفصیل کے ساتھ انتخابات کے قواعد، طریق کار اور عہدیداروں کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی اورممبران شوریٰ کے سوالات کے جوابات دیے۔
بعد ازاں نیشنل مجلس عاملہ کی نئی مدت 2022ء تا 2025ء کے لیے مکرم امیر صاحب کی زیر صدارت انتخاب ہوا پھر بجٹ پیش کیا گیا اور امیر صاحب صدر مجلس شوریٰ کے اختتامی کلمات اور دعا کے ساتھ جماعت احمدیہ برکینافاسو کی 32ویں مجلس شوریٰ اختتام پذیر ہوئی۔
امسال برکینافاسو کے 16 ریجن کے 133 ممبران مجلس شوریٰ میں شامل ہوئے۔ جامعۃالمبشرین برکینافاسو کی آخری کلاس کے 23 طلبہ نے بطور زائر مجلس شوریٰ میں شرکت کی۔ اللہ تعالیٰ اس شوریٰ کے عمدہ نتائج ظاہر فرمائے اور جماعت احمدیہ برکینافاسو کو ترقیات سے نوازتا چلا جائے۔