معززین کے تہنیتی پیغامات و تاثرات

جلسہ سالانہ کے تیسرے اور آخری روز اختتامی اجلاس سے قبل مکرم رفیق احمد حیات صاحب امیر جماعت یوکے کی صدارت میں ایک مختصر اجلاس منعقد ہوا جس میں جلسہ سالانہ کے اس با برکت موقع پر معززین کی جانب سے بھجوائے گئے تہنیتی پیغامات و تاثرات میں سے ایک انتخاب پیش کیا گیا۔ اس نشست کا آغازسورۃ الناس کی تلاوت سے ہوا۔

امیر صاحب نے بتایا کہ  یہ اس حوالے سے دوسری نشست ہے جس میں معززین کے پیغامات پیش کیے  جاتے ہیں۔ کووڈ کی پابندیوں کی وجہ سے ہم انہیں یہاں اسٹیج پر نہیں بلا سکے لیکن ان کے ویڈیو پیغامات موصول ہوئے ہیں۔ جیسا کہ کل بتایا تھا کہ  120 معزز شخصیات کے پیغامات موصول ہوئے۔ 100 ویڈیو پیغامات تھے۔ 62 پارلیمنٹیرینز، 22 میئر و کونسلرز کے پیغامات شامل ہیں۔ آج 8 ممالک کی نمائندگی ہے جبکہ کل 10 سے زائد ممالک سے  موصول ہونے والے پیغامات پیش کیے گئے تھے۔ بعد ازاں بعض معززین کے ویڈیو پیغامات جلسہ گاہ میں موجود بڑی سکرین پر دکھائے گئے:

٭…آنریبل لارڈ گولڈ سمتھ آف Richmond Park PCنے اپنے پیغام میں کہا کہ مجھے  خوشی ہے کہ میں پچھلے سالوں میں  جلسے میں شامل ہوتا رہا ہوں جہاں کئی ممالک سے 35 ہزار سے زائد لوگ آتے رہے ہیں۔ لیکن اس بار صرف یوکے کے احمدی ہیں۔ عالمگیر جماعت احمدیہ آپ کے چینل ایم ٹی اے کے توسط سے ورچوئلی  شامل ہو رہی ہیں۔ مجھے احمدی احباب کی پاکستان میں مخالفت اٹھانے پر بڑی فکر ہے۔ یہ مخالفت اب آن لائن آ رہی ہے۔ گزشتہ دنوں آزادیٔ مذہب کانفرس منعقد ہوئی۔ ہم آپ لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور آپ کے حق میں آوازبھی اٹھاتے ہیں۔ اس بارے میں ہم اور تقریبات بھی منعقد کریں گے۔ ان سب باتوں کے باوجود میں آپ کی کوششوں سے متاثر ہوں۔ آپ کا ماٹو محبت سب  کے لیے نفرت کسی سے نہیں۔ ایک منفرد حیثیت رکھتا ہے۔ آپ لوگ مخالفت کو صبر سے برداشت کرتے ہیں۔

٭…رائٹ ریورنڈ بشپ فلپ مونسٹافن  بشپ آف Truro نے کہا کہ امید ہے آپ کا جلسہ بہتر گزرے گو اس بار چھوٹے پیمانے پرمنعقد ہو رہا ہے۔  نیز امید رکھتے ہیں کہ مذہبی آزادی کے حوالے سے ہماری کوششوں کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ جس طرح آپ ہمارے ساتھ رویہ رکھتے ہیں وہ نہایت دوستانہ ہے۔ ہم اس کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ میں آپ کے کام او راقدار کو میں سراہتا ہوں۔ میں ہمیشہ آپ کے ساتھ ہوں گا۔  امید ہے ہم دنیا میں تبدیلی لا سکیں گے۔

٭…آرچ بشپ انجلوس اوبے (جنرل بشپ کوپٹک آرتھوڈکس چرچ یوکے) نے کہا:میں آپ سب کو مبارک باد کا پیغام دیتا ہوں۔ امید ہے آپ کا جلسہ بابرکت ہوگا۔ ہمیں چاہیے کہ ہم سب مل کر لوگوں کو فائدہ پہنچانے کا کام کریں۔

٭…آنریبل Naisanga Nakadama  صاحبہ(نائب وزیر اعظم سوم یوگنڈا) نے کہا کہ آپ پر اللہ تعالیٰ کی رحمتیں  برکتیں اور سلامتی ہو۔ میں جماعت احمدیہ کو مبارکباد دیتی ہوں۔ چند سال قبل خوش قسمتی سے  میں جلسہ سالانہ میں شامل ہوئی جہاں میری عمدہ مہمان نوازی کی گئی۔ اس کے ذریعہ سے میرا اسلام کے متعلق نظریہ تبدیل ہوا اور ایک نئی جہت سامنے آئی۔ احمدیت سے تعارف ہوا کہ کس طرح انسانیت کی خدمت کرتے ہیں۔ یوگنڈا میں جماعت کے ساتھ  حکومت کے تعلقات بہت اچھے ہیں۔ آپ کا ماٹو محبت سب کے لیے  نفرت کسی سے نہیں صرف منہ کی باتیں نہیں ہیں۔ آپ کے اعمال میں اںصاف نظر آتا ہے۔ یوگنڈا میں  ہم دیکھتے ہیں کہ آپ سب کی مدد کرتے ہیں خواہ اس کا تعلق کسی رنگ و نسل یا مذہب سے ہو۔ یہ جلسہ سالانہ ایک ایسے وقت میں منعقد ہو رہا ہے جب دنیا ایک مشکل وقت سے گزر رہی ہے۔ دنیا کی بڑی طاقتیں امن کے پیغام  کی طرف توجہ دیں۔ وہ پیغام جو احمدیہ مسلم جماعت پھیلا رہی ہےاسے دنیا کو سننا چاہیے۔

CLLR Sayma Syrenius Cephus(Solicitor General and Chief  Procexutor of the Republic of Liberia) نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ احمدیہ مسلم جماعت کس طرح دنیا بھر میں انسانیت کی خدمت کر رہی ہے۔ میں آپ کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ اس وقت جبکہ ہم مشکل وقت اور وبائی حالات سے گزر رہے ہیں بنی نوع انسان کو ایک دوسے کا خیال رکھنا چاہیے۔ بڑی طاقتوں کو آپ سے سیکھنا چاہیے۔ جلسہ سالانہ مختلف ثقافتوں کو اکٹھا لے کر آتا ہے اور اسی چیز کی آج ضرورت ہے۔ جلسہ سالانہ امن کا گہوارہ ہے اور مجھے خوشی ہے کہ میں آپ کو پیغام بھیج رہا ہوں۔ اور امید ہے کہ آپ کو اپنے کاموں میں کامیابی نصیب ہوگی۔

٭…آنریبل مائکل ووڈ (منسٹر آف ٹرانسپورٹ امیگریشن، نیوزی لینڈ) نے کہا کہ نیوزی لینڈ سے آپ سب پر سلامتی۔ دعا ہے کہ آپ کاجلسہ کامیاب رہے۔ میں نے کئی سال جماعت احمدیہ نیوزی لینڈ کے ساتھ کام کیا ہے اور میں اس بات کو سراہتا ہوں کہ جماعت جس طرح بنی نوع انسان کی خدمت کرتی ہے وہ ایک مثال ہے۔ اور جس طرح آپ لوگ شدت پسندی کے خلاف آواز اٹھاتے ہیں اس کو بھی ہم سراہتے ہیں۔ آپ لوگ پیار و امن کی فضا قائم کرنے کی کوشش کرتے ہیں اس لیے میں احمدیہ مسلم جماعت کی یہاں اور دنیا بھر میں  مستقل خدمات کا شکریہ کرتا ہوں۔

٭…Frits Huizen (الڈرمین ،میونسپلیٹی آف المیرے، ہالینڈ) نے کہا کہ اکتوبر 2015ء میں مجھے المیرے کی میونسپل کے میئر کی حیثیت سے وہاں کی مسجد کے افتتاح میں شمولیت کا موقع ملا۔ وہاں ہزہولینس (حضور انور) کے ساتھ بیٹھنے  کا موقع ملا۔ میں نے  ہزہولینس(حضور انور) کا ایک خط پڑھا تھا جو یوکرین کے جنگ کے حوالے سے تھا۔ ہم دیکھتے ہیں کہ وہاں کس طرح تباہی ہو رہی ہے۔ ہم سب کو اسے روکنا چاہیے۔ اس کو ختم کرنے کا طریق صرف پیار ومحبت سے ہو سکتا ہے۔ اوریہ کام صرف جماعت احمدیہ یہ کر سکتی ہے۔

٭…آنریبل احمد حسین PC MP(minister for Diversity and Youth) نے اپنے پیغام میں کہا کہ میں آپ کو56 ویں  جلسہ کی مبارک باد دیتا ہوں۔ 56 سال ایک بڑا سنگ میل ہے۔ مجھے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کے ساتھ کینیڈا کے جلسہ سالانہ پر جانے کا موقع ملا جہاں ہم نے آپ کا شکریہ ادا  کیا۔ آپ  بنی نوع  انسان کی خدمت کرتے ہیں اورانہیں فائدہ پہنچاتے ہیں۔ آپ لوگ حقیقی رنگ میں پیار، محبت اور ہم آہنگی پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ امید ہے کہ یہ جلسہ کامیاب ہوگا۔

٭…Siobhain McDonagh (chair of the APPG) نے کہا کہ میرے لیے باعث  فخر ہے کہ مجھے آل پارلیمنٹرین احمدیہ گروپ  کا صدر منتخب کیاگیا ہے۔ حال ہی میں منعقد ہونے والی آزادیٔ مذہب کانفرنس میں بھی شامل ہوئی جس کا مقصد یہ تھا کہ سب کو آزدیٔ مذہب ہو اور کسی کے خلاف کوئی  ڈسکریمینیشن نہ ہو۔ احمدیوں کے خلاف جو ظلم و بربریت کا برتاؤ ہے اس کی ہم مذمت  کرتے ہیں۔  جلسے کی مبارک باد پیش کرتی ہوں۔ اور ان تمام رفاہی کاموں  کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔

٭…کونسلر جان وارڈ (میئر Waverley) نے کہاکہ مجھے اس سے قبل دو بار آپ سے مخاطب ہونے کی توفیق ملی ہے اور اس بار پھر مجھے موقع دیا گیاہے۔ میرے علاقے میں آپ کے مرکز[اسلام آباد، یوکے] کے قیام پر ہمیں خوشی ہے۔ آپ کی جانب  منعقدہ  ملکہ کی پلاٹینم جوبلی کی تقریبات میں شامل ہوا۔ اور مجھے مسجد مبارک  کا دورہ کروایا گیا۔ اس کے بعد حضور انور سے ملاقات کا موقع ملا۔ مجھے ان نوجوانوں اور چھوٹے بچوں کو شکریہ ادا کرنے کا موقع ملا جو ہماری سڑکوں کی صفائی کرتے ہیں۔

٭…وائس ایڈمرل اینڈریو برنس CB OBE(فلیٹ کمانڈر  آف رائل نیوی) نے اپنے پیغام میں کہا کہ کووڈ کی وجہ سے عالمگیر چیلنجز کے باوجود آپ کی جانب سے فوجی اور عسکری  چیریٹی کے لیے 750000 پاؤنڈ  کی رقم اکٹھی  کی گئی۔ اور میں جانتاہوں کہ خلیفہ وقت کی قیادت کے سبب آپ ہیومینٹی فرسٹ کے تحت انسانیت کی خدمت میں کوشاں ہیں۔ یہی وہ خدمت ہے جس سے آپ کے ماٹو  ’محبت سب کے لیے نفرت کسی سے نہیں ‘ کی عکاسی ہوتی ہے۔

٭…آنریبل جرمی ہنٹ MP(سابقہ یوکے فارن سیکرٹری) نے اپنے پیغام میں کہا کہ مجھے بڑی خوشی ہے کہ آپ کو پیغام بھیج رہا ہوں۔ آزادیٔ مذہب کے حوالے سے پروگرام میں شامل ہونے کی توفیق ملی اور دوبارہ مجھے ہاددہانی  ہوئی کہ عیسائیوں کے ساتھ ساتھ احمدیوں کو بھی مذہب کی وجہ سے  ظلم و ستم کا نشانہ بنایا جارہاہے۔ ہمیں ان باتوں پر زور دینا چاہیے جس سے اتحاد و محبت پیدا ہو جائے۔ آپ کا ماٹو محبت سب کے لیے نفرت کسی سے نہیں سب کو اپنانا چاہیے۔

٭…آنریبل لارڈ احمد آف ومبلڈن (منسٹر آف سٹیٹ) نے اپنے پیغام میں کہا کہ پیارے حضور اور میرے تمام بہن بھائیوں کو السلام علیکم۔ جماعت احمدیہ مسلمہ ایک عظیم جماعت ہے۔ اس نے لوگوں کے درمیان امن کے قیام کے لیے وسیع تر کوشیش کی ہیں۔ اس پھلتی  پھولتی جماعت کا میں بھی حصہ ہوں۔ یہ جماعت امن  اور تمام عقائد کے مابین ہم آہنگی کا عملی نمونہ ہے۔ گزشتہ ماہ یوکے میں آزادیٔ مذہب کے حوالے سے ایک کانفرنس ہوئی۔ آزادی مذہب  کی کانفرنس کے لئے حضور انور نے خصوصی ویڈیو پیغام بھیجا۔ یہ پیغام انسانیت کے لیے ہمدردی اور لوگوں کو امن کی جانب بلا رہا تھا۔  آپ سب کوجلسہ سالانہ کے موقع پرمیری طرف سے وزیر اعظم کی طرف سے، وزیر خارجہ کی طرف سے اور حکومتِ برطانیہ کی طرف سے بہت بہت مبارک ہو۔ جلسہ مبارک

٭…آنریبل سر ایڈورڈ ڈیوی MP (لیڈر آف لبرل ڈیموکریٹس) نے کہا کہ میں آپ سب کو مبارک باد پیش کرنا چاہتا ہوں۔ یہ خوشی کا موقع ہوتا ہے۔ کووڈ کی پابندیوں کے بعد اب آپ کو بڑے پیمانے پر جلسے منقد کرنے پر اورمجھے پیغام بھجوانے کا موقع دینے پرشکریہ۔ آپ  کو ہیومینٹی فرسٹ کے تحت  دنیا بھر میں  خدمات  سر انجام دینتے پر آپ کا شکر گزار ہوں۔ آپ کوگوں نے پلاٹینم جوبلی کے لیے سٹریٹ پارٹیز میں بھی مدد دی۔ احمدیوں کو پاکستان میں مخالفت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ان کی مساجد کو مسمار کیا جاتا ہے۔ لبرل ڈیموکریٹس پارٹی یہ کوشش کرے گی کہ یوکے کی حکومت اس طرح کی مخالفت کو ختم کرنے کی کوشش کرے۔

اس اجلاس کے آخرپر20 پیغامات پر مشتمل ایک ویڈیو کولاژ پیش کیا گیا جس میں جماعت احمدیہ کی خدمتِ انسانیت کا اعتراف کیا گیا اور جلسے کے حوالے سے مبارکباد کے تہنیتی پیغامات بھجوائے  گئے تھے۔

(رپورٹ: ذیشان محمود)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Check Also
Close
Back to top button