گنی بساو میں عید الاضحیٰ
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ گنی بساو میں مورخہ 9؍جولائی 2022ء کو عید الاضحٰی جوش و خروش سے منائی گئی۔ ملک بھر میں 8 ریجنز کی 152 جماعتوں میں نماز عید ادا کی گئی۔الحمد للہ
خطبہ عید میں قرآن وحدیث کی روشنی میں احباب جماعت کو حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی عظیم قربانی کے بارے میں بتایا گیا۔ نیز حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے اقتباسات کی روشنی میں قربانی کی اہمیت اور اس کی وجہ سے اللہ تعالیٰ کے قرب اور برکات کے حصول کے بارے میں بتایا گیا۔
خطبہ عید کے بعد اللہ تعالیٰ کے حضور میں قربانیوں کا سلسلہ شروع کیا گیا۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ اور ہیومنٹی فرسٹ کے توسط سے ملک بھر میں عید کے تینوں دنوں قربانی کا سلسلہ جاری رہا۔ اور الحمدللہ احباب جماعت کے ساتھ غیر ازجماعت اور دوسرے مذاہب کے لوگوں میں بھی عید الاضحٰی کا گوشت پہنچایا گیا۔ ملک کے مختلف اداروں میں بھی قربانی کا گوشت تحفہ کے طور پر پہنچایا گیا۔ اس کے علاوہ ملک کے مختلف ہسپتالوں، یتیم خانوں جیلوں اور بیواؤں کو بھی عید الاضحٰی کی برکات میں شامل کیا گیا۔
ملک کے 8 ریجنز میں 68 مقامات پر قربانی کی گئی اور اس طرح ملک بھر کے 25072 لوگوں میں قربانی کا گوشت تقسیم کیا گیا۔ الحمد للہ
اللہ تعالیٰ ہم سب کی قربانیوں کو قبول فرمائے اور ہمیں تقویٰ میں بڑھائے اور خود ہمارا حامی و ناصر ہو اور ہمیشہ خلیفہ وقت کے فرمانبردار اور پیارے آقا کی تمام نصائح پر کما حقہ عمل کرنے والا بنائے۔ آمین