ہماری مساجد دعوت الیٰ اللہ کا ایک ذریعہ۔ جرمنی کی جماعت Wittlichسے ایک رپورٹ
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ 24؍جون 2022ء کو ایک سکول کے 34 طلباء و طالبات اور تین اساتذہ کے گروپ نے مسجد بیت الحمد Wittlich جرمنی کا وزٹ کیا۔
مہمانوں کو سب سے پہلے لجنہ اماء اللہ کا ہال جو پہلی منزل پر ہے دکھایا گیا۔ پھر دوسرے ہال میں لے جایا گیا اور یہ وہ ہال ہے جس میں مرد حضرات نماز ادا کرتے ہیں۔ جوتیاں اُتار کر طلباء اور ان کے اساتذہ داخل ہوتے ہی بڑے احترام و سکون سے قالین پر بیٹھ گئے۔ ہم بھی ان کے آمنے سامنے بیٹھ گئے اور سب سے پہلے ان کا استقبال کیا۔ خاکسار کے ساتھ مکرم طاہر احمد ظفر صاحب صدر جماعت، مکرم محمد شاہد بٹ صاحب سیکریڑی تربیت اور قائد مجلس خدام الاحمدیہ مکرم اُسامہ قمر صاحب موجود تھے۔ ہم نے اُن کی فرمائش و تمنا پر نماز پڑھنے کا طریق اور اذان کی صدا بلند کرنے کا طور و طریقہ بتایا۔ اس کے بعد سب سے نچلے والے ہال میں جانے کی گذارش کی گئی۔جہاں پر مہمانوں کے لیے ریفریشمنٹ کا انتظام تھا۔ یہاں پر جماعت جرمنی کے تعارف اور کارکردگی پر مبنی ایک ویڈیو پروجیکٹ کی مدد سے دکھائی گئی۔ بہت سے سوالات مہمانوں کی طرف سے آئے جن کے ہم نے جوابات دیے۔ تقریباً اڑھائی گھنٹے گذرنے کے بعد مہمانوں نے جانے کی اجازت لی۔ چنانچہ مہمانوں کو دوبارہ آنے کی دعوت دیتے ہوئے الوداع کیا گیا۔ رخصت ہوتے وقت مسجد کے چوکھٹ پر گروپ فوٹو ہوا۔ الحمدللہ اس طرح یہ محفل اپنے اختتام کو پہنچی۔