جلسہ سالانہ برطانیہ2022ء کے بعض انتظامی شعبہ جات کا تعارف (قسط اوّل)
شعبہ حفاظت لوائے احمدیت
جماعت احمدیہ کے جھنڈے کو لوائے احمدیت کہا جاتا ہے۔ لوائے احمدیت کا طول 18؍فٹ اور عرض 9؍ فٹ ہے۔ سیاہ رنگ کےاس پرچم کے درمیان میں منارۃ المسیح، ایک طرف بدر اور دوسری طرف ہلال کی شکل سفید رنگ میں بنی ہوئی ہے۔بدر کے گرد یہ آیت بھی درج ہے:وَلَقَدْ نَصَرَ کُمُ اللّٰہُ بِبَدْرٍ وَاَنْتُمْ اَذِلَّۃٌلوائے احمدیت کی تاریخ کچھ یوں ہے کہ 1939ء میں تین خوبصورت اور حیرت انگیز اتفاقات اکٹھے ہوگئے۔ پہلا یہ کہ عالمگیر جماعت احمدیہ کے قیام کو 50 سال پورے ہوئے۔ دوسرا حضرت مصلح موعودؓ کی عمر مبارک 50 سال ہوئی اور تیسرا یہ کہ خلافتِ ثانیہ کے 25سال پورے ہوئے۔ ان خوشیوں کو شان و شوکت کے ساتھ منانے کےلیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جس نے قریباً 25 تجاویز پیش کیں جن میں سے ایک ’’لوائے احمدیت‘‘ تیار کرنے کی بھی تھی۔ حضرت مصلح موعودؓ نے اس تجویز کو منظور فرماتے ہوئے خصوصی ہدایات سے نوازا۔
28؍دسمبر 1939ء کو 2بج کر 4 منٹ پر سیدنا مصلح موعودؓ نے ’’لوائے احمدیت‘‘ لہرایا۔ اسے لہرانے کےلیے قادیان کے جلسہ گاہ میں اسٹیج کے شمال مشرقی کونہ کے ساتھ پانچ فٹ کاچبوترہ بناکر 62 فٹ اونچا آہنی پول نصب کیا گیا۔ حضرت مصلح موعودؓ کے ارشاد کے مطابق جھنڈے کی حفاظت کےلیے مجلس خدام الاحمدیہ نے 12 خدام مقرر لیےتھے۔
پس اسی بنیاد پر آج بھی جماعتہائے احمدیہ عالمگیر کے دنیا بھر میں منعقد ہونے والے تمام جلسہ ہائےسالانہ کا افتتاح لوائے احمدیت کے لہرانے سے ہوتا ہے جسے پرچم کشائی کی تقریب بھی کہا جاتا ہے اورحضرت مصلح موعود ؓ کے ارشاد کے عین مطابق مجلس خدام الاحمدیہ کے کارکنان جلسہ سالانہ کے آغاز سے اختتام تک اس کی حفاظت کرتے ہیں۔
الحمد للہ ! آج بھی جماعت احمدیہ کے 56ویں جلسہ سالانہ 2022ءکا آغاز پرچم کشائی کی تقریب سے ہوا جس میں حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے لوائے احمدیت لہرا کر اس جلسے کا باقاعدہ افتتاح فرمایا۔بعد ازاں مجلس خدام الاحمدیہ برطانیہ کے کارکنان اس کی حفاظت کےلیے انتہائی مستعدی سے موسم کی پروا کیے بغیر اپنے فرائض کی ادائیگی کررہے ہیں۔
اس ضمن میں جلسہ سالانہ برطانیہ میں قائم اس شعبہ کے ناظم مکرم سرمد سہیل صاحب نے بتایا کہ اُنہیں اور اس شعبہ کے نائب ناظم مکرم مرزا سہیل شہزاد صاحب کو پہلی مرتبہ اس شعبہ میں محض خدا تعالیٰ کے فضل سے خدمت کی توفیق مل رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ اتوار سے لوائے احمدیت کے چبوترے کی تیاری شروع کردی گئی تھی اور الحمد للہ اب یہ تکمیل کے مراحل میں ہے۔ اُن کا شعبہ جمعرات سے مکمل طور پر آپریشنل ہوچکا ہے۔ امسال مجلس خدام الاحمدیہ برطانیہ کے ساؤتھ ویسٹ ریجن کو حفاظت لوائے احمدیت کی ذمہ داری تفویض کی گئی ہے جبکہ دیگر ریجن کے خدام کو بھی وقتاً فوقتاً اس میں شامل کیا جائے گا۔ جمعۃ المبارک کے دن پرچم کشائی کی تقریب کے وقت سے لےکر بروز اتوار جلسہ کے اختتام تک بیک وقت آٹھ خدام روزانہ جلسہ کی کارروائی کے آغاز سے اختتام تک لوائے احمدیت کی حفاظت کی ذمہ داری ادا کریں گے۔چار خدام چبوترے کے اوپر اور چار خدام چبوترے کے گِرد ہمہ وقت موجود رہیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ لوائے احمدیت روزانہ صبح لہرایاجاتا ہے اور بعد ازاں شام کو پورے اعزاز کے ساتھ اتار لیا جاتا ہے۔
مکرم سرمد سہیل صاحب نے شاملین جلسہ کو اس جلسہ کے انعقاد اور اس میں شمولیت پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ لوائے احمدیت کی تاریخ اور اس کی اہمیت سے بھی ہر احمدی کو آگاہ ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے جلسہ کی کامیابی کے لیے بھی دعا کی درخواست کی ہےکہ اللہ تعالیٰ ہر لحاظ سے اس جلسہ کو بخیریت و عافیت کامیاب فرمائے۔ آمین
رہائش حدیقۃ المہدی
جلسہ سالانہ میں شامل ہونے والے ایسے مہمان یا رضاکاران جنہیں حدیقۃ المہدی میں رہائش درکار ہوتی ہے اُن کے لیے باقاعدہ ایک شعبہ قائم کیا جاتا ہے جو انتھک محنت کے ساتھ رہائشی خیمہ جات کے علاوہ بستروں اور دیگرضروری اشیاء کی فراہمی کو ممکن بناتا ہے۔ اس شعبہ کے ناظم مکرم حسن احمد صاحب کے ساتھ اس شعبہ سے متعلقہ اُمور کے لیے ایک گفتگو کی گئی جس میں انہوں نے بتایا کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے مہمانوں کو حدیقۃ المہدی میں بلا تعطل رہائشی خدمات فراہم کرنے کے لیے شعبہ کی وسیع خدمات کی بناپر اُن کے ساتھ کُل گیارہ نائب ناظمین خدمت کرنے کی توفیق پارہے ہیں جبکہ اُن کے شعبہ میں کُل پینسٹھ رضاکاران شامل ہیں۔ مکرم حسن احمد صاحب نے بتایا کہ وہ خود بھی اور اُن کے نائب ناظم مکرم ہمایوں احمد صاحب، مکرم وسیم احمد صاحب اور مکرم مبین رزاق صاحب محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے گزشتہ اٹھارہ سال سے اس شعبہ میں خدمات انجام دے رہے ہیں جبکہ مکرم رأفعت کریم صاحب، ایاز احمد بھٹی صاحب اور مکرم غلام رسول صاحب سمیت دیگر تمام نائب ناظمین انتہائی خلوص، محبت اور محنت کے ساتھ دن رات خدمات انجام دے رہے ہیں۔
حدیقۃ المہدی میں اس شعبہ کا قیام جلسہ سے ایک مہینہ قبل ہی عمل میں لایا جاتا ہے تاکہ جلسہ شروع ہونے سےدودن پہلے مردانہ اور زنانہ جلسہ گاہ میں مہمانوں کے لیے مارکیاں لگادی جائیں اور بستروں اور دیگر اشیاء کا بھی بروقت انتظام کرلیا جائے۔ یہ شعبہ جلسہ سے دو دن پہلے مکمل طور پر آپریشنل ہوجاتا ہے اور جلسہ کے دو دن بعد تک یہ شعبہ تمام خدمات مہیا کرتا ہے۔ امسال مردانہ جلسہ گاہ میں دو بڑی مارکیاں لگائی گئی ہیں جن میں بارہ سو مہمانوں کے لیے رہائش کا انتظام ہےجبکہ زنانہ جلسہ گاہ میں ایک بڑی مارکی لگائی گئی ہے جس میں چھ سو خواتین کی رہائش کا انتظام ہوتا ہے۔جلسے میں خدمات انجام دینے والے رضاکار کارکنان اور کارکنات کی رہائش کا انتظام اس کے علاوہ کیا جاتا ہے۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ رہائش رکھنے والوں کے لیے بستر کے انتظام کے علاوہ اُن کے لیےپہننے والے کپڑوں پر استری کرنے کےلئے استری بھی مہیا کی جاتی ہے۔
ناظم صاحب نے بتایا کہ اس وقت مردانہ جلسہ گاہ کی دونوں مارکیوں میں تقریباً ایک ہزار احباب جماعت کو رہائش مہیا کی جاچکی ہے اور زنانہ جلسہ گاہ کی طرف اُن کی بڑی مارکی کے علاوہ بھی رہائش کا انتظام کرنا پڑا ہے کیونکہ رہائش لینے والی خواتین کی تعداد آٹھ سو سے زائد ہوچکی ہے۔ اس کے علاوہ دو ہزار کارکنان اور کارکنات کو بھی حدیقۃ المہدی کی مختلف جگہوں پراُن کے شعبہ جات کے قریب رہائش مہیا کی گئی ہے۔
ناظم صاحب نے بتایا کہ رہائش رکھنے والوں کے لئے ایک مکمل بستر میں ایک میٹرس، ایک رضائی، ایک تکیہ اور ایک چادر شامل ہوتی ہے۔ میٹرس بلا قیمت مہیا کیا جاتا ہے جبکہ باقی چیزوں کی قیمت دس پونڈ مقرر ہے جو کہ ناقابل واپسی ہوتی ہے۔ یہ ہر فرد کی مرضی پر منحصر ہے کہ چاہے تو قیمتاً لی ہوئی چیزیں ساتھ لے جائیں یا واپس کرجائیں۔ناظم صاحب کہتے ہیں کہ ویسے تو اللہ تعالیٰ کے فضل سے مہمانوں کی متوقع تعداد سے بھی زائد بستروں کاانتظام ہوتا ہے لیکن گزشتہ اٹھارہ سال میں صرف ایک مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ کثیر تعداد میں رہائش لینے والے مہمانوں کی وجہ سے ہنگامی بنیادوں پر اضافی بسترے خریدنے کی ضرورت پیش آئی تھی جس کے بعد اب ہر سال پہلے ہی اتنا انتظام کرلیا جاتا ہے کہ ایسی ضرورت دوبارہ نہیں پڑی۔
مکرم حسن احمد صاحب نے حدیقۃ المہدی میں رہائش کے لیے آنے والے تمام مرد و خواتین کے بے پناہ تعاون کی بہت تعریف کی کہ وہ انتہائی صبر کے ساتھ نہ صرف اپنی باری کاانتظار کرتے ہیں بلکہ دی گئی ہدایات پر بھی من و عن عمل کرنے کی بھرپور کوشش کرتے ہیں۔انہوں نے تمام احباب جماعت کو جلسہ سالانہ کی مبارکباد پیش کی اور جلسہ کی بھرپور کامیابی کے علاوہ پیارے آقا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی صحت و سلامتی کے لیے دعا کی درخواست بھی کی ہے۔