خبرنامہ
(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭…15؍اگست: ایرانی وزیر خارجہ نے کہا تھاکہ جوہری معاہدے کی بحالی سے متعلق حتمی تجاویز تحریری طورپرپیش کردی جائیں گی۔ اور اگرتجاویز تسلیم کرلی گئیں تو جوہری معاہدے کی بحالی کےلیے تیار ہوں گے۔واضح رہے کہ ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان طویل وقفے کے بعد اگست میں جوہری مذاکرات ہو رہے ہیں۔
٭…امریکی محکمۂ انصاف نے کہا ہے کہ گذشتہ ہفتے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے فلوریڈا میں واقع گھر پر چھاپے کے لیے جاری کیے گئے وارنٹ کی تفصیلات جاری کرنے سے اس کی تحقیقات میں ناقابلِ تلافی نقصان ہو سکتا ہے۔
سابق صدرڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ ایف بی آئی نے چھاپے کے دوران ان کے تین پاسپورٹ قبضے میں لے لیے تھے۔ عام طور پر ایسا اس وقت کیا جاتا ہے جب تحقیقات کرنے والوں کو شک ہو کہ مشتبہ شخص ملک سے فرار ہو سکتا ہے۔ٹرمپ کی ٹیم کو محکمۂ انصاف سے بھیجی گئی ایک ای میل میں ایک اہلکار نے کہا: ’ہمیں معلوم ہوا ہے کہ فلٹر ایجنٹوں نے صدر ٹرمپ کے تین پاسپورٹ قبضے میں کیے تھے، جن میں سے دو کی معیاد ختم ہو چکی تھی اور ایک فعال سفارتی پاسپورٹ تھا‘۔امریکی میڈیا کے مطابق سابق صدر کو اب یہ پاسپورٹ واپس کر دیے گئے ہیں۔
٭…جاپان میں جنگ عظیم دوئم کے اختتام کی 77ویں سالانہ تقریب منعقد ہوئی، وزیراعظم فومیو کیشیدا نے کہا کہ جاپان دوبارہ کبھی جنگ نہیں چھیڑے گا۔گزشتہ سال اکتوبر میں وزیراعظم بننے کے بعد اپنے پہلے خطاب میںبھی کیشیدا نے کہا کہ جاپان جنگ کے المیے کو دوبارہ نہ دہرانے کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔ جبکہ انہوں نے جنگ عظیم دوئم اور اس سے قبل جاپانی فوج کی طرف سے ایشیا میں رواں رکھی گئی جارحانہ کارروائیوں کا ذکر نہیں کیا۔
یہ طریقہ کار سابق آنجہانی وزیراعظم شنزو آبے نے شروع کیاتھا، انہوں نے بھی کبھی جاپانی فوج کی بربریت کا ذکر نہیں کیا۔ موجودہ وزیراعظم کیشیدا نے اپنے خطاب میں زیادہ تر توجہ جاپان کے نقصانات پر رکھی۔اور امریکہ کی طرف سے ہیروشیما اور ناگاساکی پر گرائے گم ایٹم بم کا ذکر کیا۔
یاد رہے کہ 2013ء سے شنزو آبے نے جنگ کے دوران جاپان کے مظالم پر معذرت کرنے کا سلسلہ روک دیا تھا۔ یہ روایت 1995ء سے چلی آ رہی تھی کہ 15؍اگست کو جنگ عظیم دوئم کی سالانہ تقریب کے دن جاپان کے وزرائے اعظم معذرت کرتے تھے۔
٭…ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ سلمان رشدی پر حملے سے کسی بھی قسم کے تعلق کی تردید کرتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کسی کو بھی اسلامی جمہوریہ ایران پر الزام عائد کرنے کا حق نہیں ہے۔ سلمان رشدی نے آسمانی مذاہب کی توہین کر کے لوگوں کے غیض و غضب کو خود دعوت دیا ہے۔
٭…امریکی ایجنسی فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) نے واشنگٹن میں واقع ویتنام کے سفارت خانے میں ایک شہری کی طرف سے غیرقانونی طور پر ہتھیائے گئے نوادرات ویتنام کو واپس کر دیے۔ایف بی آئی کے مطابق 2013ء سے 2014ء کے درمیان ایک امریکی شہری سے 7 ہزار سے زائد نوادرات قبضے میں لیے گئے تھے۔یہ نوادرات ملزم نے غیر قانونی طور پر ہتھیائے تھے، ایف بی آئی کی تاریخ میں یہ ثقافتی اثاثوں کی سب سے بڑی برآمدگی تھی۔اپنے انتقال سے ایک سال قبل ملزم نے خواہش ظاہر کی تھی کہ تمام نوادرات ان کے اصل مالکان کو واپس کر دیے جائیں۔
٭…جاپان کے شہر سائی تاما کی پولیس کے مطابق ساتوشی یاماگیشی نامی شخص نے 10؍اگست کو شام ساڑھے سات بجے جاپانی وزیراعظم فومیو کیشیدا کو قتل کرنے کی دھمکی دی تھی۔ پولیس نے 51 سالہ بے روزگار شخص یاماگیشی کی لینڈ لائن پر ان کے گھر پر کال کا پتہ لگایا۔پولیس نے کہا کہ یاماگیشی نے اس الزام کی تردید کی ہے اور اس کے حوالے سے کہا ہے کہ ’’میں اس واقعے کے بارے میں کچھ نہیں جانتا‘‘۔
٭…معروف مصنف، ناول نگار، اسکرین رائٹر اور صحافی نکولس ایونز 72سال کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے، وہ 1995ء میں اپنی پہلی کتاب ’دی ہارس وسپرر‘ سے مشہور ہوئے تھے جس کی ڈیڑھ کروڑ کاپیاں فروخت ہوئی تھیں جبکہ یہ 20ممالک میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والا ناول تھا۔ اس ناول کو 40 زبانوں میں ترجمہ کیا جاچکا ہے جبکہ اس پر فلم بھی بنائی گئی تھی۔
٭…میانمار کی سابق سویلین حکمراں اور نیشنل لیگ فار ڈیموکریسی کی سربراہ آنگ سان سوچی کو کرپشن کے الزام میں 6 سال قید کی سزا سنادی گئی۔ آنگ سان سوچی عدالت میں اچھی صحت میں نظر آئیں اور انہوں نے اپنی تازہ ترین سزا کے بعد کوئی بیان نہیں دیا۔
نوبل انعام یافتہ آنگ سان سوچی کو پہلے ہی بدعنوانی، فوج کے خلاف اکسانے، کووڈ 19 کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے اور ٹیلی کمیونی کیشن قانون کو توڑنے کے جرم میں 11 سال قید کی سزا سنائی جا چکی ہے۔
سوچی کے وکلاء پر بھی میڈیا سے بات کرنے پر پابندی عائد ہے۔ 77سالہ آنگ سان سوچی گذشتہ سال یکم فروری 2021ءکو فوجی بغاوت کے بعد سے زیرحراست ہیں۔
٭…گذشتہ سال ونڈسر محل کے باہر سے تیر کمان سمیت گرفتار ہونے والے 20سالہ ملزم جسونت سنگھ نے لندن کی ویسٹ منسٹر عدالت میں بیان دیا کہ میں ملکہ ایلزبتھ کو قتل کرنے گیا تھااور اسٹیبلشمنٹ سے انتقام لینا چاہتا تھا۔گذشتہ سال 25؍دسمبر کو ملکہ ایلزبتھ اپنے صاحبزادے شہزادہ چارلس اور ان کی اہلیہ کمیلا پارکر کے ہمراہ ونڈسر محل میں موجود تھیں جب جسونت سنگھ ونڈسر محل کے باہر ماسک پہنے اور تیر کمان تھامے کھڑا تھا جس پر پولیس نے اسے حراست میں لے لیا تھا۔انسداد دہشتگردی پولیس کی تفتیش کے مطابق ملزم کے خلاف قتل کی دھمکی، اشتعال انگیز ہتھیار کی موجودگی اور غداری کے قانون کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
٭…شام میں امریکی فوج اور اس کے حمایت یافتہ جنگجوؤں کی زیر استعمال ایک فوجی اڈے پر ڈرون حملہ کیا گیا ہے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔امریکی فوج کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ ال طنف گیریژن کے علاقے میں فوج اور اتحادی مسلح گروپس نے متعدد ڈرون حملوں کے ردعمل میں جوابی کارروائی کی۔ ’مغاویر الثورہ‘امریکی حمایت یافتہ شام کے مسلح جنگجوؤں کا گروپ ہے جو داعش سے برسر پیکار ہے۔ ڈرون حملہ اس کمپاؤنڈ پر ہوا جو شام، اردن اور عراق کی سرحدوں کے قریب واقع ہے، تاحال کسی نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
٭…مصر کی وزارتِ صحت کے مطابق دریائے نیل سے کچھ فاصلے پر واقع الجیزہ شہر کے ضلع امبابا کے ابو سفین چرچ میں آتشزدگی اور بھگڈر کے باعث بچوں سمیت کم سے کم 41؍افراد ہلاک جبکہ 14؍زخمی ہو چکے ہیں۔ اتوار کو کاپٹک ابو سفین چرچ میں عبادت کے لیے پانچ ہزار افراد جمع تھے جب اچانک نامعلوم وجہ کے باعث آتش زدگی ہوئی۔
ذرائع کے مطابق اس آتش زدگی کے باعث داخلی راستے بلاک ہو گئے جس کے بعد عبادت گاہ میں بھگدڑ مچ گئی۔آگ بھجانے والی سروسز کا کہنا ہے کہ آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔
٭…برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، ایک نئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ امریکہ اور روس کے درمیان ایٹمی جنگ کے نتیجے میں عالمی سطح پر قحط کی وجہ سے پانچ ارب لوگ ہلاک ہو جائیں گے۔ کمپیوٹر سیمولیشن کے نتیجے میں حاصل ہونے والے اعداد و شمار کا جائزہ لینے سے معلوم ہوتا ہے کہ ایٹمی دھماکوں کی وجہ سے آگ کے طوفان جنم لیں گے جن کی وجہ سے اٹھنے والے دھویں سے زمین کا بالائی کرہ سورج کی روشنی کو زمین پر پہنچنے سے روک دے گا جس کے نتیجے میں دنیا بھر میں فصلیں سورج کی روشنی نہ ملنے کی وجہ سے برباد ہو جائیں گی۔
امریکی ریاست نیو جرسی میں قائم رٹ گرز یونیورسٹی میں تحقیقی گروپ کی سربراہ پروفیسر للی ژیا کا کہنا ہے کہ اعداد و شمار کا جائزہ لینے سے ایک بات پتہ چلتی ہے کہ ہمیں بہر صورت جوہری لڑائی کے حالات پیدا ہونے سے روکنا ہوں گے۔ کمپیوٹر سیمولیشن کے نتیجے میں 6؍ مختلف منظر نامے سامنے آئے ہیں جن میں سے پانچ پاک بھارت جوہری جنگ جیسے چھوٹے تنازعات جبکہ ایک امریکہ اور روس کے درمیان بڑا بھرپور تنازع شامل ہیں۔ ایسے خدشات پر اُس وقت سے تحقیق ہو رہی ہے جب سے روسی صدر ولادیمیر پوتن نے یوکرین نے حملہ کیا ہے۔
٭…سعودی عرب کی سب سے بڑی تیل کمپنی سعودی آرامکو نے 2022ء کی دوسری سہ ماہی میں 48ارب 40کروڑ ڈالر کا منافع کما کر اپنا ہی ریکارڈ توڑ دیا ہے۔یہ سالانہ بنیادوں پر 90 فیصد اضافہ ہے اور توانائی برآمد کرنے والی دنیا کی سب سے بڑی کمپنی کی اب تک کی سب سے بڑی آمدنی ہے۔اس سعودی کمپنی کے منافعے کی رقم سٹاک مارکیٹ میں شامل کسی بھی کمپنی کا سب سے بڑا سہ ماہی منافع ہے۔
یوکرین پر روس کے حملے کے بعد سے تیل اور گیس کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔روس دنیا میں تیل کے سب سے بڑے برآمد کنندگان میں سے ہے مگر مغربی ممالک نے توانائی کے لیے روس پر انحصار کم کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔سرکاری کمپنی نے یہ بھی اعلان کیا کہ وہ تیسری سہ ماہی میں اپنے ڈیویڈینڈ کی رقم 18.8 ارب ڈالر ہی رکھے گی اور کوئی تبدیلی نہیں کرے گی۔
٭…بنگلا دیش میں ایک ہفتے کے اندر پیٹرولیم مصنوعات میں 50 فیصد سے زائد اضافے کے بعد بنگلا دیش میں پیٹرول کی قیمت 86 ٹکا سے بڑھ کر 130 ٹکا لیٹر ہوگئی ہے۔ ڈیزل اور مٹی کا تیل 42.5 فیصد اضافے سے 114 ٹکا فی لیٹر تک پہنچ گیا ہے۔قیمتوں میں اضافے پر بنگلا دیش میں عوام کا شدید احتجاج جاری ہے۔ ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ یوکرین میں ہونے والی جنگ کو قرار دیا جا رہا ہے۔
٭…برطانیہ کے بیشتر حصوں میں ہفتوں تک جاری رہنے والے گرم اور خشک حالات کے بعد انگلینڈ کے کچھ حصوں میں خشک سالی کا اعلان بھی کر دیا گیا تھا۔ رواں ہفتے محکمہ موسمیات کی جانب سے بجلی اور گرج کے ساتھ موسلادھار بارش کی پیش گوئی بھلائی کے بجائے پریشانی کا سبب بن سکتی ہے۔ایسے میں سائنس دان خبردار کر رہے ہیں کہ یہ بارشیں اچانک سیلاب کا باعث بن سکتی ہیں اور اس سے خشک مٹی کے معمور ہونے کا امکان نہیں ہے۔ یہی وجہ ہے کہ موسلا دھار بارش کی ہماری خشک زمین کو اس وقت ضرورت نہیں ہے۔جہاں کہیں بھی کھڑی رخ والے، پہاڑی علاقے ہیں جہاں پانی بہت تیزی سے حرکت کر سکتا ہے وہ علاقے خاص طور پر زیادہ خطرے کی زد میں ہیں۔
سائنسدانوں نے کہا ہے کہ جولائی میں دیکھا جانے والا ریکارڈ توڑ درجہ حرارت انسانوں کی وجہ سے موسمیاتی تبدیلیوں کے بغیر ’’عملی طور پر ناممکن‘‘ تھا اور یہ کہ اب گرمی کی لہریں اور خشک سالی زیادہ شدید اور عام ہونے کا خدشہ ہے۔
٭…یورپی یونین کے فائر مانیٹرنگ یونٹ کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق موسمیاتی تبدیلیوں اور خشک سالی کے باعث یورپ میں اس سال اب تک 6 لاکھ 60 ہزار ہیکٹر سے زائد رقبے پر موجود جنگلات جل چکے ہیں۔
یورپین فاریسٹ فائر انفارمیشن سسٹم (EFFIS) کے مطابق اس سال کے آغاز سے لے کر اب تک یورپ اور اس کے ملکوں میں ایک لاکھ 60 ہزار ایکڑ پر پھیلے ہوئے جنگلات آگ کی لپیٹ میں آچکے ہیں۔
٭…چین میں گرمی میں اضافے کے بعد مرغیاں کم انڈے دے رہی ہیں جس کی وجہ سے ملک میں انڈوں کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔چین کے متعدد بڑے شہروں میں اس سال اب تک کے گرم ترین دن ریکارڈ کیے گئے ہیں، اور اس حوالے سے پیر کے روز چین میں ریڈ الرٹ بھی جاری کیا گیا۔
٭…برطانیہ نے موڈرنا کی اپ ڈیٹڈ کورونا وائرس ویکسین کی منظوری دیتے ہوئے برطانوی ڈرگ ریگولیٹرز کا کہنا ہے کہ اپ ڈیٹڈ موڈرنا ویکسین تحفظ، معیار اور موثریت کے برطانوی معیار پر پورا اترتی ہے۔ اپ ڈیٹڈ موڈرنا ویکسین کورونا کے اومی کرون ویرینٹ کیخلاف بھی موثر ہے، اپ ڈیٹڈ موڈرنا ویکسین کی بوسٹر ڈوز بالغ افراد کو لگائی جاسکے گی۔
٭…٭…٭