عالمی خبریں

خبرنامہ

(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭…سعودی وزارت حج و عمرہ کے مطابق سعودی عرب میں معتمرین کی آمدورفت کےلیے کوئی ایئرپورٹ مخصوص نہیں،عمرہ زائرین کسی بھی ایئرپورٹ سے سعودی عرب آ سکتے ہیں۔عمرے کےلیے آنے والے زائرین سعودیہ میں 90 دن قیام کر سکتے ہیں اور اس دوران عمرہ زائرین مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ سمیت دیگرسعودی شہروں میں آزادی سے جاسکتے ہیں۔

٭…معروف سرچ انجن گوگل نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کےلیے 5 لاکھ ڈالرز امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔ گوگل جنوبی ایشیا کی نائب صدر اسٹیفنی ڈیوس نے کہا کہ پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ ہر فرد سے گہری ہمدردی ہے، پاکستان میں سب کو سیلاب متاثرین کی مدد کےلیے آگے بڑھتے دیکھا۔ ان کا کہنا تھاکہ ہم پاکستانیوں کے جذبے سے متاثر ہوئے ہیں اور ہم بھی مدد کرنا چاہتے ہیں، گوگل کمپنی دیگر وسائل سےبھی پاکستانی سیلاب متاثرین کی مدد کرے گی۔

کمپنی کے علاوہ گوگل ملازمین نےبھی سیلاب متاثرین کےلیے 7کروڑ 20 لاکھ روپے کے عطیات دیے۔

امریکی ارکان کانگریس شیلا جیکسن اور ٹام سؤزی سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کےلیے اتوار کو پاکستان پہنچ گئے۔ پاکستان روانگی سے قبل شیلا جیکسن نے پریس کانفرنس میں کہا کہ سیلاب زدگان کی امداد کےلیے ہر ممکن اقدام کریں گے۔

٭…امریکی صدر جو بائیڈن نے ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے حامیوں کو جمہوریت کے لیے خطرہ قرار دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ 2سال قبل ڈونلڈ ٹرمپ کو ووٹ دینے والے 7کروڑ امریکی شہریوں پر تنقید نہیں کر رہے، مگر آج کی ریپبلکن پارٹی میں ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے حامیوں کا غلبہ ہے جو کہ اس ملک کے لیے خطرہ ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ کے حامی آئین یا قوانین کا احترام نہیں کرتے، اور سیاسی تشدد کو بھڑکاتے ہیں۔

٭…میانمار کی سابق سربراہ آنگ سان سوچی کو ایک اَور مقدمے میں تین سال قید بامشقت کی سزا سنا دی گئی۔

واضح رہے کہ نوبل انعام یافتہ اور بین الاقوامی سطح پر میانمار کی پہچان بننے والی آنگ سان سوچی گذشتہ سال ملک میں مارشل لا کے نفاذ کے بعد سے ہی زیر حراست ہیں۔ ان پر نومبر2020ء کے عام انتخابات میں سازباز کا الزام تھا، آنگ سان سوچی کو اس سے پہلے بھی دیگر مقدمات میں 17 سال قید کی سزا سنائی جاچکی ہے۔

٭…مغرب کی سات بڑی معیشتوں کی تنظیم جی سیون نے روسی تیل کی قیمت پر کیپ لگانے پر اتفاق کر لیا ہے۔

جی سیون تنظیم کے مطابق اس پابندی کا مقصد عالمی مہنگائی کو مزید ہوا دیے بغیر یوکرین میں جنگ کرنے کی روسی صلاحیت کو کم کرنا ہے۔ جی سیون ملکوں کے وزرائے خارجہ کا کہنا ہے کہ روسی تیل کی مقرر کردہ حد قیمت سے زیادہ تیل کی بحری ٹرانسپورٹ میں مدد کرنے والی تمام سہولیات کی فراہمی پر پابندی لگائی جائے گی، ان میں تیل کی شپمنٹ کیلئے فنانس اور بیما کی سہولیات شامل ہو سکتی ہیں۔

٭…امریکہ نے تائیوان کے لیے ایک ارب 10کروڑ ڈالر کے ہتھیاروں کا اعلان کر دیا۔چین نے شدید ردعمل اور امریکہ کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ تائیوان کے لیے ہتھیاروں کا پیکج منسوخ کرے یا جوابی اقدامات کے لیے تیار رہے۔اسلحہ پیکج امریکہ چین تعلقات کو شدید خطرے میں ڈالے گا۔

٭…سری لنکا میں معاشی بحران کے رد عمل میں صدارتی محل پر ہزاروں مظاہرین کے دھاوا بولنے کے بعد ملک سے فرار ہونے والے سابق صدر گوتابایا راجا پکشے سات ہفتوں کے بعد وطن واپس آ گئے ہیں۔ایئر پورٹ سے گوتابایا راجا پکشےکو مسلح فوجیوں کے حصار میں دارالحکومت کولمبو میں واقع سرکاری رہائش گاہ پر پہنچایا گیا جو ان کے لیے بطور سابق صدر مختص کی گئی ہے۔

13؍جولائی کو گوتابایا راجا پکشے اپنی اہلیہ اور دو گارڈز کے ہمراہ ایئر فورس کے جہاز میں مالدیپ کے لیے روانہ ہو گئے تھے جہاں سے وہ سنگاپور گئے اور وہیں سے انہوں نے ای میل کے ذریعے سپیکر پارلیمنٹ کو استعفیٰ بھجوا دیا تھا۔

سابق صدر کے ملک سے فرار ہو جانے کے بعد بھی مظاہرین صدارتی محل میں موجود رہے تھے اور ان کے استعفے کی خبر سامنے آنے کے بعد انہوں نے جشن بھی منایا تھا۔

٭…آسٹریلوی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ وہ رواں مالی سال میں مستقل امیگریشن کی تعداد 35 ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ 95 ہزار تک کر دی جائے گی۔جمعے کو یہ اعلان ایسے وقت کیا گیا جب آسٹریلیا ہنرمندوں اور مزدوروں کی کمی سے دوچار ہے۔

وزیر داخلہ کلائر او نیل نے مقامی حکومتوں، ٹریڈ یونین، کاروبار اور صنعتوں کے 140 نمائندوں کے دو روزہ سربراہی اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگلے سال 30؍ جون 2023ء تک ملک میں ہنرمندوں کو لایا جائے گا تاکہ وبائی امراض سے پیدا ہونے والی مہارتوں کی کمی کو دور کیا جا سکے۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا میں نرسنگ کے شعبے میں گذشتہ دو برسوں کے دوران کارکن مسلسل دو سے تین شفٹ میں کام کر رہے ہیں، ایئرپورٹس پر سٹاف نہ ہونے کے باعث فلائٹس منسوخ کرنا پڑتی ہیں جبکہ پھل درختوں پر خراب ہو رہے ہیں کیونکہ اتارنے کے لیے افرادی قوت میسر نہیں۔

او نیل نے کہا کہ ہماری پہلی ترجیح آسٹریلوی شہریوں کو ملازمتیں دینا ہے اور اسی وجہ سے اس کانفرنس کی توجہ خواتین اور معاشرے کے نظرانداز طبقات کو ٹریننگ دینے کی گفتگو پر رہی۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا کی وبا کے اثرات اس قدر زیادہ ہیں کہ یہ سب کرنے کے باوجود ہیں ہزاروں ورکرز کی کمی کا سامنا ہوگا، کم از کم مختصر مدت کے لیے تو ایسا ہی ہے۔

٭…فلسطین میں مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے دو فلسطینی جاں بحق ہو گئے۔

٭…ارجنٹائن کی نائب صدر کرسٹینا فرنینڈس قاتلانہ حملے میں بال بال بچ گئیں۔ حملے کے وقت کرسٹینا فرنینڈس گھر کے باہر اپنے سپورٹرز کے درمیان موجود تھیں کہ ایک مسلح شخص نے ان پر فائر کرنے کی کوشش کی لیکن گولی نہ چل سکی جس کے باعث وہ بڑے حادثے سے بچ گئیں۔

٭…سمندری طوفان ہنامنور کے شمالی فلپائن کے قریب پہنچنے پر سمندر میں لہریں بلند ہوگئیں، فلپائن میں طوفان کے زیر اثر تیز ہواؤں کے ساتھ طوفانی بارشیں جاری ہیں۔

طوفانی ہواؤں اور بارشوں سے متاثرہ حصے میں لینڈ سلائیڈنگ میں ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ طوفان کے باعث جاپان میں اوکیناوا کے جنوبی جزائر میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارشیں ہورہی ہیں۔

٭…امریکی ریاست مسیسیپی کے شہر ٹیوپیلو میں سپر مارکیٹ کے اوپرچکر لگانے والا چھوٹا طیارہ بحفاظت لینڈ کرگیا، طیارے کے پائلٹ کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔طیارے کے پائلٹ پیٹرسن کے پاس پائلٹ کا لائسنس بھی نہیں تھا، اس نے طیارے کو سپرمارکیٹ پر گرانے کی دھمکی دی تھی۔

٭…نئی دلی کے علاقے راجوری گارڈن میں شادی کی تقریب جاری تھی کہ پنڈال میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے پنڈال کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔جس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ فائر فائٹرز نے اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے کا عمل شروع کیا اور 25گاڑیوں نے تقریباً ڈیڑھ گھنٹے بعد آگ پر قابو پایا۔

٭…بدھ اور جمعرات کے درمیان انڈین ریاست بہار میں آسمانی بجلی گرنے سے کم از کم 23؍افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ ان میں زیادہ تر زمیندار اور مزدور تھے۔

بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار نے ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کے لیے امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔

٭…امریکہ کی مغربی ریاست کیلی فورنیا کے جنگلات میں آگ بھڑکنے کے بعد ہزاروں افراد کو اپنے گھر خالی کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

ریاست کیلی فورنیا کا ایک ہزار ایکڑ سے زیادہ رقبہ آگ کی لپیٹ میں ہے۔ متعدد عمارتیں آگ کی زد میں ہیں جبکہ فائر ڈیپارٹمنٹ نے خبردار کیا ہے کہ آگ خطرناک رفتار سے پھیل رہی ہے۔

٭…افغانستان کے مغربی شہر ہرات کی ایک بڑی مسجد میں دھماکہ سے 18؍افراد سمیت طالبان کے حامی اور بااثر مذہبی راہنما ہلاک ہوئے ہیں۔

دھماکہ گزرگاہ نامی مسجد میں جمعے کی نماز سے پہلے ہوا جس میں امام مسجد مجیب رحمان انصاری ہلاک ہوئے ہیں۔

ہرات کے گورنر کے ترجمان حمیداللہ متوکل نے بتایا کہ دھماکے میں 18؍افراد ہلاک اور 23؍زخمی ہوئے ہیں۔

٭…امریکی ریاست کیلی فورنیا کی ڈیتھ ویلی میں ماہ ستمبر کا سب سے گرم ترین دن کا ریکارڈ بن گیا۔

ڈیتھ ویلی میں جمعرات کے روز کرہ ارض کا سب سے زیادہ درجہ حرارت 53سینٹی گریڈ رکارڈ کیا گیا۔ ماہرینِ موسمیات کے مطابق امریکی ریاستوں ایری زونا، نیواڈا اور کیلی فورنیا میں اگلے ہفتے موسم شدید گرم رہنے کا امکان ہے۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button