سویڈن کی جماعت لولیو(Luleå) کا جماعتی دورہ
لولیو سویڈن کے شمال میں ایک شہر ہے جو کہ دارالحکومت سٹاک ہالم سے تقریباً ایک ہزار کلو میٹر کے فاصلے پر ہے۔ اس شہر میں سردیوں میں دن بہت چھوٹے اور سرد ہوتے ہیں جبکہ گرمیوں میں یہاں سورج تقریباً غروب ہی نہیں ہوتا۔ اس شہر میں دسمبر 2006ء میں پہلی احمدی فیملی آکر آباد ہوئی۔ فیملی کے سربراہ مکرم چوہدری محمد اسلم صاحب مرحوم کو بہت سے لوگوں نے لولیو سے بڑے شہروں میں منتقل ہونے کی ترغیب دی مگر وہ جماعتی ہدایات کی روشنی میں اسی شہر میں ٹھہرے رہے۔ اللہ کا کرنا ایسا ہوا کہ مکرم شکور احمد صاحب کی فیملی بھی اسی شہر میں آکر آباد ہوگئی۔ اس طرح یہاں باقاعدہ جماعت کا قیام عمل میں آگیا۔ جون 2013ء میں خاکسار کا لولیو میں بطور پہلے مبلغ سلسلہ تقررہوا۔ خاکسار نے یہاں جون 2016ء تک کام کیا جس کے بعد مکرم طاہر حیات صاحب مبلغ سلسلہ کا لولیو میں تقرر ہو گیا۔ اب جولائی 2022ء سے خاکسارکا دوسری مرتبہ لولیو میں تقرر ہوا ہے۔
لولیو جماعت ابتدا سے ہی مالی قربانی میں صف اول میں رہی۔ چندہ تحریک جدید میں فی کس ادائیگی میں لولیو سارے ملک سے آگے رہی۔ اسی طرح تبلیغ کے میدان میں لائبریریز میں تبلیغ سٹال اور فولڈرز کی تقسیم میں بھی لولیو جماعت کونمایاں کام کی توفیق ملی۔
مکرم آغا یحیٰ خان صاحب مبلغ انچارج سویڈن کے ہمراہ خاکسار کو 21 تا 25 جون 2022ء لولیو کے دورے کا موقع ملا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے یہ دورہ بہت کامیاب رہا۔ دورے کے دوران مقامی جماعتی عاملہ کے ساتھ الوداعی میٹنگ ہوئی جس میں مبلغ انچارج صاحب نے کام کے حوالے سے ہدایات دیں۔ اس موقع پر کھانے کا بھی اہتمام کیا گیا۔جبکہ مکرم وسیم ظفر صاحب امیر جماعت سویڈن کی ہدایت پر ان کی نمائندگی میں مکرم مبلغ انچارج صاحب نے لوکل جماعت کے انتخابات بھی کروائے۔ مورخہ 25 جون کو انتخابات کے بعد لولیو سے تقریباً 200 کلو میٹر کے فاصلے پر اس مقام کے وزٹ کا پروگرام بنا جہاں ان دنوں میں سورج بالکل غروب نہیں ہوتا۔ 16 افراد نے اس مقام کا وزٹ کیا۔ وزٹ کے آخری دن لولیو شہر میں Ask A Muslimکے عنوان پر تبلیغی سٹال کا اہتمام کیا گیا۔ جہاں مختلف اوقات میں احباب جماعت نے آکر ڈیوٹی دی۔ جبکہ مکرم مبلغ انچارج صاحب، خاکسار اور مکرم جاہد صاحب سیکرٹری تبلیغ سارا وقت ا سٹال پر موجود رہے۔ سٹال پر بہت سے لوگوں نے آکر اسلام کے بارے میں سوالات کیے اور اللہ تعالیٰ کے فضل سے اسلام کے بارے میں مثبت خیالات لے کرگئے۔ ایک بزرگ شہری نے آکر ہماری تصاویر لیں اور بہت خوبصورت تبصرہ کے ساتھ اپنے فیس بک پر تصویر کے ساتھ شائع کیا۔ اسی شام اطفال کے ساتھ ایک مختصر پروگرام رکھا گیا۔ جس میں ارسل سیماب صاحب ناظم اطفال لولیو نے اطفال کے کھانے کا انتظام کیا اور مبلغ انچارج صاحب نے نصائح کیں۔
حضرت مسیح موعودؑ کو اللہ تعالیٰ نے الہاما فرمایا تھا کہ میں تیری تبلیغ کو زمین کے کناروں تک پہچاؤں گا۔ لولیو میں جماعت کا قیام خدا تعالیٰ کے اس وعدے کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ لولیو سے تقریباً 400 کلومیٹر کے فاصلے پر ایک اور شہر Kiruna ہے جہاں ہماری ایک فیملی رہتی ہے۔ لولیو سے تقریباً 800 کلو میٹرکے فاصلے پر نارتھ پول ہے اور Kiruna سے یہ فاصلہ اور بھی کم ہو جاتا ہے۔ اس طرح دنیا کے اس کنارے پر اللہ تعالیٰ کے فضل سے حضرت مسیح موعودؑ کا پیغام نہ صرف پہنچ رہا ہے بلکہ حضرت مسیح موعودؑ سے محبت کرنے والی آپ کو ماننے والی ایک مخلص جماعت یہاں پر قائم ہے۔ الحمد للہ علی ذالک