جلسہ یوم خلافت، جماعت احمدیہ یونان
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مورخہ 29؍مئی 2022ء جماعت احمدیہ یونان کو جلسہ یوم خلافت منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ
اس جلسہ کے لیے مرکزی مقرر کے طور پر حضرت امیر المومنین خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مولانا وسیم احمد فضل صاحب، استاد جامعہ احمدیہ یوکے کو مقرر فرمایا جنہوں نے جلسہ کی صدارت بھی کی۔
جلسہ بمقام ایتھنز مشن ہاؤس بعد از نماز ظہر و عصر سوا دو بجے شروع ہوا۔ جلسہ کا آغاز حسب روایت تلاوت قرآن سے ہوا۔ مکرم محمد یوسف صاحب نے سورۃ النور آیت نمبر 56-57 کی تلاوت کی اور ترجمہ پیش کیا۔ حدیث نبویﷺ مکرم داؤد احمد ناصر صاحب نے پڑھ کر سنائی۔ تقریر اول بزبان انگریزی مکرم شمس الدین ادریس صاحب نے بعنوان ’’خلافتِ احمدیہ‘‘ پیش کی۔ تقریر دوم بزبان اردو مکرم طارق عزیز صاحب نے یونان کی جماعت شمالی یونان کے شہر تھیسالونیکی سے آن لائن بذریعہ زوم پیش کی جس کا عنوان تھا ’’خلافت علیٰ منہاج النبوۃ‘‘۔ نظم ’’خلافت سہارا ہے ہم غمزدوں کا‘‘ مکرم خرم مبارک احمد صاحب نے نہایت خوبصورت آواز میں پیش کی۔ تقریر سوم بزبان یونانی مکرم عطاء النصیر صاحب نیشنل صدر و مربی سلسلہ یونان نے کی جس کا عنوان تھا ’’نظام خلافت‘‘۔ اختتامی تقریر مہمان خصوصی مولانا وسیم احمد فضل صاحب مربی سلسلہ نے خلافت احمدیہ کے موضوع پر کی جس میں آپ نے خلافت احمدیہ کے آغاز سے خلافت خامسہ تک مختلف تاریخی اور ایمان افروز واقعات کا ذکر کیا۔ آخر پر آپ نے دعا کروائی۔ سوا چار بجے جلسہ کا اختتام ہوا۔
اجتماعی دعا کے بعد احباب جماعت کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔ مسجد میں حاضر انصار و خدام کی تعداد 16 تھی۔ آن لائن بزریعہ زوم جلسہ میں جماعت ایتھنز، جماعت سنٹرل یونان اور جماعت شمالی یونان کے مختلف علاقوں جن میں تھیسالونیکی، کاترینی اور سکیروس سے 25 احباب شامل ہوئے۔ شمالی یونان جماعت کے شہر تھیسالونیکی میں پہلی مرتبہ اجتماعی طور ایک ہوٹل کے ہال میں جلسہ کی کارروائی بذریعہ زوم سننے کا انتظام کیا گیا۔ اس طرح اس جلسہ میں انصار، خدام اور لجنہ اماء اللہ کی کل حاضری 41 تھی۔
اللہ تعالیٰ ہماری اس ادنیٰ کاوش کو قبول فرمائے اور ہمیں خلافت کی نعمت اور اس کی برکات سے تاقیامت متمتع فرماتا چلا جائے اور ہمیں اور باقی ساری دنیا کو خلافت کی برکات سے فیضیاب ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین