مجلس اطفال الاحمدیہ سوئٹزرلینڈ کے زیرِ اہتمام یومِ والدین کا انعقاد
مکرم قاسم احمد خاں سراء مہتمم اطفال الاحمدیہ سوئٹزرلینڈتحریر کرتے ہیں کہ مغربی معاشرہ میں تربیت اولاد میں درپیش مشکلات و مسائل کو مدِ نظر رکھتے ہوئے مجلس اطفال الاحمدیہ سوئٹزرلینڈ نے مورخہ 27؍اگست 2022ء کو سوئٹزرلینڈ کے وسط میں واقع شہر آراؤ کے ٹیلی کمیونٹی سنٹر جس میں مقامی جماعت آرگاؤ کا نماز سنٹر بھی قائم ہے میں یومِ والدین منعقد کرنے کی توفیق پائی۔ جس میں 15اطفال سمیت کل 42 احباب شامل ہوئے۔ پروگرام سے پہلے تمام احباب کی خدمت میں ناشتہ پیش کیا گیا۔
پروگرام کا با قاعدہ آغاز مکرم زاہد اسماعیل بٹ صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ سوئٹزرلینڈ کی صدارت میں صبح 10 بجے تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا۔ مکرم شعیب انور صاحب قائد مجلس بازل نے سورة لقمان کی آیات 13 تا 20 مع اردو اور جرمن ترجمہ پیش کیں۔ اس کے بعد خاکسار (مہتمم اطفال) نے حاضرین کو خوش آمدید کہا اور اس پروگرام کے اغراض و مقاصد بیان کیے۔
بعد ازاں اطفال کو تفریحی پروگرام کے لیے مکرم ملک جری اللہ ظفر اللہ صاحب نیشنل سیکرٹری وقفِ نو اور مکرم عارف محمود کاہلوں صاحب معتمد مجلس خدام الاحمدیہ کے ہمراہ سپورٹس گراؤنڈ میں بھیج دیا گیا، جہاں وہ فٹ بال اور دیگر کھیلیں کھیلتے رہے۔
والدین کے پروگرام میں سب سے پہلے ڈاکٹر شمیم احمد قاضی صاحب نیشنل سیکرٹری تربیت، امورِ عامہ، رشتہ ناطہ اور ماہر امراض ِاطفال نے ایک پریزنٹیشن ’’مردانہ صحت و طہارت اور بلوغت‘‘ کےعنوان سے پیش کی جس میں آپ نے نہایت عمدہ طریق پر آیاتِ قرآنِ کریم، احادیثِ نبوی ؐاور ارشاداتِ حضرت مسیح موعودؑ کی روشنی کے ساتھ ساتھ سائنسی نقطہ نگاہ سے بھی لڑکوں میں بلوغت کے دوران رونما ہونے والی ذہنی و جسمانی تبدیلیوں اور ذاتی حفظانِ صحت (ختنہ وغیرہ) کے متعلق انتہائی علمی اور جامع معلومات فراہم کیں۔
آپ کی پریزنٹیشن کے بعد محترم محمد احمد راشد صاحب سابق مبلغ انچارج سوئٹزرلینڈ (2017ءتا2019ء)، جنہیں حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی اجازت سے خاص طور پر اس پروگرام میں شامل ہونے کے لیے جرمنی سے مدعو کیا گیا تھا، نے ’’تربیتِ اولاد میں مشکلات کا حل‘‘ کے عنوان سےلیکچر پیش کیا۔ آپ نے اپنے لیکچر میں تربیت اولاد میں دوستانہ ماحول کی اہمیت اور انٹرنیٹ، سوشل میڈیا کے غلط استعمال سمیت کئی اہم موضوعات پر روشنی ڈالی۔ نیز چھوٹی عمر سے خوشگوار عائلی زندگی کے لیے تیاری اور دعا کی اہمیت بیان کی۔
محترم مربی صاحب کےلیکچر کے بعد احباب کو سوالات کرنے کا موقع دیا گیا۔ جن کے جوابات محترم نیشنل سیکرٹری صاحب تربیت اور محترم مربی صاحب نے دیے۔ سوال و جواب کے بعد محترم صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ سوئٹزرلینڈ نے دونوں معزز مہمانوں، والدین اور بچوں کا پروگرام میں شمولیت پر شکریہ ادا کیا ۔ نیز پروگرام کی انتظامیہ کا بھی شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں مکرم محمد احمد راشد صاحب مربی سلسلہ نے دوپہر ساڑھے بارہ بجے اختتامی دعا کروائی۔ جس کے بعد دوپہر کا کھانا پیش کیا گیا۔
دونوں معزز مقررین نے اپنے تاثرات کے اظہار میں والدین اور بچوں کی دلچسپی کو سراہتے ہوئے پروگرام کے انعقاد کو انتہائی مفید اور کامیاب قرار دیا اور آئندہ بھی ایسے تربیتی حوالہ سے سودمند پروگراموں کے انعقاد کے سلسلہ کو جاری رکھنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
آخر میں اللہ تعالیٰ کے حضور دعا ہے کہ وہ اس مساعی کو قبول فرمائے اور تمام شاملین کے علم و ایقان میں برکت عطا فرمائے۔ نیز مجلس اطفال الاحمدیہ سوئٹزرلینڈ کو مزید مفید اور سيدنا حضرت امير المؤمنین ایدہ الله تعالىٰ بنصره العزيز کی توقعات کے مطابق پروگرامز منعقد کرنے کی توفیق عطا کرتا چلا جائے۔ آمین