جلسہ سالانہ برطانیہ 2022ء کے پہلے دن کی مختصر روداد
(از جلسہ گاہ حدیقۃ المہدی،5؍ اگست 2022ء، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) جلسہ سالانہ کے پہلے دن کا آغاز صبح ساڑھے تین بجے نماز تہجد سے ہوا جو مکرم حافظ مشہود احمد صاحب مربی سلسلہ و استاذ جامعہ احمدیہ یوکے نے پڑھائی۔ صبح پونے پانچ بجے حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے جلسہ گاہ میں رونق افروز ہوکر نمازِ فجر پڑھائی۔ حضورِ انور نے نماز فجر کی پہلی رکعت میں سورۃ بنی اسرائیل کی آیات اناسی تا پچاسی کی تلاوت فرمائی جبکہ دوسری رکعت میں سورۃ الکہف کی ابتدائی گیارہ آیات کی تلاوت فرمائی۔ نماز فجر کے بعد مکرم محمود احمد طلحہ صاحب مربی سلسلہ و استاذ جامعہ احمدیہ یوکے نے درس حدیث دیا۔
صبح ساڑھے سات بجے کھانے کی مارکی میں ناشتے کا انتظام کیا گیا تھا۔ ناشتے میں مہمانانِ کرام اور ڈیوٹی کنندگان کو چنے، روٹی، سیریل، بٹر، جیم اور ڈبل روٹی پیش کی گئی۔ ناشتے کی مارکی میں ہی ٹی سٹال کی بنی ہوئی مزیدار چائے کابھی انتظام تھا جو چینی اور بغیر چینی دونوں صورتوں میں مہیا کی گئی تھی۔ ناشت کے بعد شاملینِ جلسہ کی آمد کا سلسلہ شد و مد سے شروع ہوا۔ ڈیوٹی پر موجود کارکنان بڑی خندہ پیشانی سے لوگوں کا استقبال کرتے اور ان کی کاریں موزوں جگہ پر پارک کرواتے رہے۔ اسی طرح شاملین ٹرین کے ذریعہ بھی تشریف لائے جو Altonاور حدیقۃ المہدی کے درمیان جاری کردہ ایک coach سروس کے ذریعے جلسہ گاہ پہنچتے رہے۔
حضور انور نے خطبہ جمعہ جلسہ گاہ سے ارشاد فرمایا جس میں حضورِ انور نے کارکنان کو صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے کی تلقین اور مہمانوں کو انتظامات میں رہ جانے والی کسی بھی کمی سے صرفِ نظر کرنے کی نصیحت فرمائی۔ حضور انور نے نماز جمعہ کی پہلی رکعت میں سورۃ الاعلیٰ جبکہ دوسری رکعت میں سورۃ الغاشیہ کی تلاوت فرمائی۔ حضورِ انور نے نمازِ جمعہ کے بعد نمازِ عصر بھی پڑھائی۔
ایک بجے کھانے کی مارکی میں کھانے کا انتظام کیا گیا ، کھانے میں آلو گوشت،دال اور چاول پیش کیے گئے۔پرہیزی کھانے میں مہمانوں کے لیے پاستے کا انتظام بھی تھا۔مہمانوں کو بعد از نماز ظہر بھی کھانا پیش کیا گیا۔
آج جلسہ سالانہ کا باقاعدہ افتتاح تقریب پرچم کشائی اور اس کے بعد افتتاحی اجلاس سے ہونا مقصود تھا۔ عاشقانِ خلافت اپنے آقا کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے بے تاب تھے۔ حضورِانور چار بج کر پینتیس منٹ پر جلسہ گاہ میں رونق افروز ہوئے،شاملین کا جوش و خروش دیکھنے سے تعلق رکھتا تھا۔فدایانِ خلافت نے والہانہ جوش اور نعروں سے اپنے پیارے امام کا استقبال کیا۔ اس کے بعد تقریب پرچم کشائی ہوئی اور حضورِ انورمردانہ جلسہ گاہ میں رونق افروز ہوئے اور کرسیٔ صدارت پر فروکش ہوئے۔ مردانہ جلسہ گاہ میں بھی شاملین کا جوش و خروش قابل دید تھا۔ جلسہ کے پہلے سیشن کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور اردو ترجمہ سے ہواجو مکرم محمود احمد وردی صاحب مربی سلسلہ انچارج انڈونیشین ڈیسک یو کے نے پیش کیا۔ فارسی قصیدہ مکرم عاشق حسین صاحب استاذ جامعہ احمدیہ نے جبکہ اردو نظم مکرم مرتضیٰ منان صاحب مربی سلسلہ جرمنی نے پیش کی۔ اس کے بعد حضور انور نے زرّیں نصائح پر مشتمل افتتاحی خطاب فرمایاخطاب کے اجتماعی دعا ہوئی جس کے ساتھ جلسہ سالانہ کے پہلے اجلاس کا باقاعدہ اختتام ہوا۔
شام کے کھانوں میں رویتی آلو گوشت ، دال اورلنگر کی لذیز روٹی مہمانوں کی خدمت میں پیش کی گئی۔ حضور انور نے سوا نو بجے مردانہ جلسہ گاہ میں تشریف لا کر مغرب اور عشاء کی نمازیں پڑھائیں۔ نماز مغرب کی پہلی رکعت میں سورۃ الفیل اور دوسری رکعت میں سورۃ القریش کی تلاوت فرمائی جبکہ نماز عشاء کی پہلی رکعت میں سورۃ الضحٰی اور دوسری رکعت میں سورۃ التین کی تلاوت فرمائی۔ اس طرح جلسہ سالانہ برطانیہ کا پہلا روز کامیابی کے ساتھ اپنے اختتام کو پہنچا۔