سویڈن کی کاؤنسل ’’سودرتھیلیا‘‘ (Södertälje) کی مئیر سے ملاقات
رمضان سے قبل سویڈن کے تینوں مبلغین نے 5 روزہ تبلیغی دورہ کیا تھا جس میں آزادی اظہار اور قرآن کریم کے جلانے کے مکروہ عمل کے بارے میں لوگوں سے اور میڈیا سے بات ہوئی اور میڈیا نے کثیر تعداد میں ہمارے مؤقف کو شائع کیا۔ اس دورے کے دوران مختلف سیاسی اور مذہبی شخصیات کے ساتھ بھی رابطہ کیا گیا تاکہ ان تک بھی اسلام کی صحیح تعلیم اور تصویر پہنچائی جاسکے۔ اس سلسلہ میں سودرتھیلیا (Södertälje) کی کونسل کی مئیر Boel Godnerسے بھی رابطہ کیا گیا مگر وہ دورے کے دوران مصروفیت کی وجہ سے وقت نہ دے سکتی تھیں تاہم انہوں نے خواہش کا اظہار کیا کہ اگر اس دورے کے بعد کوئی وقت مقرر کرلیں تو وہ ضروور ملنا چاہیں گی۔ چنانچہ مورخہ 27؍جون کو مکرم آغا یحیٰ خان صاحب مبلغ انچارج سویڈن، مکرم ظہیر چوہدری صاحب صدر جماعت سٹاک ہالم اور خاکسار (مبلغ سلسلہ مالمو) نے Södertälje کی مئیر سے ملاقات کی۔ ملاقات تقریباً ایک گھنٹہ جاری رہی جس میں جماعت کا تفصیل سے تعارف کروایا گیا۔ مختلف ممالک میں جماعت پر ہونے والے مظالم کے حوالے سے بات ہوئی۔ قرآن جلانے کی مزموم کوششوں کا اسلامی جواب اس بارے میں بتایا گیا۔ کہ کس طرح جماعت نے معاشرے میں امن قائم کرنے کے لیے کوششیں کیں۔ اس ملاقات کے دوران ایک مختصر ویڈیو بھی دکھائی گئی جس میں خلافت سے متعلق معلومات اور غیروں کے جماعت کے بارے میں تاثرات شامل تھے۔
میٹنگ کے اختتام پر مبلغ انچارج صاحب نے محترمہ کو قرآن کریم کا سویڈش ترجمہ اور حضور انور ایدہ اللہ کی کتاب Pathway to peace بطور تحفہ پیش کی۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے یہ ملاقات بہت مفید رہی۔ مئیر صاحبہ نے جماعت کا بہت شکریہ ادا کیا اور مل کر کام کرنے کا اعادہ بھی کیا۔الحمد للہ