عالمی خبریں

خبرنامہ

(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭… ڈیلاس ٹیکساس میں مقیم کشمیری راہنما راجہ مظفر کے نام وائٹ ہاؤس سے اپنی نوعیت کا پہلا اور غیر معمولی اہمیت کا حامل خط لکھا گیا ہے۔ تفصیلی خط میں صدر بائیڈن نے لکھا ہے کہ آج ہماری دنیا کو درپیش چیلنجز یہ ظاہر کرتے ہیں کہ ہم کتنے ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں اور تمام لوگوں کی تقدیریں کس طرح ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہیں۔ امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ جمہوریت کا دفاع کرنا، آزادی اور انسانی حقوق کو فروغ دینا، قانون کی حکمرانی کا احترام کرنا اور ہر شخص سے عزت کے ساتھ برتاؤ کرنا امریکہ کی خارجہ پالیسی اور امریکی معاشرے کی بنیادی اقدار کا اہم حصہ ہے۔ امریکی صدر نے دنیا کو درپیش مسائل کا حوالہ دیتے ہوئے اپنے خط میں لکھا کہ امریکہ عالمی سطح پر غیر حاضر رہنے کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ ہماری سیاسی اور معاشی قیادت کی جڑیں ہمیشہ ہماری انتہائی قابل قدر اقدار میں جڑی رہیں گی۔ ہم ہمیشہ دنیا بھر میں اپنے دوستوں اور ان لوگوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے جو بین الاقوامی امن اور استحکام کی مضبوط بنیاد کے لیے پرعزم ہیں۔وائٹ ہاؤس سے لکھے گئے خط کا متن جاری کرتے ہوئے راجہ مظفر نے کہا کہ وہ صدر بائیڈن کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے اپنا قیمتی وقت نکال کر جواب دیا، یہ اس بات کی بھی دلیل ہے کہ عالمی مسائل میں کشمیر شامل ہے اور یہ کہ صدر بائیڈن کی انتظامیہ کی جنوبی ایشیا کے سب سے خطرناک مسئلہ کشمیر پر گہری نظر ہے۔

٭… اقوامِ متحدہ کے تحت ماحولیات پر مصر میں کانفرنس 27 کا آغاز ہوگیا۔ جس میں پہلی بار ’موسمیاتی تبدیلی معاوضہ ‘ایجنڈے میں شامل ہے۔ امیر ممالک کے موسمیاتی تبدیلی کےخطرات سے متاثر غریب ممالک کو معاوضہ دینے پر بات ہوئی۔ صدر کانفرنس سامع شکری کے مطابق موسمیاتی تبدیلی کے نقصانات کا معاوضہ کانفرنس کے ایجنڈے میں ہے، نقصانات پر بات چیت میں ذمہ داری یا معاوضہ کا تعین نہیں ہوگا۔ اقوام متحدہ کی کانفرنس آف دی پارٹیز (سی او پی) کا 27واں اجلاس 18؍نومبر تک جاری رہے گا، مصر کے شہر شرم الشیخ میں ہونے والی کانفرنس میں 197؍رکن ممالک شریک ہیں۔

٭… امریکی ریاست پینسلوینیا، اوہایو، نیو یارک، نیو جرسی، ٹیکساس، مشی گن، اور ریاست مین میں وسط مدتی انتخابات کی پولنگ کا وقت ختم ہو گیا ہے اور ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے۔اس کے علاوہ جارجیا، ورجینیا، فلوریڈا، ساؤتھ کیرولائنا، اور ورماؤنٹ سمیت نیو ہیمپشائر کے کچھ علاقوں میں بھی پولنگ کا وقت ختم ہو گیا ہے اور ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع ہو گیا ہے۔واضح رہے کہ ایوان نمائندگان کی تمام 435 ،سینیٹ کی 35 نشستوں، 36 ریاستوں کے گورنروں، ریاستی اسمبلیوں اور مقامی سطح پر عوامی نمائندوں کے انتخاب کے لیے ووٹنگ ہوئی۔

٭… ایران میں کریک ڈاؤن کے دوران گرفتار دو خواتین صحافیوں پر ریاست مخالف پروپیگنڈا کرنے کے الزامات عائد کر دیے گئے۔ انتشار پھیلانے والے مظاہرین سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ ایرانی عدلیہ کے مطابق دونوں صحافیوں پر قومی سلامتی اور ملکی نظام کے خلاف پروپیگنڈے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ مقامی اخبار کے صحافیوں کو 20 اور 29؍ستمبر کو حراست میں لیا گیا تھا، ایران میں مظاہرین کے خلاف ایرانی سیکیورٹی فورسز کے کریک ڈاؤن میں اب تک سینکڑوں مظاہرین سمیت 20سے زیادہ صحافیوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔ ایرانی انسانی حقوق گروپ کے مطابق مظاہروں میں 49؍بچوں سمیت 318؍افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ 46؍سے زائد سیکیورٹی اہلکار بھی مارے گئے ہیں۔

٭… امریکہ کی طرف سے سابق وزیراعظم پاکستان عمران خان پر حملے کی ایک بار پھر مذمت کی گئی ہے۔ ترجمان نیڈ پرائس نے کہا کہ سیاست میں تشدد کی کوئی جگہ نہیں، فریقین تشدد، ہراسانی اور دھمکیوں سے احتراز کریں۔ امریکہ پاکستان کو جمہوری اور پُرامن دیکھنے کا عزم رکھتا ہے۔ گذشتہ چند روز میں پاکستان میں جو ہوا اس پر تشویش ہے، آزادئ صحافت اور رائے پر پاکستانی حکام کے ساتھ بھی بات کرتے رہیں گے۔

٭… 8؍نومبر کو بھارت کی سپریم کورٹ نے زیادتی ،قتل اور تشدد کے جرم میں ٹرائل کورٹ سے سزائے موت پانے والے تین مجرمان کو رہا کردیا۔ جنہیں 2012ء میں 19 سالہ لڑکی کے ساتھ زیادتی، تشدد اور قتل کے جرم میں ٹرائل کورٹ نے2014ء میں سزائے موت سنائی تھی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی کی ہائی کورٹ نے بھی تینوں مجرمان کی سزاؤں کو برقرار رکھا تھاتاہم سپریم کورٹ نے شک کا فائدہ دیتے ہوئے تینوں کو رہا کردیا۔ سپریم کورٹ کا کہنا تھا کہ تینوں افراد کے خلاف استغاثہ کیس ثابت کرنے میں ناکام رہا، ٹرائل میں 49گواہوں میں سےدس سے جرح نہیں کی گئی۔

٭… 8؍نومبر کو گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں شرپسندوں نے سات کمروں پر مشتمل گرلز سکول کو آگ لگا دی تھی، جس سے عمارت متاثر ہوئی تھی اور فرنیچر جل گیا تھا۔ تاہم اسی روز ہی سکول کی مرمت کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ واقعہ کا مقدمہ نامعلوم شرپسندوں کے خلاف درج کر کے علاقے میں واقع دیگر سکولوں کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ چیف سیکرٹری گلگت بلتستان کے مطابق داریل میں متاثرہ سکول کی مرمت کا کام شروع کر دیا گیا ہےاور ایک ہفتے میں سکول کو فعال کر دیا جائے گا۔

٭… چین کا سب سے بڑا ایئر شو ’چائنا انٹرنیشنل ایوی ایشن اینڈ ایرواسپیس ایگزیبیشن‘ زوہائی شہر میں شروع ہوگیا ہے جس میں چین نے اپنے جنگی طیاروں اور جدید ہتھیاروں کی نمائش کی۔ یہ پہلا موقع ہے جب چین نے اپنا اینٹی شپ ہائپرسونک میزائل متعارف کروایا ہے، یہ میزائل دو ہزار کلومیٹر سے زائد فاصلہ پر مار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ ہائپرسونک میزائل اسٹریٹجک بمبار طیارے میں نصب تھا، دفاعی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ میزائل طیارہ بردار بحری جہازوں کو تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ایئر شو میں اینٹی ڈرون کامبیٹ سسٹم بھی پہلی بار منظر عام پر آیا، اس میں انتباہی سراغ رساں سسٹم، بغیر پائلٹ کے چلنے والے آلات اور بآسانی نقل و حرکت کرنے والے ہتھیار موجود ہیں۔

٭… پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں دادو اور جامشورو میں سرد موسم نے متاثرین کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے۔ مختلف شاہراہوں پر پانی کے اخراج کے لیے لگائے گئے کٹس کی مرمت نہ ہونے سے شہریوں کو آمد و رفت میں شدید دشواری کا سامنا ہے۔بچوں کے کھانے اور جانوروں کے چارے کی کمی کا سامنا ہے۔ واضح رہے کہ کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش کے بعد سردی میں اضافہ ہونے لگا ہے۔

٭… نیپال اور بھارت میں 9؍نومبر کو مقامی وقت کے مطابق رات 2بجے کے قریب زلزلے کے شدید جھٹکوں کی وجہ سے لوگ اپنے گھروں سے باہر نکل آئے، گھروں کی چھتیں گرنے سے متعدد افراد زخمی جبکہ 6؍افراد جاں بحق ہوگئے۔زلزلہ پیما مرکز نے اس کی شدت 6.3ریکارڈ کی، زلزلے کا مرکز نیپال کا علاقہ منی پور تھا جبکہ اس کی گہرائی دس کلومیٹر تھی۔ بھارت میں اترپردیش اور اتراکھنڈ کے علاوہ دیگر ریاستوں میں زلزلے کی وجہ سے لوگوں کے گھروں میں دراڑیں پڑ گئیں۔ نیپال کے نیشنل سیسمولوجیکل سینٹر نے تصدیق کی ہے کہ نیپال میں گذشتہ 24گھنٹوں میں تیسری مرتبہ زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔

٭… کینیا وائلڈ لائف سروس کی جاری کردہ رپورٹ کے حوالے سے بتایا ہے کہ کینیا میں مشرقی افریقہ میں دہائیوں کی بدترین خشک سالی کے دوران کینیا کے جنگلی حیات کے تحفظات میں ہاتھیوں اور خطرے سے دوچار گریوی زیبرےسمیت سینکڑوں جانور ہلاک ہو چکے ہیں۔ ماہرین نے گذشتہ 9ماہ کے دوران 205ہاتھیوں512جنگلی جانوروں، 381زیبرے، 51 بھینسوں اور 12 زرافوں کی اموات ریکارڈ کی ہیں۔ واضح رہے کہ کینیا کے اکثر علاقوں میں گذشتہ دو سالوں کے دوران یا تو انتہائی کم بارش ہوئی یا بالکل بھی نہیں ہوئی جس نے کینیا کے باشندوں، مال مویشی اور جنگلی حیات کو شدید متاثر کیا ہے۔

٭… 8؍نومبر کو مشرقی ایشیا، آسٹریلیا، بحرالکاہل اور شمالی امریکہ میں چاند گرہن کا نظارہ کیا گیا۔رواں سال مئی میں پہلا مکمل چاند گرہن لگا تھا جبکہ یہ مکمل چاند گرہن رواں سال کا دوسرا اور آخری مکمل چاند گرہن تھا۔ ناسا کے مطابق، مکمل چاند گرہن مجموعی طور پر ہر ڈیڑھ سال میں تقریباً ایک بار لگتا ہے لیکن یہ وقفہ مختلف بھی ہوسکتا ہے، جیسے کہ اس سال زمین کے مختلف حصّوں میں دو بار مکمل چاند گرہن کا نظارہ کیا گیا لیکن اب آگے 14؍مارچ 2025ء تک کوئی مکمل چاند گرہن متوقع نہیں ہے۔ واضح رہے کہ مکمل چاند گرہن لگنے پر چاند سرخ رنگ کا نظر آتا ہے، اور اسی لیے اسے بلڈ مون یعنی سرخ چاند کہا جاتا ہے۔

٭… ٹوئٹر کے نئے سربراہ ایلون مسک نے ذمہ داریاں سنبھالتے ہی بھارت کے مختلف شہروں میں قائم دفاترمیں 90 فیصد سے زائد ملازمین کو فارغ کردیا۔ اور بلو ٹک سبسکرپشن عائد کرنے کے ساتھ ہی چند بڑے اقدامات کیے ہیں۔ بھارت سے ملازمین کو فارغ کرنے کا آغاز گذشتہ ہفتے کیا تھا جب انہوں نے ٹوئٹر کے سی ای او پراگ اگروا سمیت کئی ٹاپ ایگزیکٹو کو فارغ کیا تھا۔ انجینئرنگ، مارکیٹنگ ، سیلز اور کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ میں بڑے پیمانے پر برطرفیاں کی گئی ہیں ۔

٭… قطر فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی کرنے والا مشرقِ وسطیٰ کا پہلا ملک ہے جو 20؍نومبر سے 18؍دسمبر کے درمیان جاری رہے گا۔ قطر دنیا کے سب سے بڑے فٹبال ایونٹ کے شائقین کا بہترین انداز میں خیر مقدم کر رہا ہے۔ قطر ٹورنامنٹ کے آغاز سے قبل احادیث نبویؐ کی نمائش کرکے دنیا بھر سے قطر آنے والے فٹبال کے شائقین کو’اسلام‘سے بھی متعارف کروارہا ہے۔نیک اعمال، خیرات، اور رحم کرنے کے بارے میں نبی کریمﷺ کی احادیث پر مشتمل بہت ساری پینٹنگز کو قطر کی سڑکوں پر آویزاں کیا گیا ہے۔

٭… سعودی وزارتِ دفاع کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ سعودی فضائیہ کا فائٹر طیارہ ایف 15 ایس ٹریننگ مشن کے دوران تکنیکی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہوا ہے۔ حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔طیارے میں سوار دونوں اہلکار طیارہ گرنے سے پہلے نکل گئے تھے۔

٭… بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں فضائی آلودگی برقرار ہے۔ جس کے سبب غیر ضروری کاروں اور ٹرکوں کی نوئیڈا سے دلی میں داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ سموگ کے باعث دہلی کے شہری سانس لینے میں مشکلات اور آنکھیں جلنے کی شکایات بھی کر رہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ قریبی ریاستوں میں فصلوں کی باقیات جلانے سے دہلی کی فضائی آلودگی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button