جلسہ سالانہ کے دوسرےروز کی مختصر روئیداد
جلسہ سالانہ کا دوسرا دن6؍ اگست 2022ء بروز ہفتہ
جلسہ سالانہ کے دوسرے دن کا آغاز صبح ساڑھے تین بجے نماز تہجد سے ہوا جو مکرم حافظ طیب احمد صاحب مربی سلسلہ و استاذ جامعہ احمدیہ یوکے نے پڑھائی۔ فجر کی اذان مکرم احسان احمد صاحب متعلم جامعہ احمدیہ یوکے (درجہ رابعہ) نے دی۔ صبح پونے پانچ بجے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے جلسہ گاہ میں نمازِ فجر پڑھائی جس کی پہلی رکعت میں سورۃ البقرۃ کی ابتدائی آٹھ آیات اور دوسری رکعت میں سورۃ البقرۃ کی آیات نو تا سترہ کی تلاوت فرمائی۔ نماز فجر کے بعد مکرم راجہ برہان احمد صاحب مربی سلسلہ و استاذ جامعہ احمدیہ یو کے نے درسِ قرآن کریم دیا۔
صبح ساڑھے سات بجے کھانے کی مارکی میں ناشتہ کا انتطام کیا گیا تھا۔ ناشتہ میں مہمانانِ کرام اور ڈیوٹی کنندگان کو چنے، روٹی، سیریل، بٹر، جیم اور ڈبل روٹی پیش کی گئی۔ آج ناشتہ کے ساتھ مہمانوں کے لیے مزیدار کشمیری چائے کا انتظام بھی کیا گیا تھا۔ ناشتہ کے بعد مہمانوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ جلسہ کی کارروائی کا آغاز صبح دس بجے ہوا۔ جلسہ سالانہ کے دوسرے اجلاس کی صدارت کے فرائض مکرم و محترم نواب منصور احمد خان صاحب وکیل اعلیٰ تحریک جدید انجمن احمدیہ ربوہ نے سر انجام دیے۔ کارروائی کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآن کریم اور ترجمہ کے ساتھ ہوا، جو مکرم حافظ طیب احمد صاحب مربی سلسلہ نے پیش کیا۔ شیخ ندیم احمد صاحب نے حضرت اقدس مسیح موعودؑ کا منظوم کلام پیش کیا۔ پہلی تقریر مولانا فرید احمد نوید صاحب مربی سلسلہ و پرنسپل جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا نے اردو زبان میں بعنوان’’ الہیٰ جماعتوں کی مخالفت ان کی ترقی کا باعث ہوتی ہے‘‘ پیش کی۔ اس کے بعد مکرم محمد ابراہیم اخلف صاحب سیکرٹری تبلیغ جماعت احمدیہ یوکے و استاذ جامعہ احمدیہ یوکے نے انگریزی زبان میں بعنوان ’’ذکر الہی‘‘ کی۔ تقاریر کے بعد مکرم عبد الحئی سرمد صاحب متعلم جامعہ احمدیہ یوکے (درجہ ثانیہ) نے حضرت مصلح موعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا منظوم کلام پیش کیا۔
اس کے بعد مکرم ڈاکٹر سر افتخار احمد ایاز صاحب نے اردو زبان میں تقریر کی جس کا عنوان ’’دنیا کے امن و سلامتی کے قیام کے لیے خلافت احمدیہ کی بین الاقوامی کوششیں‘‘ تھا۔ اس کے بعد مکرم عصام احمد صاحب نے نظم پیش کی۔ آج یعنی جلسہ سالانہ کے دوسرے روز دوسرے اجلاس کے ساتھ ساتھ مستورات کا خصوصی اجلاس بھی منعقد ہے جس میں مختلف موضوعات پر تقاریر اور نظمیں پیش کی جاتی ہیں۔ امسال بھی گذشتہ سال کی طرح اس اجلاس کی آڈیو دنیا بھر کے سامعین کے لیے یوٹیوب پر لائیو نشر کی گئی۔
سوا بارہ کے قریب حضور انور لجنہ اماء اللہ کی مارکی میں رونق افروز ہوئے اور اس اجلاس کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ تلاوت اور نظم کے بعد تعلیمی میدان میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والی خواتین کے نام پڑھے گئے جس کے بعد حضور انور نے نہایت بصیرت افروز خطاب فرمایا۔ خطاب کے بعد حضورِ انور نے مردانہ مارکی میں تشریف لے جا کر نمازِ ظہر و عصر پڑھائیں۔
نماز ظہر و عصر کے وقت لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے مرکزی مارکی میں جگہ نہ ہونے کے باعث باہر نمازیں ادا کیں۔ نمازوں کی ادائیگی کے بعد کھانے کی مارکی میں کھانے کا انتظام کیا گیا، کھانے میں دال اور روٹی پلانٹ کی لذیز روٹی سے مہمانوں کی تواضع کی گئی۔ گرمی کی شدت کے باعث شاملین جلسہ جماعتی سٹالز سے آم کا ملک شیک نوش کرتے رہے۔
جلسہ سالانہ کے دوسرے اجلاس سے قبل معززین کے پیغامات پیش کیے گئے۔ مکرم رفیق احمدحیات صاحب امیر جماعت احمدیہ یوکے کی صدارت میں یہ نشست ہوئی جس کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ اس نشست میں جلسہ کے حوالے سے معزز مہمانوں نے اپنے تاثرات کا اظہار ویڈیو پیغامات کی صورت میں کیا۔ کووڈ 19کے باعث مہمان چونکہ تشریف نہ لا سکے اس لیے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے معززین کی طرف سے ویڈیو پیغامات موصول ہوئے جن کو جلسہ گاہ میں موجود بڑی سکرین پر چلایا گیا۔
جلسہ سالانہ کے تیسرے اجلاس کا باقاعدہ آغاز حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی آمد سے ہوا۔ چار بج کر تینتیس منٹ پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا قافلہ ایم ٹی اے کی سکرین پر نمودار ہوا۔ حضور انورایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز چار بج کر سینتیس منٹ پر مردانہ پنڈال میں رونق افروز ہوئے۔ پیار ے آقا کے جلسہ گاہ رونق افروز ہوتے ہی شاملین نے والہانہ انداز میں اپنے پیارے امام کا استقبال کیا۔
اجلاس کی کارروائی کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ مکرم فیروز عالم صاحب مربی سلسلہ و انچارج بنگلہ ڈیسک نے سورۃ الفتح کی آخری دو آیات کی تلاوت کی اور اس کا اردو ترجمہ بیان فرمودہ حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ پیش کیا۔ بعد ازاں مکرم عمر شریف صاحب نے حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کا منظوم کلام پیش کیا۔ اس کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے جلسہ سے خطاب فرمایا جس میں سالِ گذشتہ کے دوران جماعت احمدیہ عالمگیر پر اللہ تعالیٰ کے بارش کی طرح نازل ہونے والے افضال کا ایمان افروز تذکرہ تھا۔ خطاب کے بعد حضور انور جلسہ گاہ سے تشریف لے گئے۔
شام کے کھانوں میں روایتی آلو گوشت اور لنگر کی لذیز روٹی مہمانوں کی خدمت میں پیش کی گئی۔ حضور انور نے مغرب اور عشاء کی نمازیں مردوں کی جلسہ گاہ میں پڑھائیں۔ حضورِ انور نے نماز مغرب کی پہلی رکعت میں سورۃ الفلق اور دوسری رکعت میں سورۃ الناس جبکہ نماز عشاء کی پہلی رکعت میں آیت الکرسی جبکہ دوسری رکعت میں سورۃ البقرۃ کی آخری آیت کریمہ کی تلاوت فرمائی۔ اس طرح جلسہ سالانہ کا دوسرا دن اختتام کو پہنچا۔
کل جلسہ سالانہ کا تیسرا اور آخری دن ہے اور ایک سال کے وقفے کے بعد عالمی بیعت کا بھی انعقاد ہو گا۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ہر نیا اور پرانا احمدی بیعت کی حقیقت کو سمجھتے ہوئے حقیقی معنوں میں اس کی شرائط پر عمل درآمد کرنے والا ہو۔ آمین