عالمی خبریں

خبرنامہ

(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭…شاہ چارلس سوم نے بھارتی نژاد رشي سونک کو برطانيہ کا وزيرِاعظم مقرر کر ديا، وہ برطانيہ کےپہلے غير سفيد فام اورکم عمر ترين، 57ويں وزيرِاعظم ہيں۔

پارٹي ليڈرشپ انتخابات کےآخري لمحات ميں پيني مورڈنٹ کي دستبرداري سے رشي سونک بلامقابلہ پارٹي ليڈرمنتخب ہوئے تھے۔ وزيرِ اعظم لز ٹرس نے 25؍اکتوبر کو صبح 9بجے کابينہ اجلاس کي صدارت کے بعد ڈاؤننگ اسٹريٹ کے باہر خطاب کيا اور بادشاہ چارلس کو اپنا استعفيٰ پيش کيا۔ رشي سُونک بکنگھم پيلس گئے اور بادشاہ چارلس سے ملاقات کي جہاں پر بادشاہ نے انہیں حکومت بنانے کي دعوت دي۔

برطانوي وزيراعظم رشي سونک نے کہا ہے کہ ان کي پيشرو لزٹرس نے معاشي بحالي کےلیے انتھک محنت کی اور اب مزید بحالي کے لیے مشکل فيصلے کرنے ہوں گے۔ نئي نسل کو قرضوں کے بوجھ تلے نہيں چھوڑيں گے۔ملک کو مختلف اقدامات کر کے متحد کروں گا۔ اس حکومت ميں ديانت داري ہوگي۔ عوام کا اعتماد جيتوں گا۔

واضح رہے کہ رشي سونک گذشتہ تین ماہ کے دوران برطانيہ کے تيسرے وزيرِ اعظم ہوں گے جبکہ وہ برطانيہ کے وزير خزانہ بھي رہ چکے ہيں۔

٭…بھارتي وزير اعظم نريندر مودي نے برطانيہ کے بھارتي نژاد نئے وزيراعظم رشي سونک کو مبارکباد کا پيغام ديا ہے۔ اپني ٹويٹ میں انہوں نے کہا کہ رشي سونک کو برطانيہ کا وزيراعظم بننا مبارک ہو۔ نئے برطانوي وزيراعظم کے ساتھ عالمي مسائل پر مل کر کام کرنے اور 2030ء کے روڈ ميپ پر عمل درآمد کے منتظر ہيں۔ وزيراعظم مودي نے اپنے پيغام ميں برطانيہ ميں مقيم بھارتي شہريوں کو ديوالي کي خصوصي مبارکباد بھي دي۔

٭…نومنتخب برطانوي وزيراعظم رشي سونک نے اپني کابينہ کي تقرري شروع کردي ۔سويلا بريورمين دوبارہ وزيرداخلہ کے عہدے پر تعينات کي گئي ہيں۔وہ سابق وزيراعظم لِز ٹرس کي کابينہ ميں بھي وزيرِداخلہ کے عہدے پر فائز تھيں۔ سيکیورٹي پروٹوکولز کي خلاف ورزي پر انہيں اپنے عہدے سے ہاتھ دھونا پڑا تھا۔ گرانٹ شاپس وزيرتجارت، توانائي اور صنعت۔ پيني مورڈنٹ ليڈر آف دي ہاؤس آف کامنز۔ مائيکل گوو ہاؤسنگ اور کميونيٹيز، مشيل ڈونيلين ميڈيا، ثقافت اور کھيلوں کي وزير تعينات کي گئي ہيں۔ کرس ہيٹن ہيرس سيکرٹري برائے شمالي آئرلينڈ، اليسٹر جيک سيکرٹري برائے اسکاٹ لينڈ اور ڈيوڈ ڈيوس سيکرٹري برائے ويلز تعينات ہوئے ہيں۔

٭…تہران ميں صحافيوں سے بات کرتے ہوئے ايراني صدر ابراہيم رئيسي کا کہنا ہے کہ ايران جوہري معاہدہ کي بحالي کے ليے امریکہ فيصلہ کرنے کی بجائے معاملے کو طول دے رہا ہے۔ جوہري معاہدے کے ليے اب امریکہ کو فيصلہ کرنا ہے، ليکن امریکہ اس ميں تاخير کر رہا ہے۔ايران اپنے اوپر عائد پابنديوں کا خاتمہ چاہتا ہے، ليکن امریکہ نے کچھ روز پہلے جوہري معاہدے کي بحالي مستقبل قريب ميں ممکن نہ ہونے کا کہا ہے۔

ياد رہے کہ ايران اور عالمي طاقتوں کے درميان ہونے والے 2015ء کے جوہري معاہدے سے امریکہ 2018ء ميں يک طرفہ طور پر دستبردار ہو گيا تھا، جس کے بعد ايران جوہري معاہدے کي ازسر نو بحالي کے ليے اپريل 2021ء سے کوششيں کر رہا ہے۔

٭…پاکستان کے نامور صحافي و اینکر ارشد شريف کو کينيا کے دارالحکومت نيروبي کے قريب غلط شناخت کی وجہ سے پوليس پوسٹ پر نہ رکنے کے سبب گولياں مار کر قتل کر ديا گيا۔ وہ موقع پر ہي جاں بحق ہو گئے۔ قتل کي ذمہ داري کينيا پوليس نے لي ہے۔ 23؍اکتوبر کو درج کي گئي کينين پوليس رپورٹ کے مطابق ايک اغوا کے واقعہ کي اطلاع پر روڈ بلاک کي گئي تھي۔ روڈ بلاک ہونے کي خلاف ورزي پر ارشد شريف کي کار پر فائرنگ ہوئي۔ جس کار کي اطلاع پر روڈ بلاک کي گئی تھی وہ اور ارشد شريف کي کار کي کمپني مختلف تھي۔

پاکستاني سياست دان اور دنیا کی مختلف صحافتي تنظيميں اس واقعہ کو باقاعدہ منظم قتل قرار دے کر تحقيقات کا مطالبہ کر رہي ہيں۔ وزيراعظم پاکستان شہباز شريف نے کينيا کے صدر وليم روٹو سے ٹيلي فون پر ارشد شريف کے قتل کے واقعے پر بات کي۔ کينيا کے صدر نے واقعے کي تحقيقاتي رپورٹ جلد دينے کي يقين دہائي کروائي ہے۔

سينئر صحافي و اينکر ارشد شريف کي ميت منگل کي رات اسلام آباد پہنچا دي گئي۔ ايئر پورٹ پر مقتول ارشد شريف کے اہلِ خانہ نے ان کي ميت کو وصول کيا جس کے بعد ميت اسلام آباد کے نجي ہسپتال کے سرد خانےمیں منتقل کر دي گئي۔

٭…امریکہ کي جانب سے سينئر صحافي ارشد شريف کي موت پر افسوس کا اظہار کيا گيا ہے۔ امريکي وزارت خارجہ نے ارشد شريف کيس کي صاف تفتيش و تحقيقات پر زور ديتے ہوئے کہا کہ کينيا حکومت پر زور ديتے ہيں کہ واقعے کي مکمل تحقيقات کي جائيں۔ترجمان امريکي وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ ارشد شريف کے خاندان اور ساتھيوں سے دلي افسوس کا اظہار کرتے ہيں، ارشد شريف کي موت کي مکمل معلومات منظرِ عام پر ابھي تک نہيں آئيں۔امریکہ صحافيوں کے بلا خوف کام کرنے کے حق ميں ہے، صحافي ارشد شريف کے کام سے دنيا واقف تھي، آزادي اظہار و آزادئ صحافت کے حامي ہيں، آزادئ اظہار رائے سے متعلق امریکہ کے دنيا بھر ميں مختلف پروگرام چل رہے ہيں۔ حقِ آزادئ رائے دبانے والي حکومتوں کے خلاف ايکشن بھي ليے گئے ہيں۔

٭…سابق امريکي وزير دفاع ايشٹن کارٹر انتقال کر گئے۔ وہ صدر اوباما کي انتظاميہ کے اہم رکن تھے اور 2015ء سے 2017ء تک امریکہ کے وزير دفاع رہے۔68سالہ ايشٹن کارٹر نے بطور امريکي وزير دفاع عراق اور شام ميں آئي ايس آئي ايس کے خلاف مہم ميں اہم کردار ادا کيا۔ انہوں نے محکمہ دفاع ميں پانچ ڈيموکريٹ اور ري پبليکن صدور کے ساتھ اہم ذمہ دارياں نبھائيں۔

٭…ميانمار کي رياست کاچن ميں عليحدگي پسند تنظيم کي سالانہ تقريب ميں موسيقي کے پروگرام (کنسرٹ) پر ميانمار کي فوج نے فضائي حملہ کيا۔ باغي گروپ کے ترجمان کا دعويٰ ہے کہ حملے ميں 50؍ افراد ہلاک اور 70؍زخمي ہوگئے۔ فضائي حملے ميں شہري، مقامي گلوکار اور کاچن انڈيپينڈنس آرمي کے افسران ہلاک ہوئے۔ فضائي حملے کے حوالے سے ميانمار کي فوج نے ابھي کوئي تبصرہ نہيں کيا۔

٭…شام کا دارالحکومت دمشق دھماکوں سے گونج اٹھا۔ دھماکے ممکنہ اسرائيلي حملہ کے نتيجے ميں سنائي ديے۔اسرائيل کي جانب سے ميزائل حملہ کي بھي اطلاع ہے۔ اسرائيلي جنگي جہازوں نے ايران نواز مليشيا کو نشانہ بنايا ہے۔ دوسري جانب سيرين آبزرويٹري نے بتايا ہے کہ تين روز کے دوران دمشق پر اسرائيلي جنگي جہازوں کا يہ دوسرا حملہ ہے۔ پير کي دوپہر اسرائيلي طياروں نے دمشق کے مضافاتي علاقے ديماس پرحملے کيے تھے۔ اسرائيلي حملے ميں جاني اور مالي نقصانات کے بارے ميں معلومات نہيں دي گئيں۔

٭…چين کے صدر شي جن پنگ کميونسٹ پارٹي کي مرکزي کميٹي کے مزيد پانچ سال کے ليے جنرل سيکرٹري منتخب ہو گئے، وہ تيسري مدت کے ليے چين کے صدر کا عہدہ سنبھاليں گے۔ چين کے صدر شي جن پنگ تيسري مدت کے ليے قيادت سنبھالنے والے پہلے راہنما بن گئے۔ پارٹي ارکان کي بند کمرہ ووٹنگ کے بعد شي جن پنگ کي تقرري ہوئي ہے۔ چين کي کميونسٹ پارٹي کي قيادت ميں 25؍برس ميں پہلي بار کوئي خاتون مکمل رکن نہيں ہوں گي۔

دوسري جانب چين کے صدر شي جن پنگ نے تقرري کے بعد بيجنگ ميں صحافيوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹي اور عوام کے ليے فرائض کي انجام دہي کے ليے تندہي سے کام کريں گے۔ چين دنيا کے بغير ترقي نہيں کر سکتا اور دنيا کو بھي چين کي ضرورت ہے۔ چين نے 40سال کي کوششوں کے بعد تيز اقتصادي ترقي اور طويل مدتي سماجي استحکام پيدا کيا ہے۔

٭…بنگلہ ديش ميں سمندري طوفان سترنگ سے ہلاکتوں کي تعداد 16؍ہوگئي، بلند لہروں کے باعث کشتي ڈوبنے سے 8؍افراد لاپتا ہوگئے۔ زيادہ تر اموات درختوں کے گرنے کے نتيجے ميں ہوئيں، اسي سبب ہزاروں مکانات کو نقصان پہنچا۔ طوفان کے زير اثر دارالحکومت ڈھاکا، کھلنا اور باريسال شہروں ميں بھي تيز بارش ہوئي، سمندري طوفان بنگلہ ديش کے جنوبي علاقوں سے گذشتہ رات ٹکرايا تھا۔ طوفان ٹکرانے سے پہلے ساحلي علاقوں سے دس لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر ديا گيا تھا۔

٭…فلپائن کے شمالي حصے ميں واقع جزيرے لوزون ميں چالیس کلوميٹر زيرِ زمين گہرائي ميں بدھ کو رات گئے زلزلہ آيا ہے، جس کے نتيجے ميں 6؍افراد زخمي ہو گئے۔ يورپي زلزلہ پيما مرکز کے مطابق فلپائن کے شمالي حصے ميں رات گئے آنے والے زلزے کي شدت 6.4تھي۔ زلزلے کي شدت سے ايک ہسپتال اور متعدد گرجا گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔اسکول کي عمارت اور ميئر کے دفتر ميں دراڑيں پڑنے پر انہيں سيل کر ديا گيا ہے۔ فلپائن ميں زلزلے سے متاثرہ علاقے ميں آفٹر شاکس کا سلسلہ تاحال جاري ہے۔

٭…انڈونيشيا کے مشرقي نوسا ٹينگارا صوبے کے قريب سمندر ميں کشتي ميں آگ لگنے کے واقعے ميں 14؍افراد ہلاک ہو گئے جبکہ 312؍افراد کو ريسکيو کر ليا گيا۔ مزيد افرادکي تلاش کے ليے ريسکيو آپريشن جاري ہے۔ کشتي ميں آگ لگنے کي وجوہات اور اس ميں سوار افراد کي تعداد ابھي تک معلوم نہيں ہوسکي ۔

٭…جنوبي کوريا کا مسافر بردار طيارہ لينڈنگ کے دوران رن وے سے اتر گيا۔ طيارے نے خراب موسم ميں لينڈنگ کي تھي۔ جہاز ميں سوار تمام 173؍مسافر محفوظ رہے۔فلپائن کي سول ايوي ايشن اتھارٹي کا کہنا ہے کہ ميکٹين جزيرے کے ايئرپورٹ کو غير معينہ مدت کے ليے بند کرديا گيا ہے۔

کورين ايئرلائنز کا کہنا ہے کہ ايئربس 330 نے دو بار لينڈنگ کي کوشش کي ليکن ناکام رہا، تيسري بار لينڈنگ ميں طيارہ رن وے سے ہي اتر کر قريب موجود گھاس ميں پھنس گيا تھا جس سے طيارے کے آگے کا نچلا حصہ تباہ ہوگيا ہے۔ حادثے کي وجہ سے جزيرے پر آنے والي چار پروازوں کو منيلا کي طرف روانہ کيا گيا۔

٭…بھارت کے وزير قانون کيرن رجيجو نے کہا ہے کہ برطانوي راج کے زمانے سے ملک ميں رائج 1500؍قوانين ختم کيے جائيں گے۔ دسمبر ميں ہونے والے پارليمنٹ کے اگلے سيشن ميں ان قوانين کو ختم کر ديا جائے گا۔

واضح رہے کہ بھارت کي عدالتوں ميں اس وقت 4کروڑ سے زائد کيسز زير التوا ہيں۔ گو کہ برطانوي راج کے قوانين کي وجہ سے درج ہونے والے کيسز کا حصہ بہت کم ہے ليکن حکومت چاہتي ہے کہ کسي بھي ايسے معاملے سے چھٹکارا حاصل کرليا جائے جو زير التوا کيسز کي تعداد ميں اضافے کا باعث بنے۔ برطانوي راج کے چند قوانين جو اب تک بھارت ميں رائج ہيں:

1۔ برطانوي راج ميں يہ قانون تھا کہ ٹڈي دل شہر پر حملہ آور ہو تو انہيں ڈھول بجا کر بھگايا جائے گا، دہلي ميں جس نے ڈھول نہيں بجايا اسے جرمانہ ہوگا۔

2۔ايک قانون ميں پتنگوں کو ہوائي جہاز کے مساوي قرار ديا گيا ہے لہٰذا پتنگ اڑانے کے ليے لائسنس لينے کا قانون درج ہے۔

3۔گاڑياں چيک کرنے والے انسپکٹرز کے ليے اچھي طرح دانت صاف کرنے کا قانون ہے۔

4۔دس پيسے سے زائد رقم سڑک پر پڑي ہوئي ملے تو اس کي اطلاع ڈسٹرکٹ کليکٹر کو کرنا ہوگي بصورت ديگر جرمانہ ہوگا۔

5۔برطانوي قانون نے 1855ءميں ايک ہندوستاني قبيلے ’سونتھال‘ کو غير مہذب قوم قرار ديتے ہوئے زمين کي ملکيت سے محروم رکھا، يہ قانون بھي اب تک رائج ہے۔

٭…ايران ميں دنيا کا ’ميلا ترين شخص‘ امو حاجي نصف صدي سے نہايا نہيں تھا۔ پہلي بار نہانے کے چند ماہ بعد انتقال کرگيا۔ 94 سالہ شخص کا تعلق جنوبي صوبے فارس کے گاؤں ديجگاہ سے تھا، اور وہ غيرشادي شدہ تھا۔ مقامي عہديدار کے مطابق حاجي بيمار پڑنے کے ڈر سے نہاتا نہيں تھا ليکن کچھ مہينے پہلے گاؤں والوں نے اسے زبردستي نہلا ديا۔ 2013ء ميں دنيا کے ميلے ترين آدمي پر دستاويزي فلم ’دي اسٹرينج لائف آف امو حاجي‘ بھي بنائي گئي تھي۔

٭…بھارت ميں ٹيکنيکل جائنٹ ’گوگل‘ کے خلاف سات دن ميں دوسري مرتبہ بھاري جرمانہ عائد کرديا گيا۔ اس مرتبہ گوگل پر 936 کروڑ 44 لاکھ بھارتي روپے کا جرمانہ عائد کيا گيا ہے۔ کمپٹيشن کميشن انڈيا (سي سي آئي) نے رواں ماہ 20؍اکتوبر کو گوگل پر ايک ہزار 337 کروڑ 76 لاکھ کا جرمانہ عائد کيا تھا۔ گوگل پر اينڈرائڈ ڈيوائس نظام ميں متعدد مارکيٹوں ميں اپني غالب پوزيشن کا غلط استعمال کرنے کا الزام ہے۔ سي سي آئي نے گوگل کو ہدايت دي ہے کہ وہ تمام غير منصفانہ کاروباري طريقوں سے باز رہے اور اپنے طرز عمل ميں مخصوص وقت کے اندر تراميم کريں۔

٭…برطانوي ماحولياتي کارکنان نے تيل اور گيس کے تمام نئے لائسنس اور معاہدوں کي منسوخي کے ليے احتجاج کا انوکھا مظاہرہ کيا۔ شاہي افراد کے مجسموں کے پاس پہنچ کر انہوں نے بادشاہ چارلس سوم کے مجسمے کے چہرے پر ’چاکليٹ کيک‘ پھينک ديا۔ اس موقع پر ان کي شرٹس پر ’just stop oil‘تحرير تھا۔ چہرے پر کيک پھينکنے کے بعد انہوں نے ’just stop oil‘کے نعرے لگائے اور حکومت سے مطالبہ کيا کہ حکومت تيل اور گيس کے تمام نئے لائسنس اور معاہدوں کو منسوخ کرے۔

واضح رہے کہ ’just stop oil‘کا نعرہ بلند کرتا يہ گروپ گذشتہ ايک ہفتے سے لندن ميں سرگرم ہے اور مختلف احتجاجي کارروائياں کر رہا ہے۔

ياد رہے کہ اسي گروپ کے کارکنوں نے اس سے قبل نيشنل گيلري ميں وان گو کے سورج مکھي کي پينٹنگ پر سوپ پھينکا اور ڈارٹ فورڈ برج پر چڑھائي کرنے کے بعد برج کو تقريباً دو دن کے ليے بند کرديا تھا۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button