محفل مشاعرہ مجلس انصار اللہ سوئٹزرلینڈ: مکرم مبارک صدیقی صاحب کے ساتھ
خدا تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصاراللہ سوئٹزرلینڈ کے زیرِ اہتمام مورخہ 25؍جون 2022ء بروز ہفتہ مکرم مبارک صدیقی صاحب کے ساتھ ایک شاندار محفل مشاعرہ کا اہتمام کیا گیا۔ اس پروقارتقریب کا مقصد مجلس انصاراللہ اورلجنہ اماء اللہ کے مرکزی دفاتر و نماز سنٹرز کے قیام کے لیے چندہ جمع کرنا تھا جس کی منظوری حضورانورایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مرحمت فرمائی ہے۔ اس سلسلہ میں مکرم ملک عارف محمود صاحب صدرمجلس انصاراللہ کو حضورانورایدہ اللہ تعالیٰ کی خدمت میں خود حاضر ہوکر ہدایات لینے کی سعادت نصیب ہوئی۔
مشاعرہ کے انتظامی اُمور کے ناظم مکرم رحمت اللہ زاہد صاحب جبکہ ناظم مشاعرہ سٹیج مکرم بشارت احمد انیس صاحب مقرر ہوئے۔
مورخہ 25؍جون بروز ہفتہ نور مسجد ویگولٹینگن کے ملحقہ گاؤں موحل ہائم کے سیکنڈری سکول کے ہال میں مجلس خدام الاحمدیہ کے دو روزہ سالانہ اجتماع کے پہلے روز کی کارروائی کے اختتام پراسی ہال میں 16:30بجے مشاعرہ کی تقریب کا آغاز صدر صاحب مجلس انصاراللہ کی صدارت میں مکرم رفیع الدریس صاحب کی تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ جس کا اُردو ترجمہ مکرم نعیم اللہ صاحب نے پیش کیا۔ بعد ازاں مکرم رانا سکندرصاحب نے حضرت اقدس مسیح موعودعلیہ السلام کا منظوم کلام خوش الحانی سے پڑھا۔
اس کے بعد محترم صدر صاحب انصار اللہ نے مکرم زاہد اسماعیل بٹ صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ سوئٹزرلینڈ کو دعوتِ خطاب دیتے ہوئے ان کا بہت شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اپنے اجتماع کے موقع پر مشاعرہ کے انعقاد کے لیے اپنا پلیٹ فارم مہیا کیا۔
صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ نے محبت بھرے السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ کے ساتھ صدرصاحب انصار اللہ، مہمانِ خصوصی مکرم مبارک صدیقی صاحب،دیگر مہمان شعراء اور مجلس انصار اللہ کو خوش آمدید کہا اور مشاعرہ کے پس منظر اور اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے تمام احباب سے مجلس انصار اللہ اور لجنہ اماء اللہ کے پراجیکٹ کے لیے مالی قربانی کی اپیل کی۔
اس کے بعد محترم صدرصاحب مجلس انصاراللہ نے مہمان خصوصی صاحب کی خدمت میں استقبالیہ پیش کیا اور مجلس انصاراللہ اورلجنہ اماء اللہ کے اس مشترکہ منصوبہ کی اغراض ومقاصد بیان کیے جس کے لیے یہ محفل مشاعرہ منعقد کی گئی تھی۔ اور اس مالی قربانی میں حصہ لینے والے احباب کی تفصیل سے آگاہ کرتے ہوئے حضور انورایدہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے پیش کیے گئے مبلغ دس ہزار سوئس فرانک کی قربانی کا ایمان افروزتذکرہ کیا اور حضور انورایدہ اللہ تعالیٰ کی واضح ہدایات کی روشنی میں بیان کیا کہ لازمی چندہ جات میں نادہندگان اس مالی قربانی میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔
صدرصاحب کے بعد ناظم صاحب مشاعرہ نے مکرم مبارک صدیقی صاحب کا مختصرتعارف پیش کیا۔
تعارفی کلمات کے بعد مکرم مہمان خصوصی صاحب نے اپنے شاعرانہ کلام، خلافت سے محبت و تعلق اور دیگر ایمان افروز اور پرمزاح واقعات کوبڑے ہی دلنشیں انداز میں بیان کر کے محفل کورونق بخشی اور ڈھیروں داد وصول کی۔ جرمنی سے تشریف لائے ہوئے مہمان شاعر ڈاکٹر وسیم احمد طاہر صاحب نے بھی اپنا مختصر منظوم کلام پیش کیا۔
محض خدا تعالیٰ کے فضل اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی خصوصی دعاؤں کے ساتھ ساتھ آپ کے مالی تحفہ کی برکت سے دوران مشاعرہ احباب کی طرف سے چندوں کے وعدہ جات کی آمد کا سلسلہ جاری رہا۔ جن کا اعلان محترم صدر صاحب اور ناظم صاحب مشاعرہ کرتے رہے۔ مشاعرہ کے دوران احباب وخواتین کی طرف سے مبلغ 80ہزار سوئس فرانک کے وعدہ جات لکھوائے گئے جبکہ تادم تحریر مجلس انصار اللہ کی طرف سے مبلغ دو لاکھ پندرہ ہزار سات سو(215700) اور لجنہ اماء اللہ کی طرف سے مبلغ دولاکھ بارہ ہزارچارسواسی (212480) یعنی دونوں تنظیموں کی طرف سے ابھی تک کل مبلغ چار لاکھ اٹھایئس ہزار ایک سو اسّی سوئس فرانک (428180)کی مالی قربانی پیش کی جاچکی ہے۔ الحمداللہ علیٰ ذالک
مشاعرہ کی لائیو کارروائی زوم کے ذریعہ مختلف ممالک میں بھی دیکھی گئی۔
مشاعرہ کے اختتام پر محترم صدرصاحب مجلس انصاراللہ نے مہمانِ خصوصی صاحب کو ایک یادگاری شیلڈ پیش کی۔
آخر پر مکرم منیر احمد منور صاحب مبلغ انچارج سوئٹزرلینڈ نے اختتامی دعا کروائی۔
مشاعرہ کے اگلے روز اتوار صبح 10:30 بجے نور مسجد ویگولٹینگن کے گیسٹ ہاؤس میں ایک گھنٹے کی شعر و شاعری کی نشست کا بھی اہتمام کیا گیا تھا جس میں مکرم ملک عارف محمود صاحب صدرمجلس انصاراللہ مع چند اراکین مشاعرہ انتظامیہ کے علاوہ شعراء میں مکرم مبارک صدیقی صاحب، جرمنی سے تشریف لائے ہوئے مہمان شاعر ڈاکٹر وسیم احمد طاہر صاحب اورمقامی شاعر مکرم بشارت احمدانیس صاحب نے اپنا کلام سناکر اس چھوٹی سی محفل کورونق بخشی۔