دورۂ امریکہ کا دوسرا روز، منگل 27؍ستمبر 2022ء
حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا تاریخی دورۂ امریکہ 2022ء
دوسرا روز، منگل 27؍ستمبر 2022ء
شہر زائن میں مسجد فتح عظیم کی نقاب کشائی اور مینار کا سنگِ بنیاد
آج 27 ؍ ستمبر 2022ء بروز منگل حضورِ انورایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا زائن شہر میں دوسرا دن تھا۔ حضورِ انور نے مقامی وقت کے مطابق صبح پانچ بج کر پچپن منٹ پر مسجد فتح عظیم میں تشریف لا کر نمازِ فجر پڑھائی۔ احباب و خواتین اور بچوں کی ایک کثیر تعداد نمازِ فجر میں شامل تھی۔نمازیوں کی کثرت کے باعث مسجد کے علاوہ باہر متعدد مارکیاں بھی نصب کی گئی تھیں جہاں پر مسجد کے دونوں ہال اور کمرے بھر جانے کے بعد باقی احباب نے احاطہ میں لگی مارکیوں میں پیارے آقا ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی اقتدا میں نماز ادا کی۔
خدا تعالیٰ کے فضل و کرم سے آج حضورِانور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے زائن شہر میں تعمیر ہونے والی مسجد فتح عظیم کی یادگاری تختی کی نقاب کشائی فرمائی۔اس مبارک تقریب سے بہت دیر پہلے ہی احباب کی بھاری تعداد پیارے آقا کی منتظر تھی جس میں مرد، خواتین اور بچے سردی کے باوجود اس تاریخی تقریب میں شامل ہونے کی سعادت حاصل کرنے کی غرض سے جمع ہو چکے تھے۔ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز مقامی وقت کے مطابق دوپہر قریباً ایک بجے مسجد فتح عظیم میں تشریف لے گئے جہاں پر سب سے پہلے حضورِانور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزنے نمائش کا معائنہ فرمایا اورپھر مسجد کی بیرونی دیوار پر نصب یادگاری تختی کے پاس رونق افروز ہوتے ہوئے اس کی نقاب کشائی فرمائی جس کے بعد حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزنے دعا کروائی۔
بعدازاں حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مسجد کے دامن میں مینار کا سنگ بنیاد رکھا۔ یہ مینار منارة المسیح کی طرز پر تعمیر کیا جائے گا۔ اس کا تعمیری پرمٹ مل چکا ہے اور عنقریب یہ مکمل ہو کر زائن شہر کے باسیوں کو حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی الیگزینڈر ڈووی کے بارہ میں پوری ہونے والی پیشگوئیوں کی یاد دلاتا رہے گا، انشاء اللہ۔
بعد ازاں حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مسجد فتح عظیم کا معائنہ فرمایا اور پھر ڈیڑھ بجے مسجد میں تشریف لا کر نمازِ ظہر و عصر پڑھائیں۔
شام 6 بج کر 20 منٹ پر حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ساتھ احبابِ جماعت کی ملاقاتوں کا آغاز ہوا جس میں بعض خوش نصیب فیملیز کو زندگی میں پہلی مرتبہ اپنے محبوب آقا کا شرف زیارت نصیب ہوا۔ ملاقات کے دوران احباب و خواتین کے جذبات ان کے چہروں سے عیاں تھے۔ حضورِ انور نے ملاقات میں آنے والے بچوں کو از راہ شفقت چاکلیٹس عنایت فرمائے جس سے بچوں کی خوشی دیدنی تھی۔ ملاقاتوں کا یہ سلسلہ شام آٹھ بجے تک جاری رہا۔ آج ملاقاتوں کے دوران کل 32فیملیز کے 152 افراد کو جو 11 مختلف جماعتوں سے تعلق رکھتے تھے حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے شرفِ ملاقات نصیب ہوا۔ بعض فیملیز 2100 میل کی طویل مسافت طے کر کے جو کہ گاڑی پر 30 گھنٹے کا سفر بنتا ہے اپنے محبوب آقا سے ملاقات کا شرف حاصل کرنے کی غرض سے حاضر ہوئے تھے۔ ملاقاتوں کےبعد حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مسجد میں تشریف لا کر نمازِ مغرب و عشاء پڑھائیں۔
احبابِ کرام حضور پُر نور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی صحت و سلامتی کے لیے دعا گو رہیں۔ اللہ تعالیٰ ہر آن ہمارے پیارے امام ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا حامی و ناصر رہے۔ آمین
اَللّٰھُمَّ اَیِّدْ اِمَامَنَا بِرُوْحِ الْقُدُسِ
وَ کُنْ مَعَہٗ حَیْثُ مَا کَانَ وَانْصُرْہُ نَصْرًا عَزِیْزًا
(رپورٹ: سید شمشاد احمد ناصر، مطیع اللہ جوئیہ)