عالمی خبریں

خبرنامہ

(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭…برطانیہ کے شہزادہ چارلس نے افریقی ملک روانڈا میں ہونے والی دولت مشترکہ ممالک کے صدور اور وزرائے اعظم کی سمٹ کی افتتاحی تقریب میں خطاب کیا ۔ شہزادہ چارلس نے دولت مشترکہ میں شامل ممالک کے راہنماؤں سے کہا ہے کہ ملکہ برطانیہ کو اپنی ریاست کا سربراہ برقرار رکھنے سے متعلق ہر رکن ملک خود فیصلہ کرنے کے لیے آزاد ہے۔میں واضح طور پر کہنا چاہتا ہوں کہ ہر رکن ملک اپنے ملک کے آئینی انتظام کا فیصلہ کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ یہ بنیادی تبدیلیاں بہت سکون کے ساتھ بغیر کسی تلخی کے عمل میں لائی جاسکتی ہیں۔ واضح رہے کہ افریقی ملک بارباڈوس نے پچھلے سال نومبر میں ملکہ برطانیہ کی ریاست کے سربراہ کی حیثیت تبدیل کردی تھی۔بارباڈوس نے نومبر 2021ء میں ملک کے پہلے صدارتی انتخاب کے دوران اپنے صدر کا چناؤ کیا تھا، اس تقریب میں شہزادہ چارلس نے بھی شرکت کی تھی۔

٭…ملک میں ہولناک زلزلے کے بعد طالبان نے افغانستان کے منجمد اثاثے بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ترجمان افغان وزارت خارجہ عبدالقہار بلخی نے کہا کہ امارت اسلامی کا مطالبہ ہے کہ افغانوں کو ان کا بنیادی حق دیا جائے۔ پابندیاں ہٹا کر، افغان اثاثے غیر منجمد کر کے افغانوں کو جینے کا حق دیا جائے۔یاد رہے کہ افغانستان میں منگل اور بدھ کی درمیانی رات 6.1 شدت کے زلزلے سے ایک ہزار سے زائد افراد جاں بحق جبکہ 2 ہزار سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

٭…افغان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ترجمان محمد نسیم حقانی نے کہا ہے کہ زلزلے کے بعد شروع کیا گیا ریسکیو آپریشن ختم کردیا گیا۔ افغانستان میں زلزلے سے ایک ہزار سے زائد افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 10ہزار مکانات جزوی یا مکمل تباہ ہوئے ہیں۔ افغانستان میں ضروری ادویات، طبی سامان کی قلت ہے۔برطانوی میڈیا کے مطابق متاثرہ علاقوں میں کئی گاؤں تباہ ہوچکے ہیں، سڑکیں بند ہیں اور موبائل فون ٹاور کام نہیں کررہے۔

٭…این ڈی ایم اے پاکستان کی جانب سے افغان زلزلہ متاثرین کیلئے امدادی سامان اسلام آباد سے روانہ کیا۔8 ٹرکوں پر مشتمل کھیپ میں خیمے، ترپال، کمبل اور ضروری ادویات افغانستان بھیجی گئی ہیں۔

چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ افغانستان میں زلزلہ متاثرین کے لیے خیمے، بستر اور دیگر ساز و سامان پر مشتمل 7.5 ملین ڈالر مالیت کی امداد بھیجی جائے گی۔

٭…امریکی سپریم کورٹ نے وسیع تر اثرات کا حامل فیصلہ سنادیا، جس کے تحت اسقاطِ حمل کا وفاقی آئینی حق ختم کر دیا گیا ہے۔امریکی سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد اسقاطِ حمل کے حقوق کا فیصلہ ریاستیں انفرادی طور پر کریں گی۔فیصلے پر امریکی سپریم کورٹ کے تین ججوں نے انتہائی افسوس کے ساتھ اختلافی نوٹ جاری کیا۔جس میں اُنہوں نے کہا کہ آج لاکھوں امریکی خواتین نے اپنا ایک بنیادی آئینی تحفظ کھو دیا ہے۔ سپریم کورٹ کے اس فیصلے میں سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نامزد کردہ تین جج بھی شامل ہیں۔ امریکی میڈیا کے مطابق یہ فیصلہ امریکا میں خواتین کی تولیدی صحت کا منظر نامہ بدل دے گا۔

٭…امریکی سپریم کورٹ نے اسلحہ رکھ کر عوام کے درمیان جانے کے حق میں اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ عوام میں اسلحہ لے کر جانا امریکیوں کا بنیادی حق ہے اور امریکی آئین اسلحہ رکھنے اور عوام میں لے جانے کے حق کی ضمانت دیتا ہے۔

امریکی سپریم کورٹ کے اس فیصلے پر امریکی صدر جو بائیڈن نے اپنے ردعمل میں کہا کہ اسلحے سمیت عوام میں جانے سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر سخت مایوس ہوں۔ فیصلہ عام فہم اور آئین دونوں سے متصادم ہے۔ صدر جو بائیڈن نے ریاستوں پر زور دیا کہ وہ اس حوالے سے قانون سازی کرکے اس کا نفاذ کریں تاکہ لوگوں کو اسلحہ کے خطرات سے محفوظ رکھا جاسکے۔

واضح رہے کہ امریکا میں گذشتہ ماہ بڑے پیمانے پر فائرنگ کے دو واقعات ہوئے تھے، فائرنگ کے بڑھتے واقعات پر گن رکھنے کے اختیارات کو محدود کرنے کا مطالبہ کیا جارہا تھا۔

٭…امریکی صدر جو بائیڈن نے ملک میں فائرنگ کے واقعات کی روک تھام کے لیے گن کنٹرول بل پر دستخط کر دیے جس کی ایک روز قبل امریکی سینیٹ نے گذشتہ روز گن کنٹرول بل کی منظوری دی تھی۔ بل کے تحت21 سال سے کم عمر افراد کے اسلحہ خریدنے سے پہلے ان کی مکمل چھان بین کی جائے گی اور انہیں جانچ پڑتال کے عمل سے گزرنا ہوگا۔

٭…ترکی کے جنوب مغربی ساحل کے قریب جنگلات میں لگی آگ پر 3 دن بعد قابو پالیا گیا، آگ سے 11 ہزار ایکڑ سے زائد رقبے کو نقصان پہنچا۔ وزیر جنگلات نے علاقے کا معائنہ کرنے کے بعد فائر فائٹرز کی کوششوں کو سراہا، جنہوں نے آگ بجھانے کے لیے ہوائی جہاز کا بھی استعمال کیا۔

حکومت کے مطابق ممکنہ طور پر یہ آگ جان بوجھ کر لگائی گئی تھی، وزیر داخلہ سلیمان سوائلو نے کہا کہ زیر حراست ایک ملزم نے جنگل میں آگ لگانے کا اعتراف کیا ہے، ملزم نے پولیس کو اپنے بیان میں بتایا کہ وہ خاندانی مسائل کی وجہ سے شدید مایوسی میں مبتلا تھا۔صدر طیب اردوان نے کہا ہے کہ آگ لگانے کے مجرم کو خوفناک سزا دینی چاہیے، اگر سزائے موت بنتی ہے تو سزائے موت دینی چاہیے۔

٭…امریکی ریاست ویسٹ ورجینیا میں سیاحتی ہیلی کاپٹر کے حادثے میں سوار تمام 6 افراد ہلاک ہوگئے۔ ہیلی کاپٹر لوگن کاؤنٹی کے دیہی علاقے کی سڑک پر گرا اور اس میں آگ لگ گئی۔ ہیلی کاپٹر سیاحوں کے لیے استعمال ہوتا تھا، حادثے کی وجوہات سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔

٭…سری لنکن پیٹرولیم اور گیس کمپنی کا کہنا ہے کہ پیٹرول 22 اور ڈیزل 15 فیصد مہنگا کیا گیا ہے۔ دوسری جانب سری لنکا میں غذائی بحران شدید تر ہونے کے باعث فوج کاشتکاری مہم میں حصہ لے گی جس کے تحت 1500 ایکڑ بنجر زمین کو غذائی پیداوار بڑھانے کے لیے قابلِ کاشت بنایا جائے گا۔ سری لنکن آرمی نے جمعرات کو گرین ایگریکلچر اسٹیئرنگ کمیٹی قائم کی ہے جو ملک کے فوڈ سیکیورٹی پروگرام پر عمل درآمد کرے گی۔

یاد رہے کہ سری لنکا میں جاری بدترین معاشی بحران کی وجہ سے غذا، ادویات، گھریلو گیس، ایندھن اور درجنوں اشیاء کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔

٭…اسرائیل میں ایک ملین سال پہلے انسانوں کی جانب سے آگ لگانے کی جگہ کا پتا لگالیا گیا۔ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی مدد سے اسرائیل کے ایک سائنسی انسٹی ٹیوٹ کے محققین نے آثار قدیمہ کے مقام پر سے کچھ پتھروں کے ملنے کا دعویٰ کیا ہے جنہیں آگ جلانے کے لئے استعمال کیا گیا تھا، یہ چیزیں 8 لاکھ سے 10 لاکھ سال پرانی ہیں۔اس سے قبل انسانوں کی جانب سے آگ لگانے کا سب سے پرانا لیکن غیر واضح ثبوت اسرائیل کے قسیم غار سے ملا تھا، جو کہ 3 – 4 لاکھ سال پرانا ہے۔

٭…مدینہ منورہ میں موجود عازمین حج کو 20 سال بعد کھجوروں کی تازہ فصل بہت کم قیمت خریدنے اور کھانے کو ملے گی۔ایسا اس وجہ سے ممکن ہوا کہ 20 سال بعد پہلی مرتبہ کھجور کی فصل اور حج کا موسم ایک ہی وقت میں آئے ہیں۔

واضح رہے کہ مدینہ منورہ میں کھجوروں کی تازہ فصل جون میں توڑی جاتی ہے، جس کی وجہ سے منڈی میں روزانہ تازہ کھجور دستیاب ہوتی ہے۔ اس وقت مدینہ منورہ میں روتانا، عجوہ، لونہ اور ربیعہ کے علاوہ متعدد اقسام کی کھجوریں موجود ہیں۔ تاجروں کے مطابق روتانا قسم کی کھجور سب سے زیادہ فروخت ہوتی ہیں۔

٭…برطانوی محکمہ صحت کے حکام کے مطابق برطانوی دارالحکومت لندن کی ایک سیوریج لائن سے پولیو وائرس ملنے کا انکشاف ہوا ہے۔حکام کا خیال ہے کہ پولیو وائرس شمالی لندن سے تعلق رکھنے والے کچھ افراد میں پھیل گیا ہے۔ پولیو کے شواہد گٹر سے ملنے پر یوکے ہیلتھ ایجنسی نے ’’نیشنل انسیڈنٹ ڈکلیئر‘‘کردیا۔ ممکنہ طور پر پولیو وائرس حال ہی میں برطانیہ آئے کسی شخص کے ساتھ آیا ہو اور اسے حال ہی میں ویکسین بھی لگی ہوگی۔پولیو وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے فوری تحقیقات سے پھیلنے کی جگہ کا تعین کیا جائے گا۔ خیال رہے کہ 1950ء میں برطانیہ میں پولیو عام تھا، تاہم 2003ءمیں اس کا خاتمہ کردیا گیا تھا۔

٭…بنگلہ دیش میں دریائے پدما پر آٹھ سال کے عرصے میں تعمیر کردہ نیا طویل ترین پل باقاعدہ افتتاح کے ایک روز بعد اتوار 26؍ جون کو عوامی آمد و رفت کے لیے کھول دیا گیا۔ اس پل کی لمبائی ساڑھے چھ کلومیٹر سے بھی زیادہ بنتی ہے۔اس پل کا افتتاح ملکی وزیر اعظم شیخ حسینہ نے ہفتہ پچیس جون کے روز کیا تھا، جس کے بعد اتوار سے اسے عام شہریوں کے لیے کھول دیا گیا۔ یہ 6.51 کلومیٹر (4.04 میل) طویل پل تقریباﹰ 3.6 بلین امریکی ڈالر کے برابر لاگت سے تعمیر کیا گیا۔ابتدائی منصوبہ بندی کے مطابق ورلڈ بینک کو اس منصوبے کے لیے 1.2 بلین ڈالر مہیا کرنا تھے۔ بیرونی فنڈنگ سے انکار کے بعد ڈھاکہ حکومت کو اربوں ڈالر مالیت کا یہ منصوبہ ملکی مالی وسائل سے ہی مکمل کرنا پڑا۔ اس پل کی تعمیر اور اس کے استعمال میں آ جانے سے دارالحکومت ڈھاکہ اور ملک کی دوسری سب سے بڑی سمندری بندرگاہ مونگلہ کے مابین فاصلہ تقریباﹰ 100 کلومیٹر (62 میل) کم ہو گیا ہے۔

٭… ناروے کی حکومت نے ملکی دارالحکومت اوسلو میں ایک مشہور نائٹ کلب کے باہر ایک شخص کی فائرنگ سے دو افراد کی ہلاکت کے بعد دہشت گردی کے خلاف وراننگ کا لیول بڑھا دیا ہے۔ ہفتے کو علی الصبح ہونے والی فائرنگ میں بیس سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔ پولیس کے مطابق اس حملے کی ’اسلام پسندانہ دہشت گردی‘ کے واقعے کے طور پر چھان بین کی جا رہی ہے۔ اس شوٹنگ کا ملزم ایک 42 سالہ ایرانی نژاد نارویجین شہری ہے، جسے فائرنگ کے چند منٹ بعد ہی حراست میں لے لیا گیا تھا۔ پولیس نے کہا کہ مشتبہ ملزم چند غیر مہلک جرائم کی وجہ سے 2015ء سے حکام کی نظروں میں تھا۔ تفتیش کاروں نے یہ بھی کہا کہ مشتبہ ملزم ماضی میں ذہنی مریض رہا ہے۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button