پانچویں فضل عمر تربیتی کلاس۔ خدام الاحمدیہ و اطفال الاحمدیہ سینیگال
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ یکم تا 15؍ستمبر 2022ء کو پانچویں فضل عمر تربیتی کلاس زیر اہتمام مجلس خدام الاحمدیہ و اطفال الاحمدیہ سینیگال منعقد ہوئی جس میں ملک کے 8 ریجنز میں سے 123 خدام و اطفال شامل ہوئے۔
تربیتی کلاس کی افتتاحی تقریب مورخہ یکم ستمبر کو بعد نماز عصر منعقد ہوئی جس میں حافظ عبدالقادر باء صاحب نے تلاوت قرآن کریم کی اور محمدو جالو صاحب نے فرنچ ترجمہ پڑھا۔ اس کے بعد اطفال نے عربی قصیدہ در مدح حضرت محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پڑھا۔ بعد ازاں نائب صدر صاحب خدام الاحمدیہ نے خدام و اطفال کا عہد دہرایا۔ اس کے بعد امیر و مشنری انچارچ صاحب سینیگال نے طلباء سے خطاب کیا اور دعا کروائی۔ جس کے بعد تربیتی کلاس کا باقاعدہ آغاز ہوگیا۔
دوران کلاس ہر روز نماز تہجد باجماعت ادا کی جاتی رہی اور نماز فجر اور نماز مغرب کے بعد درس بھی باقاعدگی سے ہوتا رہا اور جمعہ کو حضور انور کا خطبہ سننے کا بھی انتظام کیا جاتا رہا۔
دوران کلاس خدام اور اطفال کوہر روز یسرنا القرآن، ناظرہ قرآن کریم پڑھایا جاتا رہا اور چند سورتیں حفظ بھی کروائی گئیں۔ اس کے علاوہ چند احادیث اور دعائیں اور عربی قصیدہ (یا عین فیض اللّٰہ و العرفان) کے پہلے دس اشعار حفظ کروائے گئے۔ اسی طرح خدام اور اطفال کو ان کے عہد بھی یاد کروائے گئے۔ اس کے علاوہ درج ذیل عناوین پر خدام اور اطفال کو لیکچرز دیے گئے۔
نماز پڑھنے کا مکمل طریق، اذان، اقامت اور اذان کے بعد کی دعا، تاریخ اسلام، سیرت حضرت محمد ﷺ، سیرت صحابہ رسولﷺ، سیرت حضرت مسیح موعودؑ، سیرت خلفائے احمدیت، خلافت احمدیہ کا تعارف، جلسہ سالانہ کا تعارف، یوم مسیح موعود اور یوم مصلح موعود کا تعارف، تحریک جدید اور وقف جدید کا تعارف اور خدام اور اطفال کی ذمہ داریاں ۔
دوران کلاس تین معلمین سلسلہ طلباء کو پڑھانےاور ان کی تربیت کی ذمہ داریاں ادا کرتے رہے جو کہ 15 دن مشن میں تمام طلباء کے ہمراہ رہے۔ ان معلمین سلسلہ کے اسماء درج ذیل ہیں: آدم کاصاحب، والی جان صاحب اور مالنگ تانبا صاحب۔
دوران کلاس ہر روز طلباء نماز عصر کے بعد فٹ بال کی گیم بھی کرتے رہے۔
دوران کلاس طلباء نے مشن ہاؤس میں وقار عمل بھی کیا اور مشن ہاؤس کو صاف اور خوبصورت بنانے کے لیے خاص طور پر سعی کی۔
دوران کلاس مورخہ 14؍ستمبر کو تمام خدام اور اطفال کو ڈاکار کے دو معروف مقامات مونیما اور لیک روز (Lake Rose) پر پکنک کےلیے بھی لے جایا گیا۔ اس جھیل کی خاصیت یہ ہے کہ اس کے ایک لیٹر پانی میں 400گرام نمک ہے۔
15 دن کی کلاس کے بعد تمام خدام اور اطفال کا ایک تحریری امتحان بھی ہوا جس میں پہلی پانچ پوزیشن حاصل کرنے والے خدام اور اطفال کو اختتامی تقریب میں انعام سے نوازا گیا اور اس کے علاوہ تمام شاملین کو سند شرکت سے نوازا گیا۔
مورخہ 15؍ستمبر 2022ء کو فضل عمر تربیتی کلاس کی اختتامی تقریب منعقد ہوئی جس میں ابو باء صاحب نے تلاوت قرآن کریم پیش کی اور مصطفیٰ امبوچ صاحب نے فرنچ ترجمہ پیش کیا۔ اس کے بعد نائب صدر صاحب نے اطفال اور خدام کا عہد دہرایا۔ بعد ازاں اطفال نے اردو نظم پیش کی اور خدام نے عربی قصیدہ پیش کیا۔ اس کے بعد مکرم استاذ والی جان صاحب نے فضل عمر تربیتی کلاس کی رپورٹ پیش کی جس کے بعد اول آنے والے خدام اور اطفال کو مہمان خصوصی مکرم محمد عارف گِل صاحب (مشنری ٹوگو) نے انعامات سے نوازا۔ اس کے بعد تمام طلباء کو سند شرکت سے نوازا گیا آخر پر مہمان خصوصی نے طلباء سے مختصر خطاب کیا اور اختتامی دعا کروائی اور اس طرح یہ پروگرام اپنے اختتام کو پہنچا۔
اس کلاس میں 67 خدام اور 56 اطفال نے شرکت کی۔