کیمرون کی جماعتوں میں یوم خلافت کے پروگرام
کیمرون کی مختلف جماعتوں میں 27؍مئی کے حوالے سے پروگرام منعقد کیے گئے۔ ہر ریجن کے مشنری صاحب اور صدر صاحب نے پروگرام مرتب کیے۔ اکثر جماعتوں میں نماز عصر کے بعد پروگرام منعقد کیے گئے کیونکہ اکثر اس وقت نومبائعین بھی موجود ہوتے ہیں اور بچے بھی سکول سے واپس آگئے ہوتے ہیں۔ ہر جگہ احباب جماعت نے غیر احمدی دوستوں کو بھی مدعو کیا جنہوں نے بڑی خوشی سے پروگرامز میں شرکت کی۔
ان پروگراموں میں ‘برکاتِ خلافت’، ‘خلافت راشدہ’ اور ‘جماعت احمدیہ میں نظام خلافت’ کے موضوعات پر تقاریر ہوئیں جو مربیان اور معلمین نے کیں۔ اس کے علاوہ 3ریڈیو سٹیشنز پر انہی موضوعات پر تقاریر ہوئیں۔ اسی طرح اطفال اور ناصرات نے عربی زبان میں قصائد پڑھنے میں بھرپور حصہ لیا۔
3ٹی وی سٹیشنز پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطبہ جمعہ 27؍مئی 2022ء کا فُلبے زبان میں ترجمہ پیش کیا گیا۔
پورا ہفتہ جماعتوں میں مغرب کے بعد یوم خلافت کی مناسبت سے درس ہوتے رہے اور سوالوں کے جواب بھی دیے گئے۔
اس بابرکت اور تاریخی موقع کی مناسبت سے فرنچ زبان میں ایک پمفلٹ INSTITUTION DU KHILAFAT کے موضوع پر 20 ہزار کی تعداد میں پرنٹ کر کے جماعتوں میں تقسیم کیا گیا۔
ہر پروگرام کے بعد ریفریشمنٹ کا بھی انتظام کیا گیا۔
دعا کی درخواست ہے کہ مولیٰ کریم جماعت کے ان پروگراموں میں برکت ڈالے اور تمام دنیا کو خلافت احمدیہ کے جھنڈے تلے جمع فرما دے۔ آمین
(رپورٹ: عبدالخالق منیر۔ مبلغ انچارج و نمائندہ الفضل انٹرنیشنل )