افریقہ (رپورٹس)

جلسہ سالانہ جماعت احمدیہ Kengeکونگو کنشاسا

(شاہد محمود خان۔ نمائندہ الفضل کونگو ، کنشاسا)

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے امسال جماعت احمدیہ Kenge، کونگو کنشاسا کو اپنا پہلا جلسہ سالانہ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ فالحمد للہ علیٰ ذلک

اس جماعت میں خدا کے فضل سے اسی موقع پر مسجد بیت الفتوح کا افتتاح بھی ہوا۔ جلسہ کا سارا انتظام مسجد سے ملحقہ کشادہ پلاٹ میں کیا گیا۔ اس پلاٹ کی زمین نا ہموار اور ریتلی تھی۔ خدام نے دو ہفتہ کا وقار عمل کر کےاس جگہ کو ہموار اور پکا کیا۔

ریجنل مبلغ سلسلہ مکرم عطاء القیوم صاحب اپنی ٹیم کے ہمراہ Kikwit سے Kenge آئے اور جلسہ کے انتظامات کو حتمی شکل دی۔ اس سلسلہ میں تمام ناظمین اور کارکنان کے ساتھ تفصیلی میٹنگ ہوئی۔

مورخہ 18؍جون کو مکرم خالد محمود شاہد صاحب امیر و مبلغ انچارج کونگو کنشاسا مکرم انس محمد موسو صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ کے ہمراہ Kenge پہنچے۔

جلسہ سالانہ کا انعقاد مورخہ 19جون 2022ء کو ہوا۔ دن کا آغاز نماز تہجد سے ہوا۔ صبح پانچ بجے مکرم امیر صاحب کی اقتداء میں نماز فجر ادا کی گئی۔ اس کے بعد لوکل معلمین کی طرف سے درس القرآن، درس حدیث اور درس ملفوظات پیش کیا گیا۔ بعد ازاں احباب کی تواضع ناشتہ سے کی گئی۔

پروگرام جلسہ

جلسہ کا باقاعدہ آغاز تقریب پرچم کشائی سے ہوا۔ مکرم امیر صاحب نے لوائے احمدیت بلند کیا جس کے بعد دعا ہوئی۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جو مکرم Alfan Mabumaصاحب لوکل معلم نے کی۔ اس کے بعد مکرم عطاء القیوم صاحب ریجنل مبلغ نے منظوم کلام پیش کیا۔ پہلی تقریر مکرم Haroon Kongoloصاحب لوکل معلم نے کی جس کا عنوان تھا جلسہ سالانہ کی اہمیت و برکات۔ بعد ازاں مکرم امیر صاحب نے جماعت احمدیہ کی تربیت کے تقاضے کے عنوان پر ایک پر اثر تقریر کی۔ اس کے بعد مجلس سوال و جواب کا انعقاد بھی ہوا۔ اس مجلس کے بعد پہلے اجلاس کا اختتام ہوا جس کے بعد نماز ظہر و عصر جمع کر کے ادا کی گئیں۔

دوسرا اجلاس

دوسرے اجلاس کا آغاز دوپہر دو بجے ہوا۔ اس اجلاس کی سب سے خاص بات یہ تھی کہ مکرم امیر صاحب نے نئی تعمیر شدہ مسجد بیت الفتوح کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ بعد ازاں جلسہ کی کارروائی کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جو مکرم عطاء القیوم صاحب ریجنل مبلغ نے کی۔ اس کے بعد مکرم Haroon Kongoloصاحب لوکل معلم نے عربی قصیدہ پیش کیا۔ اس اجلاس کی پہلی تقریر مکرم عیسیٰMusejuصاحب لوکل معلم نے مسجد کی اہمیت کے موضوع پر کی۔ پھر مکرم امیر صاحب نے تقریر کی جس میں آپ نے امام مہدی کے ظہور اور تعمیر مساجد کے حوالہ سے گفتگو کی۔ اختتامی خطاب کے بعد امیر صاحب نے مہمانان گرامی کا شکریہ ادا کیا اور دعا کروائی۔ دعا کے بعد حاضرین جلسہ کی لذیذ طعام سے تواضع کی گئی۔

حاضری

جلسہ کی حاضری 869 تھی۔ جن میں 528احمدی احباب اور 325 غیر از جماعت احباب شامل تھے۔ 25حکومتی عہدیداران نے بھی جلسہ کی کارروائی سے حظ اٹھایا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے Kengeجماعت کے علاوہ گرد و نواح کی 22دیگر جماعتوں کے احمدی و غیر احمدی احباب نے جلسہ سالانہ میں شرکت کی توفیق پائی۔ الحمد للہ علیٰ ذلک۔

میڈیا کوریج

جلسہ کی کوریج دو مقامی ریڈیو RTNKاور RKL اور ایک ٹی وی RTNCنے کی۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ منتظمین اور شاملین کے لیے اس جلسہ کو با برکت بنائے اور جماعت احمدیہ کے لیے موجب ترقیات بنائے۔آمین

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button