عالمی خبریں

خبرنامہ(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭…روسی وزارت خارجہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ روس نے جاپانی پارلیمنٹ کے 384 اراکین پر پابندی عائد کر دی۔ ماسکو کا کہنا ہے کہ جاپان کے ان ارکان پارلیمنٹ کے خلاف کارروائی کی گئی ہے جنہوں نے روس کے خلاف غیر دوستانہ یا مخالف پوزیشن اختیار کی۔ یاد رہے کہ ٹوکیو جی 7 ممالک میں شامل ہے جنہوں نے روس کے مرکزی بینک کے اثاثوں کو منجمد کیا ہے۔ یہ اقدام یوکرین پر روسی قبضے کے خلاف مذمت کے طور پر اٹھایا گیا تھا۔

٭…امریکی صدر جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی وزیراعظم یائیر لاپڈ کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر بائیڈن کا کہنا تھا کہ دو ریاستی حل اسرائیل فلسطین تنازع کا بہترین حل ہے، اسرائیل اور فلسطین کے درمیان پائیدار امن کے لیے کام جاری رکھیں گے۔ ایران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول سے روکنے کا بہترین راستہ سفارت کاری ہے، تاہم جوہری مذاکرات پر ایران کے رد عمل کا ہمیشہ کے لیے انتظار نہیں کریں گے۔ اسرائیل کا خطے میں انضمام اہم مقصد ہے، ہمارا سعودی عرب کا دورہ مشرق وسطیٰ میں اپنا اثر و رسوخ دوبارہ ظاہر کرنے کا ایک موقع ہے۔

اس موقع پر اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایران کو روکنے کا واحد راستہ یہ ہے کہ اسے معلوم ہو کہ آزاد دنیا طاقت کا استعمال کرے گی۔ اسرائیل نے عرب ممالک سے امن کے لیے ہاتھ بڑھایا ہوا ہے، ایران کا سامنا کرتے ہوئے علاقائی سلامتی کے لیے ہر ایک کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔

٭…امریکی صدر جو بائیڈن نے مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینی صدر محمود عباس سے ملاقات اور مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ امریکی صدر نے کہا کہ دو ریاستی حل کے ہدف کے امریکی عزم میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے، اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ دونوں فریقین (فلسطین اور اسرائیل) کو ایک ساتھ لانے کی کوششوں سے دستبردار نہیں ہوں گے۔ اس موقع پر فلسطینی صدر محمود عباس کا کہنا تھا کہ مشرقی مقبوضہ بیت المقدس میں امریکی قونصل خانہ دوبارہ کھولنے، پی ایل او کو دہشت گردوں کی فہرست سے ہٹانے اور واشنگٹن میں فلسطینی دفتر کو دوبارہ کھولنے کے لیے امریکی اقدامات کے منتظر ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ صحافی شیرین ابو عاقلہ کے قاتلوں کو پکڑنے کے لیے امریکی حمایت چاہتے ہیں۔ فلسطینی صدر محمود عباس نے کہا کہ دو ریاستی حل کا موجودہ موقع زیادہ دیر تک باقی نہیں رہ سکتا۔

امریکی صدر جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ صحافی شیریں ابو عاقلہ کے قتل کے مکمل احتساب پر اصرار جاری رکھیں گے، اب فلسطینی اداروں کو مضبوط کرنے کا وقت ہے۔

٭…امریکی صدر جو بائیڈن کے دورۂ مشرق وسطیٰ پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان ایرانی وزارت خارجہ نے کہا کہ امریکہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کو ہوا دے رہا ہے، امریکہ نے خطےمیں کشیدگی اور بحران پیدا کرنے کی کوشش کی ہے۔ ایران پر جوہری ہتھیار بنانے کے الزامات خطے میں امریکہ کی شرانگیز پالیسی کا حصہ ہیں۔ امریکہ کا اسرائیل سے سکیورٹی معاہدہ امریکی منافقت اور دھوکے کی عظیم علامت ہے، امریکہ نے خطے میں زیادہ ایٹمی ہتھیار رکھنے والی صیہونی حکومت کی طرف سے آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔

خبر ایجنسی کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن نے اپنے دورے میں اسرائیل سے سکیورٹی معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔

٭…امریکہ کے صدر جوبائیڈن اسرائیل سے سعودی عرب پہنچ گئے۔جوبائیڈن کے دورے کے موقع پر سعودی عرب نے خیر سگالی کے طور پر اسرائیل کے تمام طیاروں کےلیے فضائی حدود کھول دی ہے۔ بائیڈن بذریعہ طیارہ اسرائیل سے براہ راست جدہ پہنچے والے پہلے امریکی صدر ہیں ۔مشرق وسطیٰ کے دورے پر موجود امریکی صدر جوبائیڈن کا کہنا ہے کہ ان کے سعودی عرب کے دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ تعلقات کو مضبوط بنانا ہے۔

٭…امریکی صدر کے سعودی عرب کے تاریخی دورے پر دونوں ملکوں نے عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں استحکام کے لیے مل کر کوششیں کرنے پر اتفاق کیا اور توانائی، سکیورٹی، ماحولیاتی تبدیلی، انسانی بحران، عالمی تنازعات طے کرنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی بنانے پر زور دیا۔ امریکی صدر جو بائیڈن اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ملاقات کے مشترکہ اعلامیہ کے مطابق سیاحتی اور تجارتی ویزوں میں 10 سال کی توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ امریکہ سعودی عرب کو دفاعی فوجی ساز و سامان مہیا کرے گا، ایران کو ایٹمی صلاحیت کے حصول سے روکنے کے لیے دونوں ملکوں نے مل کر کوششیں کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔دونوں ملکوں کے درمیان خطے کی سلامتی، خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

٭…سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا کہنا ہے کہ تیل کی پیداوار 1کروڑ 30 لاکھ بیرل سے بڑھا نہیں سکتے۔

جدہ میں امریکہ عرب کانفرنس سے خطاب کے دوران سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے پاس تیل کی یومیہ پیداوار ایک کروڑ تیس لاکھ بیرل سے بڑھانے کی صلاحیت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی معیشت کا استحکام تیل کی قیمتوں میں استحکام سے جڑا ہوا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایران خطے کے ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہ کرے۔ عالمی معیشت کو سہارا دینے کے لیے مزید مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے، توانائی کے پائیدار ذرائع کے لیے حقیقت پسندانہ، ذمہ دارانہ نقطہ نظر کی ضرورت ہے۔

٭…سری لنکا میں معاشی اور سیاسی بحران جاری ہے، سری لنکا کے اسپیکر مہندایاپا ابیوردانہ نے صدر گوٹابایا راجہ پاکسے کا استعفیٰ منظور کر لیا۔ ان کا کہنا ہے کہ نئے صدر کے انتخاب کا عمل 7 دنوں میں مکمل کر لیا جائے گا۔ صدر کے استعفے کی اطلاعات پر کولمبو میں حکومت مخالف مظاہرین نے گالے فیس پارک میں جشن منایا ۔

واضح رہے کہ سری لنکا میں جاری معاشی اور سیاسی بحران کے دوران سری لنکا کے صدر ملک سے فرار ہو کر پہلے مالدیپ پھر سنگاپور چلے گئے تھے۔ سری لنکن صدر گوٹابایا راجہ پاکسے نے سنگا پور سے بذریعہ ای میل اپنا استعفیٰ اسپیکر مہندایاپا ابیوردانہ کو بھیجا تھا۔

٭…روس نے ایک تحقیقی خبروں کے ادارے ’بیلنگ کیٹ‘ (Belling Cat) کو قومی سلامتی کے خلاف خطرہ قرار دے کر پابندی عائد کردی۔ نیدرلینڈ کے میڈیا آؤٹ لٹ نے 2014ء کے دوران مشرقی یوکرین میں ملائیشیا کے مسافر بردار طیارے کے گرنے میں روس کے حمایت یافتہ مسلح گروپ کے ملوث ہونے کا انکشاف کیا تھا۔ اسی ادارے نے یہ بھی بتایا تھا کہ 2020ء میں سابق روسی ایجنٹ نیولنی کو زہر دینے کے لیے روس نے اپنے ایجنٹ برطانیہ بھیجے تھے۔ روس کے پراسیکیوٹر جنرل نے کہا کہ بیلنگ کیٹ اور اس کا پارٹنر ’دی انسائیڈر‘ روس کی سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔ دونوں اداروں کو ناپسندیدہ فہرست میں ڈال دیا جائے گا جس کے بعد یہ روس میں کام نہیں کرسکیں گے۔

دوسری جانب بیلنگ کیٹ کے بانی ایلیٹ ہگنز نے اپنے ٹوئٹ میں بتایا کہ ان کے ادارے کی کوئی قانونی، مالی اور ملازمین کی سطح پر روس میں موجودگی نہیں ہے، تو یہ نہیں معلوم کہ روس کس طرح اس پابندی کو نافذ کرے گا۔

٭… پوپ فرانسس نے پہلی بار خواتین کو بشپ ایڈوائزری کمیٹی کے لیے نامزد کر دیا۔ ویٹیکن سے جاری بیان کے مطابق پوپ فرانسس نے دو نن اور ایک دوسری خاتون کو ایڈوائزری کمیٹی میں نامزد کیا ہے۔ اس سے پہلے بشپ ایڈوائزری کمیٹی میں تمام مرد ہی شامل ہوتے تھے، بشپ ایڈوائزری کمیٹی پوپ کو دنیا بھر کے بشپس منتخب کرنے میں مدد دیتی ہے۔

٭…امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے فضائی حملے کے دوران شام میں داعش کے اہم راہنما مہر الاگال کو مارنے کا دعویٰ کرتے ہوئے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ مہر الاگال داعش کے پانچ اہم راہنماؤں میں سے ایک تھا جو حملے میں مارا گیا جبکہ ایک اَور سینئر رہنما شدید زخمی ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ فضائی حملہ داعش کی دائمی شکست ہے۔ داعش راہنماؤں کے مارے جانے سے دہشت گرد تنظیم کے آئندہ حملوں کی منصوبہ بندی اور حملے کی صلاحیت پر ضرب پڑے گی۔

٭… یونان کے شہر کاوالا کے نزدیک سربیا کا کارگو طیارہ گر کر تباہ ہو گیا۔ طیارے میں سوار عملے کے تمام 8 افراد حادثے میں ہلاک ہوگئے۔ سربیا سے اردن جانے والا کارگو طیارہ 11 ٹن اسلحہ اور بارود لے کر جا رہا تھا۔

٭…ملکہ برطانیہ کو ملک میں زمینی جائیدادوں کی سب سے بڑی مالک کے طور پر استثنیٰ مل گیا۔ ملکہ برطانیہ کی اجازت کے بغیر پولیس تحقیقات کے لیے بالمورل اور سینڈرنگھم سٹیٹس میں داخل نہیں ہوسکتی۔ ملکہ کو حاصل استثنیٰ برطانیہ میں کسی بھی زمیندار کو حاصل نہیں۔ ملکہ کے فشنگ کاروبار میں بھی پولیس کو تحقیقات کےلیے ملکہ کی رضامندی لینا ضروری ہے۔برطانیہ میں خود مختار استثنیٰ کے دیرینہ نظریے کے تحت، بادشاہ کے خلاف بطور سربراہ مملکت فوجداری اور دیوانی کارروائی نہیں کی جاتی۔

میڈیا کے مطابق ملکہ برطانیہ کو ریکارڈ 160 سے زائد برطانوی قوانین میں غیرمعمولی استثنیٰ حاصل ہے۔

٭…سندھ بلوچستان میں بارشوں کے بعد کراچی کو پانی سپلائی کرنے والا حب ڈیم مکمل بھر گیا ہے۔ جی ایم واپڈا کے مطابق حب ڈیم مکمل 339 فٹ بھر گیا ہے، ڈیم کا اضافی پانی حب ندی کے راستے سمندر میں گر رہا ہے۔ حب ندی کے کنارے آباد لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔اس سے قبل ڈیم 2007ءاور 2020ء میں بھرا تھا۔

٭…یورپی ممالک کے حکام نے ہیٹ ویو الرٹ جاری کر رکھا ہے، گرمی کی شدت میں اضافے کے بعد جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات رونما ہو رہے ہیں۔ فرانس اور اسپین کے جنگلات میں آتشزدگی سے ہزاروں افراد اپنے گھر چھوڑنے پر مجبور ہوگئے۔ فرانس کے علاقے گِروندے سے 12 ہزار 200 افراد نے نقل مکانی کی۔ جبکہ ایک ہزار فائر فائٹرز نے آگ پر قابو پانے کی کوشش کی۔حالیہ ہفتوں کے دوران فرانس، پرتگال اور سپین میں ہزاروں ایکڑ پر محیط جنگلات میں آتشزدگی ہوئی۔پرتگال کی وزارت صحت کے مطابق 7؍تا 13؍جولائی کے درمیان ہیٹ ویو سے 238 افراد ہلاک ہوئے۔

٭…برطانیہ ان دنوں شدید گرمی کی لہر کی زد میں ہے۔ محکمہ موسمیات نے برطانیہ کے بیشتر حصوں کےلیے ایمبر الرٹ جاری کردی ہے۔ ایمبر الرٹ کا مطلب ایسا گرم موسم ہے جس کے سبب شدید بیمار ہونے اور جان کو خطرہ ہو سکتا ہے۔منگل 19؍جولائی کو درجہ حرارت 36سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ گرمی کی موجودہ لہر کا سبب یورپ سے آنے والی براعظمی گرم ہوائیں اور زیادہ دباؤ ہے۔ آئندہ دو روز میں موسم قدرے بہتر ہونے کے بعد اختتام ہفتہ پر درجہ حرارت 30سینٹی گریڈ تک ہو جائے گا۔

دوسری جانب حکام نے ہیلتھ اینڈ سوشل ورکرز کو معمر اور کمزور افراد کا خیال رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ لندن ایمبولینس سروس نے کہا ہے کہ صرف جان کے خطرے پر 999 پر کال کی جائے۔ ایمبولینس سروس نے لوگوں کو پانی پیتے رہنے اور سورج کی کرنوں سے بچنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

یاد رہے کہ برطانیہ میں 2020ءمیں گرم موسم کے سبب ڈھائی ہزار اموات ہوئی تھیں۔

٭…یورپین سینٹر فار ڈیزیز پریوینشن اینڈ کنٹرول (ECDC) اور یورپین میڈیسن ایجنسی (EMA) کے ذمہ داران نے یورپین پارلیمنٹ کی کووڈ19 کے لیے بنائی گئی خصوصی کمیٹی میں ممبران پارلیمنٹ کو تجاویز پیش کیں۔ یورپ میں کورونا کی نئی لہر کے پیش نظر بیماریوں سے کنٹرول کے یورپین اداروں نے سفارش کی ہے کہ یورپ میں 60 سال سے 80 سال کی عمر کے تمام افراد کو فوری طور پر کووڈ19سے بچاؤ کی ایک اَور بوسٹر ڈوز لگادی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپریل 2022ء میں کہا تھا کہ 80 سال کے افراد کو روٹین ویکسی نیشن اور ایک بوسٹر ڈوز کے بعد ایک اَور ڈوز لگائی جائے۔ لیکن اب کورونا کے ایک مرتبہ پھر بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر تجویز دی جاتی ہے کہ اب 60 سال سے اوپر اور مختلف دیگر بیماریوں سے متاثرہ افراد کو بچانے کے لیے ایک مزید mRNA Covid-19 ویکسین لگائی جائے۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button