عالمی خبریں

خبرنامہ

(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭…21 اور 22؍ اگست 2022ء کی درمیانی شب چک 203 ر۔ب۔ ماناوالا، ضلع فیصل آباد میں 1947ء سے موجود احمدیہ قبرستان میں موجود تمام قبروں کو مسمار کردیا۔

پریس سیکشن کے مطابق اس مخالفانہ اقدام سے سوگوار خاندانوں میں شدید غم و غصہ ہے جو انصاف کے لیے حکومت کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ یہ عمل نہ صرف غیر قانونی ہے بلکہ واضح طور پر تمام انسانی اقدار کے خلاف ہے۔ یہ مسلسل ظلم و ستم جماعت احمدیہ کے حقوق کی مکمل پامالی کی گواہی دیتا ہے اور احمدیوں کے اندر شدید عدم تحفظ کا احساس پیدا کرتا ہے۔ حکومت کی جانب سےان کارروائیوں کو روکنے اور مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے موثر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

فیصل آباد کے سٹی پولیس آفیسر عمر سعید ملک کے مطابق واقعے کی ایف آئی آر نامعلوم افراد کے خلاف درج کی گئی ہے اور ابھی کوئی گرفتاری نہیں ہوئی، تاہم پولیس نے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔

یاد رہے کہ رواں سال میں اب تک 185؍احمدیوں کی قبروں کی بے حرمتی کی گئی۔ جبکہ اس قسم کے واقعات میں گذشتہ تین سالوں میں منظم اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

٭…پاکستان کے شہر کراچی کے اورنگی ٹاؤن سیکٹر سیون بی میں مسجد کے مؤذن نے 40سے زائد قرآن پاک جلادیے جس پر اورنگی ٹاؤن پولیس نے مسجد کے مؤذن ملزم عبدالماجد کو گرفتار کر لیا۔ جلائے گئے قرآن پاک کے اوراق ہوا سے اڑ کر مقامی لوگوں کے گھروں میں داخل ہوئے۔ علاقہ عوام نے متعلقہ پولیس کو واقعہ سے آگاہ کیا، پولیس نے ملزم کو فوری طور پر گرفتار کر لیا۔

پولیس نے مسجد کی چھت سے جلائے گئے مقدس اوراق کے دو بورے برآمد کر لیے۔ ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران پرانے اور بوسیدہ مقدس قرآنی اوراق جلانے کا اعتراف کیا۔ پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا، ملزم سے تفتیش جاری ہے۔ ایک وائرل ویڈیو میں لوگوں کو پولیس کی موجودگی میں مؤذن کو زدو کوب کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

٭…پاکستان کے شہر حیدرآباد پولیس نے ایک پلازہ میں قرآن جلانے کے الزام میں مقدمہ درج کرتے ہوئے اشوک نامی ایک خاکروب کو گرفتار کر لیا کیونکہ وہ موقع پر موجود تھا اور کوئی واضح بیان نہ دے سکا۔

اس سے پہلے جب شہر میں یہ اطلاع پھیلی تو حالات نہایت کشیدہ ہو گئے اور ایک مشتعل ہجوم مذکورہ پلازہ کے سامنے جمع ہو گیا اور مذہبی نعرہ لگاتا رہا۔ بعض افراد نے دروازہ نہ کھلنے کی صورت میں سیڑھیاں لگا کر پلازہ میں اندر داخل ہونے کی بھی کوشش کی۔ علاقے میں تمام دکانیں اور پٹرول پمپ بند کروا دیے گئے اور نزدیکی واقع شراب خانوں میں توڑ پھوڑ کی گئی۔

پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ رینجرز کو بھی طلب کر لیا گیا۔ جنہوں نے ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج، ہوائی فائرنگ اور شیلنگ کی۔ اس وقت شہر میں حالات نہایت کشیدہ ہیں اور پورے شہر میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔

اس پر تشدد دن کے بعد قرآن پاک جلانے والے اصل شخص نے پولیس کو بیان دیتے ہوئے اس بات کا اقرار بھی کر لیا ہے۔ یہ کوئی غیر مسلم، کافر، ہندو یا عیسائی نہیں، بلکہ ایک مسلمان ہی تھا۔ ایک موقف کے مطابق اس واقعہ کی آڑ میں کچھ مالی لحاظ سے بہتر اور تاجر ہندوؤں کی املاک پر قبضہ کرنا مقصود تھا۔

٭…توہینِ رسالت کے مرتکب بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایم ایل اے کے خلاف بھارتی شہر حیدرآباد میں زبردست احتجاج اور مظاہروں کے بعد پولیس کمشنر کی ٹاسک فورس کی جانب سے راجا سنگھ کو ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا ہے، دوسری جانب پیغمبرِ اسلامﷺ پر تبصرے پر مبنی راجا سنگھ کی ویڈیوز بھی ہٹائی جارہی ہیں۔ بھارتی مسلم لیڈرز کی جانب سے غم و غصے کا اظہار سمیت سخت احتجاج کیا گیا تھا۔

پولیس حکام کے مطابق انہیں متعدد شکایات موصول ہوئی ہیں جس پر کارروائی کرتے ہوئے ایم ایل اے راجا سنگھ کو گرفتار کیا ہے۔

٭…سابق وزیراعظم پاکستان عمران خان اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)پراسلام آباد کے تھانہ مارگلہ میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔مقدمے کے متن کے مطابق عمران خان نے ایف نائن پارک جلسے میں خاتون ایڈیشنل سیشن جج اور پولیس افسران کو ڈرایا اور دھکمایا ہے، ڈرانے دھمکانے کا مقصد پولیس افسران، عدلیہ کو قانونی ذمے داریاں پوری کرنے سے روکنا تھا۔ عمران خان کی تقریر کا مقصد پولیس حکام اور عدلیہ کو دہشت زدہ کرنا تھا۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیرِ اعظم کی تین روزہ راہداری ضمانت منظور کر لی ہے۔

٭…امریکہ کی سینٹرل کمان یا سینٹکام کے سربراہ ریٹائیرڈ جنرل فرینک میکنزی نے ایک انٹرویو میں کہا کہ وہ نہیں سمجھتے کہ افغانستان سے فوجیں نکالنے کے نتیجے میں آج ہم پہلے کی نسبت زیادہ محفوظ ہیں۔انہوں نے امریکی صدور کو کم از کم ڈھائی ہزار امریکی فوجی افغانستان میں رکھنے کا مشورہ دیا تھا۔

جنرل ووٹل نے کہا کہ جو دہشت گرد تنظیمیں وہاں باقی رہ گئی ہیں ان کے بارے میں ایسا بہت کچھ ہے جو ہم نہیں جانتے۔میں نہیں سمجھتا کہ ہم زیادہ مستحکم اور زیادہ محفوظ ہیں۔ میرے خیال میں افغانستان زیادہ غیر مستحکم ہے اور اس کا نتیجہ یہ ہے کہ پورا خطہ زیادہ غیر مستحکم ہو گیا ہے۔

٭…ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصرکنعانی نے کہا ہے کہ امریکہ ایرانی جوہری معاہدے کی بحالی میں تاخیر کر رہا ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ یورپی ممالک کی جانب سے جوہری معاہدہ کرنے میں کام نہیں کیا جا رہا۔ ایران جوہری معاہدہ بحالی کی ایران سے زیادہ امریکہ اور یورپ کو ضرورت ہے۔ جب تک تمام نکات پر اتفاق نہیں ہو جاتا معاہدہ مکمل طور پر ہونےکا نہیں کہہ سکتے۔ہم ایک اچھا اور ایران کے قومی مفادات کا ضامن معاہدہ چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ امریکہ سے قیدیوں کا تبادلہ علیحدہ مسئلہ ہے اس کا جوہری معاہدہ بحالی سے تعلق نہیں۔ ایران امریکہ سے قیدیوں کے تبادلے کے لیے تیار ہے۔

٭…یورپی خارجہ امور کے سربراہ اور اعلیٰ ترین نمائندے جوزپ بوریل نے ایک بار پھر اسرائیل کے اس الزام کو رد کیا ہے کہ وہ فلسطینی تنظیمیں جن کے دفاتر پر اس نے چھاپے مارے وہ کسی بھی طرح کی دہشت گردی میں ملوث تھیں۔واضح رہے کہ ایک ہفتے کے دوران یورپی یونین کی جانب سے یہ دوسری واضح ترین وضاحت ہے جو اس مسئلے پر جاری کی گئی ہے۔اس سے قبل یورپی ایکسٹرنل ایکشن سروس کی جانب سے پہلا اعلامیہ 19؍ اگست کو جاری کیا گیا تھا۔

انہوں نے کہاکہ یورپی یونین کو 18؍اگست کی صبح 6 فلسطینی سول سوسائٹی کی تنظیموں کے دفاتر پر چھاپے اور ان کے ارکان کی گرفتاریوں اور پوچھ گچھ پر شدید تشویش ہے۔ایک آزاد اور مضبوط سول سوسائٹی جمہوری اقدار کے فروغ اور دو ریاستی حل کےلیے ناگزیر ہے۔

دوسری جانب سپین کے علاقے سانتندر میں جاری Que Vadis Europa کے ایک سیشن میں سوالوں کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے فلسطین کےلیے یورپ کے دہرے معیار کو بھی تسلیم کیا۔ اور کہا کہ اگر الجزیرہ کی مقتول صحافی شیریں ابو عاقلہ کا تعلق کسی مغربی ملک سے ہوتا تو ہم سب کا اس حوالے سے رویہ بھی بالکل مختلف ہوتا۔

٭…پاکستان میں بھارتی میزائل گرنے کے واقعے کے حوالے سے بھارتی حکومت نے غفلت اور لاپروائی برتنے کے الزام میں تین فوجی افسران کو برطرف کیا ہے۔ یاد رہے کہ بھارتی میزائل پاکستان کی حدود میں اس سال 9؍مارچ کو گرا تھا۔ اور پاکستان کی جانب سے احتجاج کے ساتھ ساتھ بھارتی حکومت سے اس غفلت اور لا پرواہی کی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

٭…تھائی لینڈ کی آئنی عدالت نے وزیراعظم کی 8 سالہ مدت کی حد پر نظرثانی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے ملک کے وزیراعظم پریوتھ چان اوچا کو معطل کر دیا۔

وزیراعظم کے عہدے کی مدت سے متعلق مرکزی اپوزیشن جماعت کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ وزیراعظم کے عہدے کی 8 سالہ مدت مکمل ہوچکی ہے۔پریوتھ چان اوچا نے 2014ء میں منتخب حکومت کا تختہ الٹا کر عہدہ سنبھالا تھا، وہ 2019ء میں فوج کے تیار کردہ آئین کے تحت ہونے والے انتخابات کے بعد سویلین وزیر اعظم بنے تھے۔تھائی لینڈ کے نائب وزیراعظم کے عبوری وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ تھائی لینڈ میں عام انتخابات اگلے سال مئی میں ہونا ہیں۔

٭…اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندہ برائے انسانی حقوق ٹومویا اوبوکاٹا نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ آج بھی دنیا میں غلامی اپنی نئی شکل میں موجود ہے۔ چین کے ایغور، بھارت کے دلت، خلیجی ممالک، برازیل اور کولمبیا کے گھریلو ملازمین جدید دنیا میں غلامی ایک شکل ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چین میں ایغور مسلمانوں کے ساتھ ناروا سلوک رکھا جاتا ہے اور جبری مزدوری کرائی جاتی ہے اور بنیادی حقوق سے محروم رکھا جاتا ہے۔ رپورٹ میں بھارت کی نچلی ذات سمجھے جانے والے دلتوں کا بھی ذکر ہے جن کا نہ صرف سماجی بائیکاٹ کیا جاتا ہے بلکہ ملازمتوں اور تعلیمی اداروں کے دروازے بھی بند ہے۔

خلیجی ممالک، برازیل اور کولمبیا کے علاوہ موریطانیہ، مالی، نائیجر اور افریقہ کے ساحلی علاقے میں تو اقلیتوں کو روایتی طورپر غلام بناکر رکھنے کے واقعات کا بھی رپورٹ میں شامل ہیں۔

اقوام متحدہ کی اس رپورٹ میں بچوں سے جبری ملازمتوں کے حوالے سے ہولناک اعداد و شمار پیش کیے گئے ہیں۔ ایشیا اور بحرالکاہل، مشرق وسطیٰ، امریکہ اور یورپ میں چار سے چھ فیصد، افریقہ میں 21.6 فیصد جب کہ سب سے زیادہ سہارا افریقہ میں 23.9 فیصد واقعات سامنے آئے ہیں۔رپورٹ میں جنسی غلامی کا ذکر کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ انسانی بحران کا شکار علاقوں میں اس کا رجحان پریشان کن ہے۔

٭…امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منصبِ صدارت چھوڑنے کے باوجود 300سے زائد اہم دستاویزات فلوریڈا میں اپنے گھر میں ہی رکھ لیں جو عدالتی حکم پر چھاپے کے بعد برآمد ہوئیں۔ ٹرمپ کے فلوریڈا میں موجود وسیع و عریض اور پُرآسائش گھر میں خفیہ ایجنسی ایف بی آئی، سی آئی اے اور نیشنل سیکیورٹی سے متعلق دستاویزات برآمد ہوئیں۔

یاد رہے کہ نیشنل آرکائیو نے فروری میں کچھ دستاویزات برآمد کی تھیں جن میں 150 سے زائد کلاسیفائیڈ مواد موجود تھا، اور اسی کے بعد ٹرمپ کے گھر مار اے لاگو میں چھاپے مارے گئے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کے معاون نے ایسی ہی دستاویزات کا ایک سیٹ جون کے مہینے میں محکمہ انصاف کے حوالے کیا تھا۔اس کے بعد ایف بی آئی حکام نے فلوریڈا گالف کلب اور کنٹری کلب پر چھان بین کرنے پر کلاسیفائیڈ مواد کے 11 سیٹس برآمد کیے۔ اس چھاپے کے بعد ٹرمپ ان تحقیقات کو اپنے حقوق کی ناقابلِ تصور خلاف ورزی قرار دے چکے ہیں۔

٭…سعودی وزارتِ تعلیم نے ملک میں مقیم غیر قانونی تارکینِ وطن کے بچوں کو نئے تعلیمی سال میں داخلے کے مواقع اور تعلیمی سہولتیں دینے کا اعلان کر دیا۔سعودی عرب کی وزارتِ تعلیم کا کہنا ہے کہ سرکاری اسکول انتظامیہ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے بچوں کو داخلہ فارم فراہم کریں جو گورنریٹ سے منظوری کے بعد اسکول میں جمع کرایا جائے گا۔ بچوں کے سرپرست کو قانونی اقامہ نہ ہونے کا اقرار نامہ جمع کرانا ہو گا۔

٭…سوڈان کے دارالحکومت خرطوم سے ایتھوپیا جانے والے مسافر طیارے کے دونوں پائلٹس دوران پرواز 37000 فٹ کی بلندی پر سوگئے۔ لینڈنگ سے قبل طیارے کی بلندی کم نہ ہونے پرادیس ابابا ائیرپورٹ کے ائیرٹریفک کنٹرول نے پائلٹس سے رابطہ کرنے کی کوشش کی۔ کاک پٹ میں آٹو پائلٹ الارم بجنے پر پائلٹس کی آنکھ کھلی اور انہوں نے طیارے کو لینڈ کروایا تاہم وہ طیارے کو پہلے سے طے شدہ رن وے پر لینڈ نہ کروا سکے۔ 154؍سیٹوں والے بوئنگ 737 طیارے کو دو گھنٹے سے کم وقت میں اپنی منزل پرپہنچنا تھا۔ ائیرلائن نے پرواز کے دوران سونے والے پائلٹس کو معطل کردیا ہے۔

٭…پاکستان کے صوبہ پنجاب، بلوچستان اور سندھ میں حالیہ مون سون کی بارشوں سے وسیع پیمانے پر تباہ کاریاں ہوئیں۔ان تباہ کاریوں کے باعث لاکھوں لوگوں کی املاک کو نقصان پہنچا، کھڑی فصلیں، گھر بار اور قیمتی جانیں بھی ضائع ہوئیں۔ محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہوا کا کم دباؤ وسطی سندھ اور بھارتی راجستھان پر موجود ہے، کراچی سمیت سندھ کے بیشتر اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ صوبہ پنجاب کے مختلف دریاؤں میں طغیانی یا نچلے درجہ کا سیلاب ہے جبکہ بھارت کی جانب سے بھی پانی چھوڑا گیا ہے۔ پنجاب کے بعض علاقوں خصوصا ًجنوبی پنجاب کے علاقوں میں سیلاب نے خوفناک تباہی مچائی۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button