ریفریشر کورس نیشنل عاملہ و ریجنل قائدین مجلس خدام الاحمدیہ گنی بساو
محض اللہ تعالیٰ کے فضل اور حضور اقدس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی ہدایات کی روشنی میں مجلس خدام الاحمدیہ گنی بساو کی نیشنل عاملہ و ریجنل قائدین کا ریفریشر کورس سالانہ کیلنڈر کے مطابق 04؍ستمبر کو منعقد کیا گیا۔ الحمدللہ
پروگرام کا آغاز صبح تلاوت قرآن کریم کے سے کیا گیا۔ جس کے بعد صدر خدام الاحمدیہ محترم سالف سامبو صاحب نے عہد خدام الاحمدیہ دہرایا۔ بعد ازاں صدر خدام الاحمدیہ نے اراکین نیشنل عاملہ اور ریجنل قائدین کو خوش آمدید کہا اور انہیں ریفریشر کورس کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا۔ جس کے بعد سینئر مشنری استاد محمد سینائیکو صاحب کو مدعو کیا گیا اور انہوں نے اپنےذاتی تجربات سے آگاہ کیا اور ایک خادم کی ذمہ داری کی طرف توجہ دلاتے ہوئے چند نصائح کیں۔ بعد ازاں صابق صدر خدام الاحمدیہ محترم گلاجے ایمبالو صاحب نے اپنے ذاتی تجربات کی روشنی میں چند نصائح کیں۔
اس کے بعد جنرل سیکرٹری محترم یونس انچاسو صاحب نے دستور اساسی خدام الاحمدیہ کی روشنی میں نیشنل عاملہ اور قائدین مجالس کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی اور ہر ایک شعبہ کے متعلق تفصیلی گفتگو کی گئی اور اراکین عاملہ کو ان کے سوالات کے جوابات دیے گئے نیز سمجھایا گیا کہ کس طرح خدام الاحمدیہ اپنی ذمہ داریوں کو احسن رنگ میں نبھا سکتے ہیں۔
سوال وجواب کے سلسلے کے بعد اختتام میں محترم مشنری انچارج مولانا محمد احسن میمن صاحب کو مدعو کیا گیا تاکہ وہ عاملہ ممبرز اور قائدین مجالس کو چند نصائح کریں۔
مشنری انچارج صاحب نے حضور انور ایدہ اللہ کے ارشادات و خطابات کی روشنی میں نیشنل عاملہ کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔ نیز بتایا کہ خلیفہ وقت کو مجلس خدام الاحمدیہ اور عاملہ ممبران سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں۔ خلیفہ وقت کی نصائح کے مطابق خود کو ڈھالنے کی کوشش کر نی چاہیے اور اللہ تعالیٰ سے دعا کرنی چاہیے کہ ہر ایک ذمہ داری ہمیں اللہ کے حضور میں مزید جھکانے والی اور تقویٰ کے اعلیٰ معیار قائم کرنے والی بنائے۔ اور پیارے حضور کے ارشاد کے مطابق تمام دنیاوی رنجشوں کو دور کرکے مل کر دین کی خدمت کرنی چاہیے۔ دین کو ہمیشہ دنیا پر مقدم رکھنے کی کوشش کرنی چاہیے کیونکہ اصل بقاء اسی میں ہے۔
بعد ازاں محترم مشنری انچارج صاحب نے دعا کے ساتھ پروگرام کا اختتام کرایا۔
اللہ تعالیٰ ہمیں اپنی ذمہ داریاں احسن رنگ میں نبھانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ: مجلس خدام الاحمدیہ گنی بساو)