اَروشا ریجن تنزانیہ میں بُک سٹال
سواحیلی زبان میں لفظ Nane (نانے)کا مطلب ہے آٹھ۔ اس طرح آٹھویں مہینے (یعنی اگست) کی آٹھویں تاریخ کوعرفِ عام میں Nane-Nane کہا جاتا ہے۔
تنزانیہ میں تجارت اور زراعت کے فروغ کے لیے ہر سال 8 اگست کا دن Nane-Nane Day کے نام سے منایا جاتا ہے۔ اس حوالہ سے ماہِ اگست کے پہلے ہفتہ کے دوران مختلف شہروں میں بڑے پیمانہ پر تجارت اور زراعت سے متعلق نمائشیں لگائی جاتی ہیں۔ان نمائشوں میں مختلف کمپنیاں سٹالز لگا کر اپنی مصنوعات متعارف کرواتی ہیں۔
کورونا وبا کی وجہ سے گزشتہ برس اس نمائش کا انعقاد نہ ہوسکا تھا۔ امسال حکومت کی طرف سے اس نمائش کے انعقاد کا اعلان ہوا۔ تنزانیہ کے شمال میں واقع اَروشا (Arusha) ریجن کو اس نمائش میں جماعتی بک سٹال لگانے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ یہ اس نمائش کا واحد مذہبی سٹال تھا۔
مکرم شفیع محمد میمن صاحب (ریجنل مبلغ) تحریر کرتے ہیں کہ اَروشا شہر کی نمائش میں لگائے گئے بُک سٹال میں قریبی دو ریجنز Kilimanjaro اور Manyaraکی بھی نمائندگی تھی۔ اس بک سٹال کا بنیادی مقصد نمائش میں تشریف لانے والے مختلف مکاتبِ فکر کے لوگوں تک اسلام احمدیت کا پیغام پہنچانا اور نئے روابط قائم کرنا تھا۔ الحمد للہ انہی مقاصد کو مد نظر رکھتے ہوئے اس نمائش کے احاطہ میں سواحیلی زبان میں جماعتی تعارف پر مشتمل 2500 پمفلٹس تقسیم کیے گئے۔ اسی طرح تقریباً 1500 لوگوں نے ہمارے سٹال کو وزٹ کیا جنہیں جماعتی کتب کے تعارف کے ساتھ دیگر جماعتی عقائد کے بارہ میں بھی آگاہ کیا جاتا رہا۔
اس نمائش کے افتتاح کے لیے ARUMERU ضلع کے ڈسٹرکٹ کمشنر مکرم انجینئر رِچرڈ Ruyango تشریف لائے۔ اس موقع پر انہیں اسلام احمدیت کا مختصر تعارف کروایا گیا اور قرآنِ کریم (سواحیلی ترجمہ )کا تحفہ پیش کیا گیا۔ اِسی طرح مورخہ 8 اگست کو اس نمائش کی اختتامی تقریب منعقد ہوئی۔ جس میں تینوں ریجن کے ریجنل کمشنر صاحبان موجود تھے ۔ الحمد للہ ان سب کو بھی قرآنِ کریم بطور تحفہ پیش کیا گیا اور انہوں نےمذہبی کتب کے اس سٹال کے انعقاد پر جماعت کو مبارکباد دی۔
اس بک سٹال کی تیاری اور نگرانی میں دیگر خدام کے علاوہ تین معلمینِ سلسلہ مکر م معلم سلیمان یوسف صاحب ، مکرم معلم محمود موسیٰ صاحب اور مکرم معلم مصطفیٰ محسن صاحب نے بڑی محنت کے ساتھ حصہ لیا۔یہ ہمہ وقت سٹال پر موجود رہتے، وزٹ کرنے والے احباب کو جماعتی کتب کا تعارف کرواتے اور ان کے سوالات کے جوابات دیتے۔ فجزاھم اللہ تعالیٰ احسن الجزاء
اللہ تعالیٰ ہماری اس ادنیٰ کاوِش کو قبول کرتے ہوئے اسلام احمدیت کی تبلیغ کے نئے راستے کھولے اور سعید روحوں کو ایمان کی دولت نصیب ہوسکے۔ آمین